ٹرک والا۔۔۔

ٹرک/ٹرالر یا کوئی بھی لانگ روٹ گاڑی چلانے والا دِکھنے میں تو معاشرے کا ایک عام فرد معلوم ہوتا ہے تاہم اس کی زندگی ہم سب سے بالکل الگ تھلگ ہوتی ہے ۔۔۔ یا یوں کہنا چاہیے کہ یہ ہمارے معاشرے کا حصہ ہونے کے باوجود بھی ایک الگ ہی دنیا کے باسی ہیں۔
ایک ٹرک ڈرائیور کی زندگی ہم سے کیونکر مختلف ہے ۔۔؟

لمبے راستوں پر طویل سفر ۔۔۔ ایک دفعہ چلے تو 8 سے 10 گھنٹے لگاتار ڈرائیونگ ۔
تیز آواز میں مقامی گلوکاروں کا میوزک سننے کے شوقین ، تاکہ سفر بہتر کٹ سکے ۔
رات گئے سڑک کنارے کسی جان پہچان والے چھوٹے سے ہوٹل ڈھابے پر پہنچے ، اپنا ٹرک وہیں روکا ۔۔۔ رات کے اس وقت جو دال ، سبزی میسر ہوئی وہی تڑکہ لگوا کر تنوری روٹیوں کے ساتھ کھا لی ۔۔۔ پھر تیز چینی پتی والی کڑک چائے کا کپ پیا ۔۔۔ اور وہیں بان کی چارپائی پر ، چادر سر کے نیچے رکھ کر سو گیا ۔
دن چڑھے اٹھا ، منہ پر پانی کے چند چھینٹے مارے ، عجلت میں چائے کے کپ اور سگریٹ کے ساتھ ناشتہ کیا اور پھر سے چل پڑا ۔
سگریٹ ، ٹرک ڈرائیور کی زندگی کا اہم حصہ ہے ۔۔۔ اور بہت کم ہی ٹرک ڈرائیور ایسے ہیں جو چرس نہ پیتے ہوں ۔۔۔ طویل ، تھکا کے چور کردینے والے سفر میں سگریٹ ان کا اہم ساتھی ہے ۔
شام چار پانچ بجے "لنچ" کرنے کے لیے کسی اوسط سے روڈ سائیڈ ہوٹل پر رکے ۔۔۔ اور دن بھر کی بھوک کو سگریٹ سے بہلانے کے بعد اب اچھا کھانا آرڈر کر دیا جیسے کڑاہی، تکہ مصالحہ یا چپل کباب۔ اس دوران کوئی جاننے والا ڈرائیور مل گیا تو کچھ دیر اس کے ساتھ خوش گپیاں کیں ۔۔۔ اور پھر سے روانہ ہو گئے ۔
کئی مرتبہ تو ان کی رات بھی ڈرائیونگ سیٹ کے پیچھے نصب چھوٹے سے کیبن میں ہی سو کے گزرتی ہے ۔
بڑھی ہوئی شیو اور سلوٹ زدہ کپڑے ٹرک ڈرائیور کی ایک خاص پہچان ہیں ۔۔ وقت ملے تو یہ سب کریں ناں !
دیر سے پہنچیں تو اڈے والے سے جھڑکیاں کھانے کو ملیں ۔۔۔ اور ٹرک راستے میں خراب ہو جائے تو مزید پریشانی !!
ٹریفک چالان ۔۔۔ ایک ٹرک ڈرائیور کا سب سے پریشان کن خدشہ ہوتا ہے ۔
اس کا جگاڑ کچھ یوں نکالا کہ صبح نکلتے وقت کسی جاننے والے ٹریفک وارڈن سے کوئی واجبی سا سو دو سو روپیہ کا چالان کروا لیا اور اگلے 24 گھنٹے کے لیے چالان سے استثنیٰ حاصل کر لی ۔
ہر وقت ناک پہ دھرا غصہ اور گالیوں سے بھری گھٹیا زبان ٹرک ڈرائیورز کے لیے معمول کی بات ہے ۔۔۔ لیکن اس قدر سٹریس اور مشقت سے لبریز معمول کے بعد وہ اور کریں بھی کیا ؟
با اخلاق اور صاف ستھرا رہنے والا ٹرک ڈرائیور کبھی شاذ و نادر ہی کوئی ملے گا ۔۔۔
تراہ نکال کے رکھ دینے والا انتہائی اونچا ہارن ۔۔۔
خود سے زیادہ اپنے ٹرک کا خیال رکھنے والا، اور ہمیشہ اسے سجا سنوار کے رکھنے والا۔۔۔
خود ان پڑھ لیکن بچوں کو ایک اچھے مستقبل کی امید میں سکول بھیجنے والا۔۔۔
اگر زندگی نے وفا کی اور کامیاب ٹھہرا تو شاید ادھیڑ عمری میں اپنی فارورڈ اور فریٹ ایجنسی کھول لے گا ۔۔۔
ورنہ جب ضعف اور کمزور نظر اسے مزید ڈرائیونگ قاصر کر دے ، تو اپنے محلے میں کوئی چھوٹی سی دکان کھول کر بیٹھ جائے گا
 

 وشمہ خان وشمہ
About the Author: وشمہ خان وشمہ Read More Articles by وشمہ خان وشمہ: 331 Articles with 509559 views I am honest loyal.. View More