بے زبان اونٹ اور گدھے پر ظلم! بدلہ اللہ لے گا۔

عید سے دو دن قبل اسلامی جمہوریہ پاکستان سے دنیا بھر کے باسیوں نے یہ دل خراش خبر سنی کہ صوبہ سندھ کے علاقے سانگھڑ میں ایک ظالم وڈیرے نے کھیت میں داخل ہونے پر طیش میں آکر اونٹ کی بچی کی ٹانگ کاٹ دی، واقعہ کو دبانے کی بہت کوشش کی گئی لیکن بھلا ہو سوشل میڈیا کا جس نے دبی آواز کو سہارا دے کر ہر کان تک پہنچانے میں اہم رول ادا کیا، غریب ہاری کی آواز دبانے اور بااثر وڈیرے کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے مقامی پولیس نے خوب کردار اد اکیا اور آخری وقت تک رپورٹ درج کرنے میں لیت ولعل سے کام لیتے رہے لیکن بالآخر ناکام رہے۔

واقعہ کا اجمال یہ ہے کہ سانگھڑ میں سنگ دل وڈیرے نے مبینہ طورپر اپنے کھیت میں داخل ہونے پر اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی،وقوعہ کے بعد سوشل میڈیا پر خبر چلنے کے بعد پولیس نے بااثر وڈیرے کے بجائے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔خبر کے مطابق وڈیرے نے مبینہ طورپر پہلے اپنے ملازمین کے ہمراہ اونٹ پر تشدد کیا پھر بھی غصہ ٹھنڈا نہ ہوا تو تیز دھار آلے سے اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی۔اونٹ کی ٹانگ کٹنے کی اطلاع ملنے پر اونٹ کا مالک سومر بَھَن اپنے اونٹ کی کٹی ہوئی ٹانگ لیکر پریس کلب سانگھڑ پہنچا جہاں احتجاج کرتے ہوئے اس نے کہا کہ ظالم بااثر وڈیرے نے اپنی زمین میں سے گزرنے پر بے زبان اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی ہے،مالک کے احتجاج کے بعد معاملہ میڈیا پر اٹھا تو سانگھڑ پولیس نے بھی میڈیا پریشر ختم کرنے کیلئے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔متاثرہ اونٹ کے مالک کا کہنا تھا کہ سانگھڑ پولیس نے اونٹ کی ٹانگ کاٹنے والے بااثر وڈیرے کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بجائے منگلی پولیس اسٹیشن پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جو اسے منظور نہیں کیونکہ ملزمان معلوم ہیں ۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر سانگھڑ کا کہنا ہے کہ وڈیرے کی جانب سے ٹانگ کاٹنے کے ظلم کے شکار اونٹ کو مصنوعی ٹانگ لگائی جائے گی جس کیلئے اونٹ کو کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔ایس ایس پی اعجاز شیخ کا کہنا ہے کہ اونٹ کی ٹانگ کاٹنے پر 5 افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے، جن میں سے 2 ملزمان نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔واقعہ پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی متاثرہ اونٹ کے مالک کو دو اونٹ دینے اور پولیس سے اونٹ پر ظلم کرنے والوں کے خلاف تحقیقات کی ہدایت کردی ہے۔واقعہ پر فلاحی ادارے شیلٹر اینمل کے مینجر کا کہنا ہے کہ متاثرہ اونٹ کا مالک ملزمان کی نشاندہی نہیں کر رہا جس کی وجہ سے ملزمان کو آخری اطلاعات تک گرفتار نہیں کیا گیا اور اس نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ایف آئی آر اس لئے نامعلوم افراد کے خلاف درج کی گئی ہے کہ اونٹ کے مالک کو معاوضہ دے دیا گیا ہے۔فلاحی ادارے کے منتظمین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اونٹ بہت ڈرا ہوا ہے، اور واقعہ کے ابتدائی دو دن تک کچھ نہیں کھایا لیکن اب اس کی حالت کافی حد تک سنبھل گئی ہے، اونٹ کے صحتیاب ہونے کے بعد مصنوعی ٹانگ سے متعلق فیصلہ ہو گا،مینجر کا کہنا ہے کہ دبئی میں اونٹوں کے لئے مصنوعی ٹانگ بنانے والی کمپنی سے رابطہ کرچکے ہیں۔واضح رہے کہ واقعہ سے متعلق ابتدائی طورپر مقامی پولیس بالکل حرکت نہیں کررہی تھی کیونکہ وڈیرا بااثر تھا لیکن ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو قانون حرکت میں آیا۔

قارئین میں سے بہت کم لوگوں کو معلوم ہوگا کہ اس واقعہ کے دو دن بعد حیدرآباد میں بھی گدھے کی گدھے سے لڑائی کے بعد مالک نے غصے میں آکر دوسرے گدھے کی ٹانگ کاٹ دی ہے، سندھ کے علاقے ضلع سانگھڑ میں اونٹ کی ٹانگ کاٹنے کے بعد ایک اور جانور پر ظلم ڈھا دیا گیا، واقعہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں پیش آیا، جہاں گدھوں کی لڑائی میں مالک نے دوسرے گدھے کی ٹانگ کاٹ دی ہے۔
پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ واقعہ سیری کے علاقے میں پیش آیا ہے، ملزم گدھا گاڑی چلاتا ہے، راستے میں لڑائی پر گدھے کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ، پولیس کے مطابق ملزم میر رند کو گرفتار کر کے عدالتی حکم پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔دونوں واقعات کے بعد وزیرا علیٰ سندھ مراد علی شاہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو تحقیقات کی ہدایت کردی ہے۔

دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سانگھڑ میں مبینہ بااثر وڈیرے کے ظلم کے شکار شخص کو 2 اونٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سانگھڑ میں مبینہ بااثر وڈیرے کے ظلم کا شکار شخص کو 2 اونٹ دینے کا اعلان کردیا۔ گورنر سندھ کا کہنا تھاکہ کھیت میں داخل ہونے پر اونٹ کی ٹانگ کاٹ دینا انسانیت نہیں، اونٹ کی ٹانگ کاٹ کرغریب سے اس کی روزی بھی چھینی گئی۔انہوں نے کہا کہ دورہ حیدرآباد کے دوران سانگھڑ کے متاثر شخص کو اونٹ دوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اصل ذمہ داروں کےخلاف کارروائی کرے اور شہری کو انصاف دیا جائے۔

خلاصہ یہ کہ ملزم کو سزا ملے نہ ملے ، گورنر سندھ متاثرہ اونٹ کے مالک کو بدلے میں دو اونٹ دیدے گا لیکن حیرت جس بات پر ہورہی ہے وہ یہ ہے کہ گورنر سندھ نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ سندھ حکومت سے ملزمان کے خلاف کارروائی کیلئے کہے گا ، سوچنے کی بات ہے کہ ملزم/ ملزمان کے خلاف کارروائی میں کون سا امر مانع ہے ، ہمارا دین اسلام اس حوالے سے واضح موقف رکھتا ہے کہ کسی قسم کے جاندار پر کوئی ظلم نہ کیا جائے ، تاریخ اسلام میں صالح ؑ کی اونٹنی کا قصہ بھی موجود ہے جس میں ظلم چار بندوں نے کیا تھا لیکن خاموش رہنے پر پوری قوم کو تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔

اسلامی ملک کے مسلمان باشندے نے طیش میں آکر بے زبا ن جانور کی ٹانگ کاٹ دی لیکن دنیا بھر بشمول بھارت سے اللہ کا دین نہ ماننے والے کافروں کی جانب سے نہ صرف واقعہ کی مذمت اور اس پر افسوس کیا گیا بلکہ متاثرہ اونٹ کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کیلئے مصنوعی ٹانگ لگانے کی پیشکش بھی کی جارہی ہے جو لمحہ فکریہ ہے!۔
 

Fazal khaliq khan
About the Author: Fazal khaliq khan Read More Articles by Fazal khaliq khan: 59 Articles with 43885 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.