چین عالمی مالیاتی تعاون کی کلیدی قوت

ابھی حال ہی میں فنانشل اسٹریٹ فورم کی 2023 کی سالانہ کانفرنس کا بیجنگ میں انعقاد کیا گیا۔رواں برس فورم کا موضوع رہا "بہتر چین، بہتر دنیا: مشترکہ ترقی اور باہمی فوائد کے لئے مالیاتی کھلے پن اور تعاون میں اضافہ" ۔ کانفرنس میں دنیا بھر کے 30 سے زائد ممالک اور خطوں کے نمائندگان نے موجودہ اقتصادی اور مالیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ کانفرنس کے دوران ، "علاقائی تعاون اور باہمی ترقی کو بڑھانے کے لئے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کو فروغ دینے" پر مرکوز ایک متوازی فورم نے نمایاں توجہ حاصل کی ہے۔اس سے قبل ابھی حال ہی میں اکتوبر کے وسط میں بیجنگ میں منعقد ہونے والے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی تعاون کے دوران چین نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کی اعلیٰ معیار کی ترقی کی حمایت کے لیے آٹھ اقدامات کا خاکہ پیش کیا تھا، جس میں کھلی عالمی معیشت کی تعمیر اور بیلٹ اینڈ روڈ پارٹنر ممالک کے ساتھ مالیاتی شعبے اور دیگر شعبوں میں کثیر الجہتی تعاون کے پلیٹ فارمز کی تعمیر میں اضافے کے لیے چین کی حمایت پر زور دیا گیا۔ایسے میں فنانشل اسٹریٹ فورم کا انعقاد چین اور بیلٹ اینڈ روڈ پارٹنر ممالک کے درمیان مالیاتی تعاون کو فروغ دینے کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل رہا۔
ایونٹ کے دوران چین نے بین الاقوامی برادری کے سامنے اپنا پالیسی موقف اور کثیرالجہتی پر عمل کرنے اور باہمی فائدہ مند اور کھلی حکمت عملی اپنانے میں مخصوص اقدامات کو اجاگر کیا۔ یہ ایونٹ ویسے بھی کثیر الجہتی کے فروغ کے لیے چین کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔چین کا موقف بڑا واضح ہے کہ یہ وسیع و عریض دنیا متنوع تہذیبوں کا گھر ہے۔اسی تصور کی روشنی میں ایک کھلے، جامع، تعاون پر مبنی اور جیت جیت فلسفے کی رہنمائی میں، سالانہ کانفرنس میں مختلف فریقوں کو اکٹھا کیا جاتا ہے تاکہ تعاون کو گہرا کرنے اور چیلنجوں سے نمٹنے کے طریقوں کو تلاش کیا جاسکے۔
اس سے قبل حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والی سینٹرل فنانشل ورک کانفرنس میں چین واضح کر چکا ہے کہ مالیاتی شعبے میں ادارہ جاتی کھلے پن کو مسلسل بڑھایا جائے اور سرحد پار سرمایہ کاری اور فنانسنگ کی سہولت فراہم کی جائے، تاکہ زیادہ سے زیادہ غیر ملکی مالیاتی اداروں اور طویل مدتی سرمائے کو چین میں سرمایہ کاری اور کام کرنے کے لئے راغب کیا جاسکے۔ایسے میں فنانشل اسٹریٹ فورم کے انعقاد نے چین کی مالیاتی اصلاحات کے نتائج اور اقدامات کو دنیا کے سامنے پیش کیا ہے اور دنیا بھر کے ممالک کو چین کی ترقی کے ثمرات بانٹنے کی مخلصانہ دعوت دی ہے۔ اس سے اقوام کے درمیان اقتصادی اور مالی تعاون اور باہمی خوشحالی کو فروغ دینے کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
دوسری جانب یہ امر قابل اطمینان ہے کہ گزشتہ دہائی کے دوران چین اور بیلٹ اینڈ روڈ پارٹنر ممالک مالیاتی تعاون کی مختلف جہتوں میں فعال طور پر مصروف رہے ہیں، جس سے کرنسی کی گردش کو فروغ دینے، سرمایہ کاری اور فنانسنگ میکانزم کو مکمل کرنے اور مالیاتی خطرات کی روک تھام اور کنٹرول کو بہتر بنانے میں مفید نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ کرنسی کی گردش کے حوالے سے رواں سال ستمبر تک چین نے 30 شراکت دار ممالک کے ساتھ کرنسی کے تبادلے کے دوطرفہ معاہدوں پر دستخط کیے ہیں اور 17 شراکت دار ممالک میں آر ایم بی کلیئرنگ کے انتظامات تشکیل دیے گئے ہیں۔ دریں اثنا، کراس بارڈر انٹر بینک پیمنٹ سسٹم، ایک مالیاتی مارکیٹ انفراسٹرکچر جو سرحد پار ادائیگی اور کلیئرنگ کے لئے وقف ہے، نے بیلٹ اینڈ روڈ پارٹنر ممالک کو محفوظ، موثر، آسان اور کم لاگت فنڈ کلیئرنگ اور تصفیے کی خدمات فراہم کی ہیں۔
اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 2023 کی پہلی تین سہ ماہیوں میں چین اور بیلٹ اینڈ روڈ پارٹنر ممالک کے درمیان سرحد پار آر ایم بی ادائیگیوں اور وصولیوں کی مالیت 6.5 ٹریلین یوآن رہی جو سال بہ سال 19 فیصد اضافہ ہے۔ سرمایہ کاری اور فنانسنگ سسٹم کی تعمیر کے شعبے میں ، چین اور بیلٹ اینڈ روڈ پارٹنر ممالک کے مابین اعلیٰ سطح کے کثیر الجہتی مالیاتی تعاون کے پلیٹ فارم نے نمایاں افادیت کا مظاہرہ کیا ہے ، اور مالیاتی مارکیٹ رابطہ تیز رفتار ی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ سلک روڈ فنڈ، جو چین اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے اور متعلقہ ممالک کے ساتھ مشترکہ طور پر قائم کیا گیا ہے، بیلٹ اینڈ روڈ پارٹنر ممالک کے درمیان مالیاتی تعاون کو گہرا کرنے اور سرمائے کے بہاؤ کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر ابھرا ہے۔ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ جون 2023 کے اختتام تک ، بینک نے 43.6 بلین ڈالر کی مجموعی سرمایہ کاری کے ساتھ 227 سرمایہ کاری منصوبوں کی منظوری دی ہے۔ سلک روڈ فنڈ نے 75 سرمایہ کاری منصوبوں کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جن میں تقریباً 22.04 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا گیا ہے۔
دریں اثنا، چین نے اپنی مالیاتی مارکیٹ کے دوطرفہ کھلے انتظامات کو مسلسل بہتر بنایا ہے، بیلٹ اینڈ روڈ پارٹنر ممالک کے ساتھ سرحد پار دوطرفہ سرمایہ کاری اور وسائل کی تقسیم کو فعال طور پر فروغ دیا ہے، اور کیپیٹل مارکیٹوں کے باہمی رابطے کی سطح کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی ہے.مالیاتی خطرات کی روک تھام اور کنٹرول کے معاملے میں ، چین اور بیلٹ اینڈ روڈ پارٹنر ممالک اپنے سرحد پار تعاون اور مالیاتی ریگولیشن پر تبادلوں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ اب تک ، چین نے بیلٹ اینڈ روڈ کے 55 شراکت دار ممالک میں ریگولیٹری اتھارٹیز کے ساتھ ریگولیٹری تعاون پر مفاہمت کی یادداشتوں یا تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں ، جو مالیاتی ریگولیٹری معلومات کے تبادلے جیسے شعبوں میں تعاون کو مسلسل بڑھا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ چین نے بیلٹ اینڈ روڈ کے متعدد شراکت دار ممالک کے ساتھ مختلف سطحوں پر دوطرفہ اور کثیر الجہتی مکالمے کے میکانزم قائم کیے ہیں، یوں دوطرفہ اور کثیر الجہتی تعاون کے ذریعے میکرو خطرات کی متحرک نگرانی کو مضبوط بنایا گیا ہے اور سرحد پار نگرانی کی سطح کو مسلسل بہتر اور بلند کیا جا رہا ہے۔

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1387 Articles with 661984 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More