فالج آپ کو ساری عمر کے لیے معذور بھی کر سکتا ہے، فالج سے ایک ہفتہ قبل سامنے آنے والی نشانیاں جان کر اس سے بچیں

image
 
ہم میں سے کئی لوگ جانتے ہیں کہ فالج ایک جان لیوا مرض ہے۔ لیکن چند ہی اس بات سے آگاہ ہوں گے کہ فالج کا خطرہ عمر کے کسی بھی حصے سے تعلق رکھنے والے افراد کو ہوسکتا ہے۔ سینٹر برائے ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے مطابق امریکہ میں ہر چالیس سیکنڈ میں ایک شخص فالج کے حملے کا شکار ہوتا ہے اور تقریبا ساڑھے تین منٹ کے دوران ان افراد میں سے کسی ایک کی موت واقع ہوجاتی ہے۔
 
فالج کیا ہوتا ہے؟
طبی اصطلاح میں فالج دماغ میں موجود نالی کی بندش یا کوئی رگ پھٹنے اور خون اکٹھا ہونے کے باعث ہوتا ہے جس سے باقی خلیوں کو آکسیجن نہیں ملتی۔
 
فالج سے کیسے بچا جا سکتا ہے؟
فالج کو جتنا جلد پکڑ لیا جائے اتنا ہی اس کا علاج زیادہ مؤثر طریقے سے کیا جاسکتا ہے اور دماغ کو ہونے والا نقصان اتنا ہی کم ہوتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق اگر آپ چند ایک نشانیاں کسی بھی فرد میں دیکھیں یا خدانخواستہ خود اپنے اندر محسوس کریں تو فورا ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
 
 شدید سر درد
شدید سر درد فالج کی علامات میں سے ایک ہے۔ ماہر امراض قلب سنجیوو پٹیل کے مطابق سر درد دماغ میں کسی رگ سے خون رسنے کے نتیجے میں بھی ہوسکتا ہے۔ اگر سر درد شدت پکڑ رہا ہو اور کسی صورت کم نہ ہو تو فورا ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
 
image
 
سانس لینے میں دشواری
سینے میں درد ہونا صرف ہارٹ اٹیک نہیں بلکہ فالج کہ علامت بھی ہے۔ اگر مسلسل سانس کی کمی اور سینے میں درد محسوس ہو تو طبی امداد حاصل کریں۔
 
جسم کا سن ہو جانا یا ایک جانب سے چہرے کا ڈھلک جانا
اگر یک دم آپ کے جسم کا ایک حصہ سن ہو جائے یا بلکل حرکت کرنے سے قاصر رہے تو بنا کسی انتظار کے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔امریکن اسٹروک ایسوسی ایشن کے مطابق جسم کے ایک حصے کا سست پڑنا یا سن ہوجانا ایک واضح علامت ہے۔ اسی طرح اگر آپ چہرے میں ایک جانب جھکاؤ محسوس کریں یا بات کرنے میں دقت ہو تو اسے بھی فالج کی علامات میں سے ایک کہا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق آپ کے چہرے سے جڑی نسوں میں خون کی روانی متاثر ہونے کے سبب اس طرح ایک جانب سے چہرا ڈھلک جاتا ہے۔ جس کے لیے فوری طبی مدد حاصل کرنی چاہیے۔
 
ایک یا دونوں آنکھوں سے دیکھنے میں دشواری ہونا
فالج کی ایک علامت نظر کا کمزور ہونا بھی ہے۔ کچھ حالات میں یا تو نظر کی صلاحیت کسی حد تک کم ہوتی ہے جبکہ بعض حالات میں مکمل طور پر مریض بینائی کھو دیتا ہے۔ اگر آپ دیکھنے میں دھندلاپن محسوس کریں تو اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
 
 کھانا نگلنے میں دشواری یا قے ہونا
ڈسفیجیا اس حالت کو کہا جاتا ہے جب آپ کو کھانا نگلنے میں دشواری ہو۔ اور یہ فالج کی علامات میں سے ایک ہے کیونکہ اسی دوران آپ کی دماغ کی نسیں اپنا کنٹرول کھو دیتی ہیں اور کھانا کس طرح چبانا ہے یا نگلنا ہے اس عمل کو انجام دینے سے قاصر ہوجاتی ہیں۔
 
image
 
فالج کی دیگر علامات یہ ہیں:
- باتیں بھول جانا یا سمجھنے میں دقت ہونا
- جسمانی توازن برقرار رکھنا مشکل ہونا
- چلنے میں لڑکھڑاہٹ محسوس کرنا
- مسلسل ہچکی آنا
- ذہنی تناؤ اور برتاؤ میں تبدیلی
 
 ان میں سے کوئی ایک یا ساری علامات کے ظاہر ہوتے ہی اگر فوری طور پر طبی امداد کے لیے رجوع کیا جائے تو آپ اپنی یا کسی فرد کی زندگی بچا سکتے ہیں۔

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

YOU MAY ALSO LIKE: