مثبت سوچ کا جادو
(Zulfiqar Ali Bukhari, Islamabad)
مثبت سوچ کا جادو
ازقلم: ذوالفقار علی بخاری
آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ ناکامی اپنے ساتھ کتنے اہم پیغام لاتی ہے؟
یہ ناکامی ہی ہوتی ہے جو ہمیں کامیابی کی نئی راہیں دکھاتی ہے۔
کئی برسوں سے ایک ہی رخ پر چلنے والے وہ کامیابی حاصل نہیں کر پاتے ہیں جو ایک باہمت شخص صرف اپنی سوچ بدل کر نئے انداز سے چلنے پر حاصل کرتا ہے۔
آخر یہ سب کیوں ہوتا ہے؟
اس کی وجہ کیا ہے؟
کیا سب کے لیے کامیابی حاصل کرنا آسان ہوتا ہے؟
یہ وہ سوالات ہیں جن کے جوابات جاننا بہت ضروری ہیں۔
سب سے پہلی بات یہ ہے کہ مسلسل کامیابی کے لیے آپ کو کچھ نہ کچھ نیا کرتے رہنا ہوگا کہ تواتر سے ایک جیساکام کرنا بسا اوقات بے زاری پیدا کرتا ہے اور پھر دل جب اکتا جاتا ہے تو انسان کا جذبہ ماند پڑ جاتا ہے اورپھر ناکامی ہمارا منھ دیکھنے لگتی ہے۔یہ ناکامی ہمیشہ منفی سوچ میں الجھنے کے بعد ہی ملتی ہے۔
جہاں تک اس بات کا تعلق ہے کہ کیا سب انسان کامیابی حاصل کر سکتے ہیں تو اس کاجواب یہی ہے کہ سب منزل تک پہنچ سکتے ہیں لیکن اس کے لیے جنون اورلگن درکار ہوتی ہے اور یہ تب ہوگا جب ان میں کچھ کر دکھانے کا حوصلہ اورمثبت سوچ کا عنصر عام آدمی سے زیادہ ہوگا کہ جب آپ دوسروں سے مختلف ہوتے ہیں اوربہترین کام کرنے کے لیے ذہنی طور پر تیار ہوتے ہیں تو پھر کامیابی آپ کے نام منسوب ہوتی ہے کہ مسلسل محنت اورلگن کے ساتھ خود کو مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھانا ہی کامیابی کا سبب بنتا ہے۔
آپ پر ناکام لوگ تنقید کرسکتے ہیں، وہ آپ کو گرانے کی ہرممکن کوشش کر سکتے ہیں،اپنی ناکامی کا سبب قرار دے سکتے ہیں۔یہ ناکام ا نسان کی واضح نشانی ہوتی ہے کہ وہ منفی سوچ رکھتا ہے اوراس کی ناکامی کی اہم ترین وجہ یہی ہوتی ہے اسی وجہ سے وہ دوسروں سے آگے نہیں بڑھ پاتا ہے۔ اس کے برعکس کامیاب لوگ مسلسل محنت پر یقین رکھتے ہیں اورمثبت سوچ کے ساتھ آگے سے آگے بڑھتے رہتے ہیں کہ ان کے پاس کرنے کو بہت کچھ ہوتا ہے۔
دنیا میں وہی لوگ کامیابی حاصل کر تے ہیں جو طوفان کے سامنے کھڑے رہ کر اس کا مقابلہ کرتے ہیں اوراپنی جیت تک لڑتے ہیں انھیں اپنے آپ پر یقین ہوتا ہے کہ وہ جیت جائیں گے اور یہی اعتماد ان کی کامیابی کا زینہ بنتا ہے۔آپ یوں سمجھ لیجیے کہ کامیابی اس یقین کا نام ہے جو آپ کو اپنے اوپر ہوتا ہے۔آپ اسی طاقت کے بل بوتے پر ناقابل تسخیر کو قابل تسخیر بنالیتے ہیں اورثابت کرتے ہیں کہ انسان ناکام تب ہوتا ہے جب وہ منفی سوچ رکھتا ہے بصورت دیگر مثبت سوچ منزل تک لے جاتی ہے کہ ایک امید کے ساتھ آگے بڑھنا کامیابی کی علامت بنتا ہے۔مثبت سوچ کا جادو یہی ہے کہ وہ آپ کو کامیاب بناتا ہے اورآپ خوش اورپُرسکون رہتے ہیں۔ |