صلہ رحمی سے مراد ہے اپنے قریبی رشتہ داروں کے ساتھ
اچھے اور بہتر تعلقات قائم کرنا، آپس میں اتفاق و اتحاد سے رہنا، دکھ، درد،
خوشی اور غمی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ چلنا، آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ
رابطہ رکھنا، ایک دوسرے کے ہاں آنا جانا۔ الغرض اپنے رشتہ کو اچھی طرح سے
نبھانا اور ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھنا، ان پر احسان کرنا، ان پر صدقہ
و خیرات کرنا، اگر مالی حوالے سے تنگدستی اور کمزور ہیں تو ان کی مدد کرنا
اور ہر لحاظ سے ان کا خیال رکھنا صلہ رحمی کہلاتا ہے،صلہ رحمی میں اپنے
والدین، بہن بھائی، بیوی بچے، خالہ پھوپھی، چچا اور ان کی اولادیں وغیرہ یہ
سارے رشتہ دار صلہ رحمی میں آتے ہیں، اپنے والدین کے دوست احباب جن کے ساتھ
ان کے تعلقات ہوں، ان سب کے ساتھ صلہ رحمی کرنی چاہیے،جب ان رشتہ داروں کا
خیال نہیں رکھا جائے گا، ان کے حقوق پورے نہیں کیے جائیں گے، ان کی مدد
نہیں کی جائے گی تو یہی قطع رحمی کہلاتی ہے۔ یعنی اپنے رشتہ داروں سے ہر
قسم کے تعلقات ختم کرنا،قر آن پاک میں ارشاد ہے،ترجمہ: قرابت والے کو مسکین
اور مسافر کو اس کا حق دو۔ یہ بات ان لوگوں کیلئے بہتر ہے جو اﷲ کی رضا
چاہتے ہیں اور یہی لوگ کامیاب ہوں گے( سورہ روم آیت 38)ترجمہ: نیز اس اﷲ سے
ڈرو جس کا واسطہ دے کر تم ایک دوسرے سے اپنا حق مانگتے ہو اور قریبی رشتوں
کے معاملہ میں بھی اﷲ سے ڈرتے رہو( النساء: 1)علا وہ ازیں اﷲ جل شانہُ
فرماتے ہیں ترجمہ: اور جب ہم نے بنی اسرائیل سے پختہ عہد لیا تھا کہ تم لوگ
اﷲ تعالیٰ کے علاوہ کسی کی عبادت نہ کرو گے اور والدین سے، رشتہ داروں،
یتیموں اور مسکینوں سے اچھا برتاؤ کرو گے، لوگوں سے بھلی باتیں کہو گے،
نماز کو قائم کرو گے اور زکوٰۃ دیتے رہو گے(البقرۃ: 83)حضرت جبیر بن مطعمؓ
نے خبر دی، کہ انہوں نے رسول اﷲ ﷺ سے سنا، آپؐ نے فرمایا ’’قاطع رحم جنت
میں داخل نہ ہو گا‘‘ (رواہ البخاری،5984)رشتہ ناطہ توڑ دینا یا رشتہ داری
کا پاس و لحاظ نہ کرنا اﷲ تعالیٰ کے ہاں بے حد مبغوض ہے رسول اﷲﷺ نے فرمایا
’’ قیامت کے دن رحم (جو رشتہ داری اور تعلق کی بنیاد ہے) عرش ِالٰہی پکڑ کر
کہے گا، کہ جس نے مجھے دنیا میں جوڑے رکھا، آج اﷲ تعالی بھی اسے جوڑے گا
(یعنی اسے انعام و اکرام عطا کرے گا) اور جس نے مجھے(دنیا میں) کاٹا اسے آج
اﷲ بھی کاٹ کر رکھ دے گا یعنی سزا دے گا(رواہ البخاری5989)احادیث سے ثابت
ہے کہ دنیا میں دو گناہ ایسے ہیں جن کی آخرت کی سزا کے ساتھ دنیا میں بھی
سزا ملے گی ایک ظلم اور دوسرے قطع رحمی (ابن ماجہ،4211)صلہ رحمی کرنے والے
