" تحقیقی و تخلیقی زاویے" متن کو پرکھنے کا نیا انداز

یہ کتاب ہے جو کئی مضامین پر مشتمل ہے

ڈاکٹر نثار ترابی کی کتاب " تحقیقی و تخلیقی زاویے" مارچ 2023ء میں نیشنل بک فاؤنڈیشن سے شائع ہوئی۔ یہ کتاب ان کے ستائیس مضامین پر مشتمل ہے ۔ جس میں شاعری، فکشن، سفرنامےاور دیگر ادبی موضوعات پر تنقیدی و تحقیقی مضامین ملتے ہیں ۔ ان مضامین میں شاعری کے حوالے سے دیکھا جائے تو ڈاکٹر ارشاد شاکر اعوان کی کتا ب " نعت دریچہ"پر تفصیلی مضمون ملتا ہے۔ مجید امجد کی نظم گوئی پر جامع اظہار خیال کیا گیا ہے ۔حضرت جوہر نظامی کی شاعری کو موضوع بنایا گیا ہے۔منظور حسین جھلا کی پنجابی گیت نگاری کو موضوع بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی شاعری کی فنی خصوصیات کو اجاگر کیا گیا ہے یہ خصوصیات صفدر وامق کی تحریر کردہ دو کتب "کلیات منظور جھلا" اور " منظور جھلا : حیاتی تے فن" سے اخذ کی گئی ہیں ۔ ان دونوں کتب پر جامع مواد بھی اس مضمون میں ملتا ہے ۔ اسد جعفری فکاہیہ شاعری کے سلسلے میں ایک اہم نام تصور کیے جاتے ہیں ان کے فکاہیہ مجموعے " خندہ نوازی"، "ترا ہنسنا قیامت ہے" اور "نسخہ ہائے مزاح"کاتفصیلی تعارفی مضمون ملتا ہے۔ڈاکٹر منور ہاشمی کی شاعری کا تجزیہ بھی ان مضامین میں ملتا ہے ۔ ان کی شاعری کے بارے میں نثار ترابی لکھتے ہیں ۔
" لفظ کے تخلیقی استعمال کی خوبی کے باوصف اسلوب کی سطح پر
اپنے نام کی معنوی رعایت کے فنی مظاہر کلام منور میں نعتیہ مضامین
کی ترجمانی کے دوران میں بھی اپنی چھب دکھاتے ہیں جہاں وہ
ردیف کی معنوی حیثیت کا لحاظ رکھتے ہیں وہاں کسی آفاقی یا ارضی
صداقت کا ادراک خیال کے مجموعی تسلسل سے اس طرح ہم رشتہ
کرتے ہیں کہ ان کے تخلص کے فکری زاویے روشن ہو جاتے ہیں ۔"

اس اقتباس سے اس کتاب اور نثار ترابی کا اسلوب بھی سامنے آتا ہے ۔ شاعری کے ایک مضمون میں شاداب احسانی کی غزل کی انفرادیت کو ان کے شاعری مجموعے" پس گرداب " کے ذریعے سامنے لانے کی سعی کی گئی ہے ۔ فرخ راجا کی شعری کائنات کو " ہوا کا سمندر اور تخلیق کا ساحل" کی مدد سے سامنے لایا گیا ہے۔ اظہر غوری کے نثری نظموں کے مجموعے " غیر مشروط محبت " کے وسیلے سے ان کی نثری منظومات کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ڈاکٹر نذر عابد کے شعری مجموعے " کنار خواب" کو موضوع بنا کر ان کی شعری دنیا کو سامنے لایا گیا ہے ۔ دیکھا جائے تو نثار ترابی کے یہاں اس کتاب میں زیادہ مضامین شاعری سے متعلق ہیں البتہ باقی اصناف کے حوالے سے بھی ان کے ہاں کافی مضامین ملتے ہیں ۔

افسانوی ادب کے حوالے سے انتظار حسین کے افسانوں کا علامتی تجزیہ کیا گیا ہے ۔ حمید قیصر کے افسانوی مجموعے " سیڑھیوں والا پل" کی کہانیوں پر سیر حاصل تجزیہ کیا گیا ہے ۔شوکت صدیقی کے ناولوں بالخصوص " خدا کی بستی" میں مزاحمتی عناصر کو سامنے لانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ عبداللہ حسین کے ناول " نادار لوگ " کا پاکستانی سماج کے تناظر میں موضوعاتی احاطہ کیا گیا ہے ۔جبار مرزا کے ناول " پہل اس نے کی تھی"پر ایک جامع اور مبسوط تجزیہ ملتا ہے۔اختر رضا سلیمی کے ناول " جاگے ہیں خواب میں " کا باریک بینی سے مطالعہ کیا گیا ہے ۔

سفرنامے کے حوالے سے دیکھا جائے تو نثار ترابی نے ڈاکٹر محمد کامران کے سفرنامہ جاپان " گ سے گڑیا ج سے جاپانی" کا تجزیاتی مطالعہ بھی ملتا ہے۔ غلام رسول زاہد کے سفرنامے " کوسوو میں ایک سال " کا فنی و فکری جائزہ بھی موجود ہے ۔ڈاکٹر سلمان علی کے سفرنامے " اے نشۂ ظہور " کا جزئیات نگاری کے تناظر میں جائزہ لیا گیا ہے۔

کچھ ادبی اور تنقیدی مضامین میں احمد ندیم قاسمی کی اداریہ نویسی کا اجمالی جائزہ لیا گیا ہے ۔ ان اداریو ں کے ذریعےقاسمی صاحب کے اسلوب کا مکمل تجزیہ کیا گیا ہے ۔ صاحب اسلوب نقد اور ایک بڑے ادیب کی حیثیت سے فتح محمد ملک کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ان کا علمی و ادبی سفر اور ان کے ادبی کاموں کا احاطہ ان کے مضامین میں ملتا ہے ۔ نثار ترابی نے اپنے ایک مضمون میں ڈاکٹر روبینہ شاہین کی کتاب " مظفر علی سید: ایک مطالعہ" پر تجزیہ کیا ہے ۔ ڈاکٹر روبینہ کے نزدیک مظفر علی سید کی ادبی جہات میں نمایاں ترین پہلو ان کی تنقید نگاری ہے جس کو اس مضمون میں بیان کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عطش درانی کی محققانہ خدمات کا جائزہ بھی لیا گیا ہے اور ان کی تحقیقی و تدوینی خدمات کا اعتراف بھی کیا گیا ہے ۔ نعمان منظور کے خطوط" خطوط نم" کا تجزیاتی مطالعہ بھی کیا گیا ہے ۔چینی ادب کے حوالے سے چینی ادب کی کلاسیکی روایت اور تین سلطنتوں کی داستان کا تجزیہ بھی ملتا ہے ۔ فن تدوین کی روایت ، مسائل اور مباحث کے حوالے سے عمدہ مقالہ بھی اس کتاب میں شامل ہے ۔

 

Naeema bibi
About the Author: Naeema bibi Read More Articles by Naeema bibi: 11 Articles with 20822 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.