میرے اور آپ سب کے کراچی کو ظالموں نے کیا سے کیا بنا دیا

کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے۔ اور بڑوں کی طرح چھوٹوں کو کھلاتا ہے اور چھوٹے اس سے کھیلتے ہیں۔

اس کے شمال میں ملک ریاض، جنوب میں "انکل وقار"، مشرق میں ریلوے لائن، مغرب میں کوہِ اورنگی کا سلسلہ اور وسط میں اداسی بال کھولے سو رہی ہے۔

(اگر حدودِ خمسہ میں کچھ غلط ہوگیا ہے تو اس میں سراسر قصور حواسِ خمسہ کا ہے۔ چلیں آپ ہی وائپر کی مدد سے گھر میں آمدہ سیلاب کو روکنے کی کوششِ ناتمام کرنے کے بعد حدودِ اربعہ بتائیں)

*کراچی کے اہم دریا*
1- دریائے نیپا
2- دریائے جوہر
3- دریائے 5 اسٹار
4- دریائے نرسری
5- دریائے ناتھا خان
6- دریائے ناگن

*کراچی کے معروف سمندر*
1- بحیرہ لیاری
2- بحیرہ ملیر
3- بحیرہ گوجر
4- بحیرہ عرب

*کراچی کی مقبول صنعتیں*
1۔ گٹکا
2۔ ماوا
3۔ مین پوری

*کراچی کی امتیازی عمارات*
1۔ ساٹھ گز زمین پر پانچ منزلہ "لگژری اپارٹمنٹ"
2۔ اسی گز کے مکان میں مونٹیسوری تا پی ایچ ڈی سہولیات کا بین الاقوامی یونیورسٹی کیمپس۔

*کراچی کے قومی نعرے*
1۔ بھائی اسٹینڈ اوپر کرلیں۔
2۔ باجی برقع سنبھالیں پہیے میں آرہا ہے۔

*کراچی کی سڑکوں پر سب سے زیادہ مستعمل نشان*
1۔ سڑک کے درمیان میں کھلے گٹر سے باہر لہراتی درخت کی ٹوٹی شاخ۔

*کراچی ٹریفک پولیس کی اہم عوامی خدمت*
1۔ درست سمت سے آتی گاڑی کو روک کر غلط سمت سے آتی گاڑی کے لیے راستہ بنانا اور درست سمت سے آتی گاڑی کا ٹریفک میں رکاوٹ ڈالنے پر چالان کرنا۔
2۔ سڑک سے پچاس گز پر منڈلی بنا کر پھنسی ہوئی ٹریفک کا نظارہ کرنا۔

*کراچی کی ترقی کا نشانِ منزل*
1۔ ٹرام سے شروع ہونے والے سفر کا چنگچی پر خاتمہ۔
2۔ لوکل ٹرین سے شروع ہونے والے سفر کا ڈبلیو گیارہ کی چھت پر خاتمہ۔

*کراچی کا مقبول طریقہ علاج*
1۔ پیٹ میں درد کے لیے سڑکوں پر ٹائر جلانا۔
2۔ سر میں درد کے لیے سڑکوں پر پتھراؤ کرنا

*مزید تحقیق جاری ہے۔*

*کراچی کا جغرافیۂ جدید*
(انشا جی سے معذرت کے ساتھ)
 

انجینئر! شاہد صدیق خانزادہ
About the Author: انجینئر! شاہد صدیق خانزادہ Read More Articles by انجینئر! شاہد صدیق خانزادہ: 404 Articles with 211918 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.