کو دنیا و آخرت دونوں میں بھلائیاں ملتی ہیں، جیسے صلہ رحمی دخول جنت کا
ذریعہ ہے۔ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا ’’کوئی نیکی ثواب میں صلہ رحمی سے زیادہ
نہیں ہے، اور نہ ہی کوئی گناہ ایسا ہے کہ اﷲ اس کے کرنے والے کو دنیا میں
جلد سزا دے، اور اس کے بعد آخرت کا عذاب بھی ہوگا، سوائے سرکشی اور قطع
رحمی کے‘‘ (رواہ الترمذی،2511)ایک شخص رسول اﷲ ؐ کے پاس آیا اور کہنے لگا:
اے اﷲ کے رسولؐ، میں نے ایک بڑے گناہ کا ارتکاب کیا ہے کیا میری مغفرت ہو
سکتی ہے؟ آپؐ نے پوچھا کیا تیری ماں زندہ ہے؟ اس نے کہا نہیں آپﷺ نے پوچھا
اور خالہ ؟ اس نے کہا وہ زندہ ہیں، آپؐ نے فرمایا: پس ان سے نیکی کر‘‘(رواہ
الترمذی،1904)اس سے معلوم ہوا کہ بڑے گناہ کا صدور ہو جائے تو بڑی نیکیاں
ان کے مٹانے کا ذریعہ بن جاتی ہیں اور گناہ کے بوجھ میں دبے ہوئے شخص کو
صلہ رحمی کے ذریعے مغفرت کی امید دلائی گئی ماں کی خدمت کرنے کا موقع ہاتھ
سے نکل جائے تو خالہ سے حسن سلوک بھی مغفرت کا ایک دروازہ ہے ایک اور جگہ
فرمایا ’’مسکین کو خیرات دینا صدقہ ہے، اور رشتہ دار کو دینا صدقہ بھی ہے
اور صلہ رحمی بھی‘‘ (سنن النسائی، ابن ماجہ و الترمذی، حدیث حسن)حضرت اسماء
بنت ابی بکرؓ نے بیان کیا کہ ان کی مشرکہ والدہ ان سے ملنے آئیں اور وہ ان
سے کچھ مال چاہتی تھیں، تو میں نے رسول اﷲؐ سے پوچھا، کیا میں ان سے صلہ
رحمی کر سکتی ہوں؟ آپؐ نے فرمایا ’’ہاں‘‘ (رواہ البخاری،5978؛سنن ابی داؤد،
احمد)حضرت ابن عمرؓ فرماتے ہیں جو اپنے رب سے ڈرے اور صلہ رحمی کرے تو اس
کی عمر میں اضافہ کر دیا جاتا ہے اور اس کا مال کثیر اور اس کے اہل میں اس
کی محبت ڈال دی جاتی ہے ،آپؐ کا ارشاد ہے ’’صلہ رحمی کرو اگرچہ سلام کے
ساتھ ہو‘‘ (مجمع الزوائد152-8)حضرت انس بن مالکؓ کہتے ہیں تین قسم کے لوگ
اﷲ کے عرش کے سائے تلے ہوں گے، صلہ رحمی کرنے والا، اس کی عمر بھی لمبی کر
دی جاتی ہے، اور رزق کشادہ کر دیا جاتا ہے،وہ عورت کہ جس کا شوہر یتیم بچے
چھوڑ کر مر جائے، پھر وہ ان کی پرورش کرتے کرتے انہیں مالداری تک پہنچا دے
یا وہ مر جائیں، وہ شخص جو یتیموں اور مسکینوں کو کھانا کھلائے۔حضرت ابو
ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا تین صفات ایسی ہیں وہ جس شخص
میں بھی ہوں اﷲ اس سے آسان حساب لے گا اور اسے جنت میں داخل کرے گا۔صحابہ
اکرامؓ نے پوچھا: کن (صفات والوں) کو؟ آپؐ نے فرمایا جو تجھے محروم کرے اسے
عطا کر، جو تجھ پر ظلم کرے اسے معاف کر، اور جو تجھ سے(رشتہ داری اور تعلق)
توڑے، تو اس سے جوڑ، صحابیؓ نے پوچھا اگر میں ایسا کرو تو مجھے کیا ملے گا؟
