مفت میں ملا تو کیا ہوا فالتو نہیں ہے یہ، دہی کے پانی کو اس خاص طریقے سے استعمال کر کے دیکھیں اور دعائيں دیں

image
 
دہی ہمارے گھر میں استعمال کی جانے والی ایسی چیز ہے جس کے فوائد سے تو سب ہی لوگ واقف ہوں گے لیکن اگر یہی دہی کچھ وقت تک پڑا رہے تو پانی چھوڑنا شروع کر دیتا ہے- قدرے ترش ذائقے والے اس پانی کا واحد استعمال جو ہمارے گھروں میں عام طور پر کیا جاتا ہے وہ اس دہی کے پانی سے مشہور ولذیذ ترین ڈش کڑی کی تیاری ہوتی ہے۔
 
دودھ دہی کی دکان سے مفت میں ملنے والے اس پانی سے ایک جانب تو کڑی کی ڈش کو ترش بنایا جا سکتا ہے اور دوسری جانب اس سے کڑی کی مقدار بھی بڑھائی جا سکتی ہے- مگر آج ہم آپ کو بتائيں گے کہ دہی کا یہ پانی اگرچہ مفت میں مل جاتا ہے مگر یہ بے پناہ فوائد کا حامل ہونے کے ساتھ ساتھ اس کا استعمال مختلف انداز میں کیا جا سکتا ہے-
 
دہی کے پانی کے فوائد
اس میں معدنیات ،امائنو ایسڈ وٹامن کا ایک خزانہ پوشیدہ ہوتا ہے جو کہ انسانی صحت کے لیے بہت مفید ہوتا ہے یہ وزن کم کرنے میں مدد دینے کے ساتھ ساتھ انسان کے پٹھوں اور ہڈيوں کو طاقت فراہم کرتا ہے-
 
اس پانی کو دہی سے الگ کرنے کے بعد کسی ائیر ٹائٹ برتن میں رکھ کر فریج میں رکھنے سے 4 سے 5 دن تک اس کو محفوظ رکھا جا سکتا ہے اور اس کو بوقت ضرورت استعمال کیا جا سکتا ہے-
 
image
 
دہی کے پانی کو مختلف انداز میں استعمال کا طریقہ
دہی کے پانی کو کڑی کے علاوہ مختلف انداز میں استعمال کے طریقے کچھ اس طرح سے ہیں-
 
روٹی کو نرم بنانے کے لیے
اگر آپ چاہتے ہیں کہ پکائی جانے والی روٹی طویل وقت تک نرم رہے تو اس کے لیے آٹا گوندھتے ہوئے عام پانی کے بجائے دہی کے پانی سے گوندھا جائے تو اس سے ایک جانب روٹی کی لذت میں اضافہ ہو جاتا ہے اور دوسری جانب روٹی دیر تک نرم بھی رہتی ہے-
 
پھلوں کے رس کے ساتھ استعمال
عام طور پر پھلوں کے رس میں جب پانی کی آمیزش کی جاتی ہے تو اس سے اس کے ذائقے اور طاقت میں کمی واقع ہوجاتی ہے مگر چونکہ دہی کا پانی عام پانی سے زيادہ طاقت اور توانائی رکھتا ہے تو اس پانی کا ان پھلوں کے رس کے ساتھ استعمال اس کو مذید مفید بنا دیتا ہے-
 
بیکنگ کے دوران استعمال
عام طور پر بیکنگ کے دوران عام پانی کے مقابلے میں دہی کے پانی کا استعمال بیکنگ کے عمل اور اس سے جڑی چیزوں کی تیاری کو زیادہ لذیذ بنا دیتا ہے۔ کیک اور دوسری اشیا کی تیاری کے دوران دہی کا پانی ان کی طاقت کو مزيد بڑھا دیتا ہے-
 
image
 
سوپ کی تیاری میں استعمال
سردی کا موسم ہے اور اس موسم میں سوپ تو سب ہی لوگ تیار کرتے ہیں لیکن اس سوپ میں اگر دہی کے پانی کا استعمال کیا جائے تو یہ نہ صرف سردی سے لڑنے کی طاقت فراہم کرتا ہے بلکہ سوپ کی لذت میں بھی اضافہ کر دیتا ہے-
 
امید ہے کہ اب آپ لوگ مفت میں ملنے والے اس دہی کے پانی کو ضائع کرنے کے بجائے مختلف انداز میں اس کو استعمال کر کے اس سے ڈھیروں فائدے حاصل کر سکیں گے-
YOU MAY ALSO LIKE: