چین آبادی کے اعتبار سے دنیا کا بڑا ملک ہے جہاں 1.4 ارب
سے زائد لوگ بستے ہیں۔یہاں آباد چھپن قومیتیں ثقافتی تنوع کے اعتبار سے ملک
کو ایک ایسےخوبصورت گلدستے میں ڈھال دیتی ہیں جس میں ہر رنگ کے پھول کی ایک
الگ پہچان ،خوشبو اور جداگانہ اہمیت ہے ، متنوع ثقافتوں کے باوجود چینی
سماج کی سب سے بڑی خوبی "اتحاد و اتفاق" ہے جو اسے دیگر دنیا سے ممتاز کرتی
ہے۔ ملک کے مختلف صوبوں اور علاقوں میں بسنے والی تمام قومیتیں آپس میں
یکجہتی اور ہم آہنگی کی خوبصورت تصویر پیش کرتی ہیں اور روایتی تہواروں کے
موقع پر چین کا یہ دلکش رنگ مزید نکھر کر سامنے آتا ہے۔
اسی حوالے سے پانچ فروی کو ملک بھر میں لالٹین فیسٹیول کے حوالے سے انتہائی
جوش و خروش دیکھا گیا ہے۔لالٹین فیسٹیول چینی قمری کیلنڈر کے پہلے مہینے کے
15 ویں دن منایا جاتا ہے۔یہ روایتی تہوار ، جشن بہار کی تقریبات کے اختتام
کا اشارہ ہوتا ہے ، اور تہوار کے ماحول کو فائنل کلائمکس پر لے لاتا ہے۔اس
تہوار کے موقع پر لالٹین شو، لالٹین سے متعلق پہیلیاں بوجھنا، میٹھے پکوان
کھانا اور دیگر لوک سرگرمیاں شامل ہیں جبکہ قدیم چین میں اسے ویلنٹائن ڈے
کے طور پر بھی سمجھا جاتا تھا.
روایات کے مطابق قدیم زمانے میں چینی لوگوں بالخصوص بڑے گھرانوں کی نوجوان
خواتین کی رات کو نقل و حرکت محدود ہوا کرتی تھی۔دو ہزار سال سے بھی زائد
عرصہ پہلے ، ہان شاہی دور (206 قبل مسیح تا 24 عیسوی) کے دوران ، شہنشاہ
وین نے یہ فرمان جاری کیا کہ پہلے قمری مہینے کا 15 واں دن لالٹین فیسٹیول
کے لئے وقف کیا جائے۔یوں لالٹین فیسٹیول نے نوجوان خواتین کو ایسا ماحول
فراہم کیا کہ وہ رات میں اپنے گھروں سے باہر نکل سکیں،اس طرح رات کے وقت
لالٹین دیکھتے ہوئے نوجوان خواتین کو اپنے جیون ساتھی کی تلاش کا موقع اور
رومانوی ماحول سے لطف اندوز ہونے کا بھی موقع ملا۔لالٹین سے متعلق پہیلیاں
بوجھنے سے بھی نوجوانوں کو ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کرنے اور ایک دوسرے
کے بارے میں مزید جاننے کا موقع ملا.یوں ہزاروں سالوں سے، لالٹین فیسٹیول
کے دوران شروع ہونے والی متعدد محبت کی کہانیاں ہیں.
لالٹین فیسٹیول کے موقع پر چینی لوگوں کے خوشگوار لمحات کو چند سرگرمیوں
میں سمویا جا سکتا ہے۔
1. لالٹین دیکھنا
یہ روایت ہے کہ چینی لوگ اپنے گھروں اور گلیوں میں ہر جگہ لالٹین لٹکاتے
ہیں ۔ لالٹینوں میں مختلف کرداروں کی عکاسی کی جاتی ہے ، جیسے اڑتے ہوئے
پرندے اور آتش بازی وغیرہ وغیرہ ،اس کا مقصد خوشی کا ماحول دکھانا ہوتا ہے۔
لوگ اپنے گھروں سے باہر آتے ہیں اور خوبصورت مناظر کی تعریف کرتے ہیں۔
2. لالٹین پہیلیوں کا بوجھنا
لالٹینوں پر لکھی گئی پہیلیاں دانشمندی کی ترغیب دیتی ہیں اور تہوار کے
ماحول کو مزید جاندار بناتی ہیں، لہذا بہت سے لوگ اسے بہت پسند کرتے ہیں۔
لالٹین پہیلیوں کا بوجھنا آہستہ آہستہ لالٹین فیسٹیول کا ایک لازمی حصہ بن
چکا ہے۔
3. ڈریگن لالٹین رقص
چینی لوگ ڈریگن کو خوش قسمتی کی علامت سمجھتے ہیں۔ فیسٹیول کے موقع پر چینی
لوگ ڈریگن لالٹین رقص پیش کرتے ہیں اور نئے سال کے اچھے موسم اور امن کی
نیک تمنائیں ظاہر کرتے ہیں۔
4. لائن ڈانس
لائن ڈانس یا شیر کا رقص بھی ڈریگن لالٹین رقص کی طرح ہے ، جو نیک خواہشات
اور خوش قسمتی کی علامت ہے۔
5. یوآن شیاؤ کھانا
چینی لوگ فیسٹیول کے موقع پر یوان شیاؤ لازمی کھاتے ہیں۔اسی میٹھی ڈمپلنگ
بھی کہا جاتا ہے۔ عام طور پر لوگ گھر میں خود یوان شیاؤ بناتے ۔
اسی طرح لالٹین فیسٹیول کے موضوعات کے ساتھ بہت سی رومانوی نظمیں پرجوش
محبت اور گہرے خیالات کی عکاسی کرتی ہیں۔ سونگ خاندان (420-479 عیسوی) میں
عظیم شاعر شین چھی جی کی ایک نظم لالٹین فیسٹیول میں ایک محبت کی کہانی کی
عکاسی کرتی ہے:
لیکن ہجوم میں ایک بار پھر
میں اسے بے کار تلاش کرتا ہوں
اچانک جب میں مڑتا ہوں،
میں اسے وہاں پاتا ہوں جہاں لالٹین کی روشنی دھیمی ہوتی ہے۔
|