آپؐ نے فرمایا تجھ سے آسان حساب لیا جائے گا اور تجھے اﷲ تعالیٰ اپنی رحمت
سے جنت میں داخل کر دے گا‘‘ (مستدرک علی صحیحین، 3842)حضرت عمروبن شعیب ؒ
اپنے دادا سے روایت کرتے ہیں کہ ایک شخص رسول اﷲﷺکی خدمت میں حاضر ہوا، اور
شکایت کی کہ میرے کچھ قریبی رشتہ دار ہیں جو میرے ساتھ قطع رحمی کرتے ہیں،
میں معاف کرتا ہوں اور وہ مجھ پر ظلم کرتے ہیں۔ میں ان سے حسنِ سلوک کرتا
ہوں اور وہ میرے ساتھ بد خوئی کرتے ہیں، کیا میں انہیں اس کا بدلہ دوں؟ آپؐ
نے فرمایا: نہیں تب تو تم سب ایک سے ہو جاؤ گے، لیکن فضیلت حاصل کر اور صلہ
رحمی کر، اﷲ کی جانب سے تیرا ہمیشہ مدد گار مقرر رہے گا جب تک تو اسی حالت
پر رہے گا‘‘ (رواہ مسلم، 2558)صلہ رحمی ہر دور میں کی جا سکتی ہے ضروری
نہیں کہ انسان مالی مدد ہی کرے، بلکہ اس کے لیے ضروری ہے کہ جس چیز کی وہ
استطاعت رکھتا ہو، اس کے ساتھ صلہ رحمی کرے۔ مثلاً ان کے دکھ درد میں شریک
ہو کر ان کی حوصلہ افزائی کرے، ان کے ساتھ اچھی گفتگو کرے، ان کے گھر جا کر
حال احوال دریافت کرے۔ ان کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرے، غمی خوشی میں شریک
ہو۔ یہ ساری باتیں صلہ رحمی میں آتی ہیں ، اﷲ تعالیٰ فرماتا ہے ترجمہ یہ
نافرمان وہ لوگ ہیں جو اﷲ کے عہد کو اس سے پختہ کرنے کے بعد توڑتے ہیں، اور
اس (تعلق) کو کاٹتے ہیں جس کو اﷲ نے جوڑنے کا حکم دیا ہے اور زمین میں فساد
بپا کرتے ہیں، یہی لوگ نقصان اٹھانے والے ہیں(البقرۃ، 2: 27)اﷲ تعالیٰ نے
اس آیت مبارکہ میں ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات جوڑنے کا حکم دیا ہے، اگر اس
کیخلاف کریں گے تو یقیناً دنیا و آخرت میں نقصان اٹھانے والے ہونگے۔ اسی
طرح بے شمار آیات میں اﷲ تعالیٰ نے صلہ رحمی کا حکم دیا ہے اور حضور نبی
اکرمﷺ نے بھی احادیث مبارکہ میں آپس میں صلہ رحمی کا حکم دیا ہے صلہ رحمی
کی اہمیت اور فضیلت کو بیان کیا ہے اور قطع رحمی پر وعید سنائی ہے۔ ہمیں
چاہیے کہ ہر حال میں صلہ رحمی کا خیال رکھیں، ایسا نہ ہو کہ جو رشتے دار
غریب ہوں، غربت کی وجہ سے ان سے تعلقات ختم کر لیں اور ان کو اپنا رشتہ دار
سمجھنا اور کہنا اپنی توہین سمجھتے ہیں۔ اپنے دوست احباب کے سامنے اپنا
رشتہ دار قبول کرنے سے انکار کرتے ہیں۔ جیسے اولاد جب جوان ہوتی ہے تو اپنے
والدین کو گھر سے نکال دیتی ہے، ان کے حقوق کا خیال نہیں رکھتی، یہ ساری
چیزیں گناہ کبیرہ ہیں اور اس کی سزا قیامت کے دن ملے گی، اﷲ تعالیٰ ہمیں
صلہ رحمی کا صحیح مفہوم سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے اور صلہ رحمی کرنے کی
توفیق عطا فرمائے، اسی میں اتفاق و اتحاد ہے اور دنیا و آخرت کی حقیقی
کامیابی ہے |