|
|
انڈیا کے شہر بنگلورو میں پولیس نے پیر کے روز ایک 19
سالہ پاکستانی خاتون کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو مبینہ طور پر اپنے
بوائے فرینڈ سے شادی کرنے نیپال گئیں اور وہاں سے غیر قانونی طور پر انڈیا
میں داخل ہوئی تھیں۔ |
|
پولیس نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ خاتون کی شناخت اقرا
جیوانی کے نام سے ہوئی ہے جنہوں نے اپنا نام بدل کر راوا یادو رکھ لیا ہے۔ |
|
ان کے شوہر 26 سالہ ملائم سنگھ یادو جن کا تعلق ریاست
اتر پردیش سے ہے، کو بھی جیوانی کو پناہ دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا
ہے۔ |
|
یہ گرفتاریاں ریاستی خفیہ ایجیینسیوں کو یہ اطلاع موصول ہونے کے بعد ہوئیں
کہ ایک پاکستانی شہری درست دستاویزات کے بغیر انڈیا میں داخل ہوا ہے اور وہ
بنگلورو میں مقیم ہے۔ |
|
ریاستی خفیہ ایجیینسیاں اس وقت حرکت میں آئیں جب مبینہ طور پر جیوانی
پاکستان میں اپنے رشتے داروں سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔ |
|
بنگلور کے اس متعلقہ تھانے کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایس گریش نے بی بی سی کو
اس خبر کی تصدیق کی ہے۔ |
|
انھوں نے کہا کہ جیوانی حیدرآباد (پاکستان) سے کراچی فلائیٹ سے آئیں، وہاں
سے دبئی گئیں اور پھر وہاں سے کھٹمنڈو تک کا سفر کیا۔ |
|
افسر نے بتایا کہ انھیں لانے کے لیے ’یادو کھٹمنڈو گئے اور انھیں انڈیا لے
کر آئے۔‘ |
|
انھوں نے مزید کہا کہ یادو نے ہی ان کے سفر کے لیے آن لائن ٹکٹس بک کیے تھے۔ |
|
اتنا طویل سفر عام طور پر کافی مہنگا ہوتا ہے۔ افسر نے بتایا کہ وہ یہ
جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ انھوں نے یہ رقم کہاں سے اور کیسے حاصل کی۔ |
|
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس جیوانی کے پسِ منظر کی تصدیق کر رہی ہے تاکہ
یہ معلوم کیا جا سکے کہ ’آیا وہ جاسوسی کے مقصد سے تو نہیں آئیں ہیں۔‘ |
|
پولیس افسر نے کہا کہ وہ ابھی تک اس کی تصدیق یا تردید نہیں کر سکتے کیونکہ
تحقیقات جاری ہیں۔ |
|
پولیس کے مطابق لڈو کے شوقین یادو کی جیوانی سے ملاقات ایک موبائل گیمنگ
ایپلی کیشن پر ہوئی اور ان دونوں کو محبت ہو گئی۔ |
|
یادو کو معلوم نہیں تھا کہ جیوانی پاکستان سے ہیں۔ بعد میں جب انھیں معلوم
ہوا کہ وہ پڑوسی ملک میں حیدرآباد سے ہیں تو انھیں نیپال کے شہر کھٹمنڈو
آنے کو کہا، جہاں ہندو رسومات کے مطابق دونوں نے شادی کی۔ |
|
شادی کے بعد وہ دونوں سرحد عبور کر کے انڈیا کی شمالی ریاست بہار پہنچے۔ |
|
|
|
گذشتہ سال 28 ستمبر کو یادو جیوانی کے ساتھ جنوبی انڈیا
میں ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو واپس آئے، جہاں وہ کرائے پر رہتے تھے اور
سات سال سے ایک سیکورٹی گارڈ کے طور پر کام کر رہے تھے۔ |
|
ان کے مکان مالک گووندا ریڈی کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا
گیا ہے۔ |
|
پولیس کے مطابق یادو نے جیوانی کے نام کا آدھار کارڈ (مرکزی
حکومت کے ذریعے جاری کردہ ایک طرح کا شناختی کارڈ) بھی بنوا دیا تھا۔ |
|
پولیس نے کہا ہے کہ فارینرز ایکٹ اور آئی پی سی کے تحت
ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ |
|
جیوانی کو بنگلورو میں ’فارینرز ریجنل رجسٹریشن
آفس (ایف آف آر آر او) کے سامنے پیش کیا گیا جہاں پر لمبے وقت کے لیے
انڈیا میں مقیم غیر ملکی کو دو ہفتے کے اندر اپنی تفصیلات جمع کرانا لازمی
ہے۔ |
|
پولیس افسر نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ایک بار جب مناسب
طریقہ کار مکمل ہو جائے گا، تو انھیں پاکستان واپس بھیج دیا جائے گا۔‘ |
|
حالانکہ محبت میں انڈیا پاکستان سرحد عبور کرنے کا یہ اس
طرح کا پہلا معاملہ نہیں ہے۔ دونوں ممالک سے مرد اور عورتیں اکثر سرحد عبور
کرنے کے لیے بے پناہ خطرہ مول لیتے ہیں۔ |
|
|
|
سنہ 2022 میں بھی ایک پاکستانی خاتون کے نیپال کے راستے
اسی طرح انڈیا جانے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ انڈین بارڈر سکیورٹی فورسز نے
اس کیس میں ملوث مرد اور دو دیگر رشتہ داروں کو گرفتار کر لیا تھا۔ |
|
فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی اس خاتون کو حیدرآباد کے
ایک انڈین شخص سے محبت ہو گئی تھی اور وہ اس شخص کے بھائی اور نیپالی دوست
کی مدد سے ان کے شہر پہنچنے کی کوشش کر رہی تھیں۔ |
|
سنہ 2022 میں ہی راجستھان کی ایک خاتون کو آن لائن لڈو
کھیلتے ہوئے ایک پاکستانی شخص سے پیار ہو گیا تھا، اور انھیں واہگہ بارڈر
کے قریب گرفتار کیا گیا تھا جب کہ وہ اس شخص سے ملنے کے لیے مبینہ طور پر
سرحد عبور کرنے والی تھیں۔ |
|
دسمبر 2021 میں پاکستان کے شہر بہاولپور کے 21 سالہ
رہائشی محمد احمر نے ممبئی میں اپنی محبوبہ سے ملنے کی خاطر غیرقانونی
طریقے سے سرحد عبور کی تھی لیکن اپنی منزل پر پہنچنے کے بجائے انڈیا کے ایک
صحرائی ضلع میں انڈین سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں پکڑے گئے۔ |
|
سنہ 2012 میں ایک انڈین شہری حامد انصاری کو ایک
پاکستانی خاتون سے محبت ہو گئی تھی اور وہ مبینہ طور پر افغانستان کے راستے
پاکستان چلے گئے۔ انھیں جعلی پاکستانی شناختی کارڈ کے ساتھ پکڑا گیا تھا
اور جاسوسی کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔ وہ 2018 میں رہا ہوئے۔ |
|
Partner Content: BBC Urdu |