یا اللہ مجھ سے میری یہ پہچان چھین لے، ایسا کیا ہوا تھا جس نے جنید جمشید کو یہ دعا کرنے پر مجبور کر دیا

image
 
اسی کی دہائی سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے جنید جمشید اور دل دل پاکستان ایک ایسی یاد ہے جن کو ایک دوسرے سے جدا کرنا قطعی ممکن نہیں ہے۔ وائٹل سائن کا یہ ملی نغمہ ہر دل کی آواز بن گیا۔ خاص طور پر جنید جمشید وہ نوجوان تھے جن کو دیکھ کر بہت ساری دھڑکنیں بے ربط ہو جاتی تھیں۔
 
جنید جمشید کی زندگی
بنیادی طور پر جنید جمشید میوزک کے شعبے میں آنے سے قبل ایک انجینئير تھے اور کئی کانٹریکٹرز اور پاکستان ائیر فورس کے لیے خدمات انجام دیتے تھے مگر اپنی بے چین فطرت کے سبب انہوں نے وائٹل سائن نامی میوزیکل بینڈ بنایا اور یہاں پر بھی عزت دولت اور شہرت کے عروج کو چھو لیا-
 
سال 1987 میں دل دل پاکستان سے لے کر 1999 تک کے کیرئير کے دوران جنید جمشید نے بارہ سال کے قلیل عرصے میں وہ سب کچھ حاصل کر لیا جس کے حصول کے لیے لوگوں کو پوری عمر لگ جاتی ہے-
 
عروج کے بعد زوال
جس طرح ہر عروج کو زوال ہوتا ہے ویسے ہی 1999 کے بعد کا وقت جنید جمشید کی زندگی کا مشکل ترین وقت قرار دیا جاتا ہے جس میں انہوں نے پے در پے دو سولو البم ریلیز کیں جو ناکامی سے دوچار ہوئيں، جنید جمشید نے اپنا ایک فیشن ڈيزائنر اسٹوڈیو بنایا اس کو بھی کوئی خاص کامیابی نہیں مل سکی-
 
image
 
جس کے بعد جنید نے دوبارہ سے انجنئيرنگ کو اپنانے کا فیصلہ کیا مگر نوکری حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد بنک کرپٹ تک ہونے کی نوبت سے بھی دوچار ہوئے۔ ان کے قریبی حلقوں کا یہ کہنا تھا کہ اپنی زندگی کے اس مشکل ترین دور میں جنید جمشید میں بہت تیزی سے تبدیلی آنا شروع ہو گئی-
 
انہوں نے میوزک سے کنارہ کشی اختیار کر لی اور باقاعدگی سے نماز پڑھنی شروع کر دی یہاں تک کہ سال 2004 میں جنید جمشید نے باقاعدہ طور پر میوزک کو حرام قرار دیتے ہوئے اس کو چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
 
زندگی کا سب سے مشکل وقت
جنید جمشید کی زندگی نرم اور گرم حالات کا ایک مجموعہ تھی ایک انسان کے لیے اس سے برا وقت کوئی نہیں ہو سکتا ہے کہ وہ بنک کرپٹ ہو جائے اور اس کی جائیداد نیلام ہو جائے- مگر جب ایک انٹرویو میں جنید جمشید سے یہ سوال پوچھا گیا کہ ان کی زندگی کا سب سے مشکل وقت کون سا تھا تو اس کے جواب میں جو انہوں نے بتایا وہ ہم سب مسلمانوں کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے کہ ہماری کوئی معمولی بات کسی کو اس حد تک تکلیف دے سکتی ہے کہ وہ اس کو کبھی فراموش ہی نہ کر سکے-
 
یا اللہ مجھ سے میری یہ پہچان واپس لے لے
ایک انٹرویو میں جنید جمشید سے جب ان کی زندگی کے مشکل ترین وقت کے بارے میں دریافت کیا گیا تو ان کا جواب میں کہنا تھا کہ جب انہوں نے شروع شروع میں میوزک کو چھوڑ کر تبلیغی جماعت میں وقت لگانا شروع کیا تو ایک دفعہ ان کی تشکیل ایک ایسی جماعت میں ہوئی جس میں بڑے بڑے علما شامل تھے یہ جماعت ایک گاؤں میں تبلیغ کے لیے گئی-
 
اس موقع پر ان کو دیکھ کر ایک عالم نے بہت برا سا منہ بناتے ہوئے کہا کہ اب یہ وقت بھی آگیا ہے کہ گانے بجانے والے بھی اللہ کا پیغام دیں گے-
 
جنید جمشید کا یہ کہنا تھا کہ ان کی یہ بات سن کر ان کا بہت دل دکھا وہ وہاں سے اٹھ کر مسجد میں ہی موجود ایک کمرے میں تنہا چلے گئے اور اکیلے بیٹھ کر کافی دیر تک روتے رہے-
 
image
 
اس کے بعد ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دو رکعت نفل نماز ادا کی اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ یااللہ مجھ سے میری یہ پہچان چھین لے اور مجھے ایک نئی پہچان دے۔ مجھے ایسی پہچان دے کہ میرا تعارف تیرے دین کی تبلیغ ہو لوگ مجھے تمھارے نام سے پہچانیں۔
 
دعا کی قبولیت
اللہ تعالیٰ بہت رحیم و کریم ہے اور انسان کی دل سے نکلی ہوئی آواز سنتا ہے اس دعا کی قبولیت کی سب سے بڑی دلیل یہ ہے کہ دسمبر 2016 میں جب جنید جمشید چترال سے واپسی پر جہاز حادثے میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے تو میڈیا پر ان کی موت کی خبریں اس سرخی کے ساتھ چلائی گئیں کہ معروف نعت خواں اور اسلامی اسکالر جنید جمشید طیارہ حادثے میں شہید-
 
یہ واقعہ ہم سب لوگوں کے لیے ایک سبق ہے جو خود کو اللہ کے بہت قریب سمجھتے ہیں اور دوسرے افراد پر تنقید کرتے ہیں جب کہ اللہ تعالیٰ کے معاملے وہی بہتر سمجھ سکتا ہے ہمیں چاہیے کہ اپنی طرف سے نیک عمل کرتے رہیں اور صلہ اللہ کی بارگاہ میں چھوڑ دیں-
YOU MAY ALSO LIKE: