چین اور وسطی اور مشرقی یورپی ممالک کے مابین تعاون کے فلیگ شپ منصوبے کے
طور پر، ہنگری۔سربیا ریلوے یورپی ٹرانسپورٹ کوریڈور اور چین۔یورپ لینڈ اینڈ
سی ایکسپریس لائن کا ایک اہم حصہ ہے. یہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر
آئی) اور یورپی ترقیاتی حکمت عملیوں کے درمیان ہم آہنگی کی ترقی کے لئے
نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اپنے آغاز کے بعد سے ، اس منصوبے نے بڑے پیمانے پر
توجہ حاصل کی ہے۔
مارچ 2022 میں ، سربیا میں ہنگری ۔سربیا ریلوے کا بلغراد ۔نووی ساد سیکشن
باضابطہ آپریشنل ہوا۔ اس نئے روٹ نے نہ صرف مقامی مسافروں کو سہولت فراہم
کی ہے ، بلکہ سربیا کو ہائی اسپیڈ ریلوے رکھنے والے ممالک میں بھی شامل کیا
ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق، بلغراد۔نووی ساد سیکشن نے اپنے آپریشن کے دو
سالوں کے دوران 6.83 ملین مسافروں کی نقل و حمل کی ہے.مسافروں کے نزدیک
بلغراد۔نووی ساد سیکشن ایک کوکو پرندے کی مانند تیز رفتار ہے کیونکہ بلغراد
سے نووی ساد تک کا سفر صرف آدھے گھنٹے میں طے کیا جاسکتا ہے۔یوں ،سربیا کے
دو سب سے اہم شہروں کے درمیان فاصلے کو نمایاں حد تک کم کرتے ہوئے، تیز
رفتار ریل نے مقامی مسافروں کی زندگیوں میں بڑی تبدیلیاں لائی ہیں۔
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ یہ ریلوے روٹ ایسے مسافروں کو انتہائی کم نرخوں
پر سہولت فراہم کرتا ہے جو اکثر دونوں شہروں کے درمیان سفر کرتے ہیں۔
بلغراد سے نووی ساد تک یک طرفہ ہائی اسپیڈ ریل ٹکٹ کی قیمت 5 یورو (5.33
ڈالر) سے بھی کم ہے، اور ماہانہ پاس اس سے بھی زیادہ کفایت شعاری فراہم
کرتا ہے۔ اس کے برعکس دونوں شہروں کے درمیان ڈرائیونگ پر ٹول، ایندھن اور
پارکنگ فیس کے طور پر 10 یورو سے زیادہ لاگت آتی گی، جبکہ سفر کا دورانیہ
بھی ایک گھنٹے سے زیادہ کا ہوتا ہے۔
سربیا ریلوے کے تعلقات عامہ شعبے کے مطابق سربیا کے باشندوں کی بڑھتی ہوئی
تعداد اب ہائی اسپیڈ ریل لینے کی عادی ہے ، کیونکہ یہ آرام دہ ہے اور ایک
محفوظ اور زیادہ آسان سفر کا تجربہ فراہم کرتی ہے۔1964 میں تعمیر کردہ نووی
ساد اسٹیشن کا ویٹنگ ہال اس وقت ہائی اسپیڈ ریل لائن کے افتتاح کے بعد سے
مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر توسیع کے مرحلے سے گزر رہا
ہے۔مقامی ریلوے حکام کے نزدیک ہنگری۔سربیا ریلوے لائن 1883 میں تعمیر کی
گئی تھی اور شدید بوسیدگی کا شکار تھی۔ کچھ سیکشن آپریشنل نہیں تھے جبکہ
آپریشنل سیکشنز پر زیادہ سے زیادہ رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی کم
تھی،اسی باعث ٹرینوں کی تاخیر بھی ایک معمول تھا۔
تاہم، بلغراد۔نووی ساد ہائی اسپیڈ ریل سیکشن کے افتتاح کے ساتھ صورتحال
ڈرامائی طور پر بدل چکی ہے۔اس وقت ریلوے کے پاس یومیہ 8 ہزار سے 10 ہزار
مسافروں کی مستحکم تعداد موجود ہے، اور اختتام ہفتہ پر اس سے بھی زیادہ
تعداد دیکھی جاتی ہے. صبح کام کے لئے تیز رفتار ریل سے بلغراد جانا اور شام
کو نووی ساد واپس جانا بہت سے لوگوں کے لئے ایک زبردست انتخاب بن گیا ہے۔
ہنگری۔سربیا ریلوے حکام چینی ساتھیوں کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے کے
بارے میں بتاتے ہیں کہ انہوں نے چینی ساتھیوں کی مہارت سے بہت کچھ سیکھا ،
تعاون کا مرحلہ بہت خوشگوار تھاجس نے اُن کی زندگیوں پر گہرے نقوش چھوڑے
ہیں۔یہ بات بھی خوش آئند ہے کہ تاحال ، چین نے سربیا کے 40 سے زیادہ تکنیکی
اہلکاروں کو دنیا کی جدید ترین ریلوے ٹیکنالوجیز کی تربیت فراہم کی ہے۔نووی
ساد اسٹیشن کے قریب ہی ، ہنگری -سربیا ریلوے کے نووی ساد -سبوٹیکا سیکشن کے
لئے ٹریک بچھانے کا کام شروع ہوگیا ہے۔ سیکشن 2024 کے آخر تک مکمل ہونے کی
توقع ہے ، جو ہنگری ۔سربیا ریلوے کے سربیا سیکشن کی تکمیل کی نشاندہی کرے
گا۔یہ سربیا کے عوام اور پورے ملک کے لئے اہم ہے، کیونکہ بلغراد اور
سبوٹیکا کے درمیان سفر کا دورانیہ 75 منٹ رہ جائے گا، جس سے مزید سیاحوں کو
راغب کیا جا سکتا ہے.
مبصرین کے خیال میں سربیا کو ملک کی مجموعی ترقی کی حمایت کے لئے ایک جدید
ریلوے کی ضرورت ہے۔ایسے میں ہنگری۔سربیا ریلوے نہ صرف سربیا کے اندر نقل و
حمل کی سہولت فراہم کرتا ہے بلکہ یورپی براعظم کو بھی جوڑتا ہے ، جس سے مال
بردار ی کی صلاحیت اور ٹرانزٹ کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔یہ ریلوے یورپ
کی ترقی کے لئے بہت اہم ہے. اس نے مقامی کمیونٹیز کے لئے روزگار کے بہت سے
مواقع بھی فراہم کیے ہیں اور ہائی اسپیڈ ریل لائن سے ملحقہ علاقوں کو ترقی
کے زیادہ مواقع مل رہے ہیں۔ |