بالوں کے ساتھ ساتھ جلد کو بھی چمکا دیں، سرسوں کے تیل کے کچھ ایسے فوائد جن کے بارے میں کم لوگ جانتے ہیں

image
 
سرسوں کے تیل کا استعمال ہمارے گھرانوں میں صدیوں سے رائج ہے۔ اکثر افراد اس کو گھر کی مرغی دال برابر سمجھتے ہوئے اس کے استعمال کو اولڈ فیشن سمجھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بالوں کو لمبا کرنے کے لیے مہنگے شیمپو اور کنڈيشنر تو خرید لیں گے۔ جلد کو چمکانے کے لیے مہنگے پارلر سے ٹریٹنمٹ تو کروا لیں گے مگر گھر پر موجود سرسوں کے تیل کا استعمال نہیں کریں گے-
 
سرسوں کے تیل کے بالوں کے لیے فوائد
وقت سے پہلے بالوں کی سفیدی
وقت سے قبل بالوں کی سفیدی کو روکنے کا دعویٰ تو بہت لوگ کرتے ہیں مگر اس کے لیے سرسوں کے تیل سے بہتر کچھ اور نہیں ہوتا ہے- سرسوں کے تیل میں وٹامن، معدنیات، فولاد کیلشیم اور فیٹی ایسڈ موجود ہوتے ہیں- اس کے علاوہ اس میں بیٹا کیروٹین بھی موجود ہوتا ہے جو کہ وٹامن اے میں تبدیل ہوجاتا ہے جس سے بالوں کو صحت ملتی ہے اور قبل از وقت سفیدی کا عمل رکتا ہے اس کے لیے ہفتے میں کم از کم دو بار باقاعدگی سے سرسوں کے تیل کی بالوں پر مالش کرنا مفید ہوتا ہے-
 
بالوں کو گرنے سے روکے
بالوں کا گرنا مرد ہو یا عورت سب ہی کو پریشان کر دیتا ہے جس کو روکنے کے لیے سرسوں کے تیل میں ہم وزن زيتون کا تیل اور ناریل کا تیل شامل کر دیں اور ہفتے میں ایک بار اس سے سر پر مساج کریں اور اس کے بعد تین سے چار گھنٹوں کے لیے اس کو بالوں پر لگا رہنے دیں اور اس کے بعد شیمپو کر لیں۔ کچھ ہی دنوں میں بالوں کا گرنا بند ہو جائے گا تاہم اگر بال نہیں بھی گر رہے تو اس کا استعمال بالوں کی صحت اور چمک دمک میں اضافہ کرتا ہے-
 
image
 
سرسوں کے تیل کے جلد کے لیے فوائد
سرسوں کے تیل کے صرف سر کے بالوں کے لیے ہی نہیں بلکہ جلد کے لیے بھی بہت سارے فوائد ہیں جو کچھ اس طرح سے ہیں-
 
دھوپ سے جلد کی رنگت کی خرابی کو دور کرنا
عام طور پر دھوپ میں باہر نکلنے سے جلد کی رنگت ماند پڑ جاتی ہے جس کو واپس نارمل حالت میں لانا آسان نہیں ہوتا ہے- اس کو دوبارہ نارمل حالت میں لانے کے لیے سرسوں کا تیل اور ناریل کا تیل ہم وزن لے کر اچھی طرح ملا لیں اور اس سے متاثرہ جلد پر نرم ہاتھوں سے 10 سے 12 منٹ تک مساج کریں اور اس کے بعد ویٹ ٹشو سے اس کو اچھی طرح سے صاف کر لیں- جلد کی رنگت قدرتی طور پر نہ صرف بحال ہو جائے گی بلکہ اس کی چمک دمک میں بھی اضافہ ہو جائے گا-
 
چھائيوں کو دور کرنے کے لیے
چھائيوں کو دور کرنے کے لیے ایک چمچ بیسن لے لیں اس میں چند قطرے شہد اور تھوڑی سی مقدار میں سرسوں کے تیل کو اس طرح ملا لیں کہ ایک پیسٹ بن جائے اس پیسٹ کو ہلکے ہاتھوں سے چہرے پر لگائيں اور اس کے بعد نیم گرم پانی سے اس کو دھو لیں یہ عمل ہر روز سونے سے قبل کریں- کچھ ہی دنوں میں چھائيوں کا رنگ ہلکا ہونے لگے گا اور وہ غائب ہو جائيں گی-
 
image
 
ہونٹوں کی خشکی دور کرنے کے لیے
عام طور پر سرد موسم میں ہونٹ خشک ہو کر پھٹنے لگتے ہیں اگر ہونٹوں کو نرم اور خوبصورت بنانا ہے تو اس کے لیے سرسوں کے تیل کے کچھ قطرے اپنی ناف میں لگائيں- روزانہ صبح یہ عمل کرنے سے ہونٹ نرم اور نازک ہو جائيں گے- سرسوں کے تیل کے یہ استعمال اگرچہ کم قیمت بھی ہیں اور ان کے فوائد بھی بہت زيادہ ہیں-

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

YOU MAY ALSO LIKE: