انسان سے انسان کی بے توقیری نمبر 4

(ایک خوبصورت قول کی تصویر گوگل سے لی گئی ہے)

دوسرے انسانوں کو نیچا دکھانے کے انسانی روئیے مختلف نوعیت کے ہوتے ہیں ۔ آج دوسرے انسان کی براہِ راست بے قدری یا توہین کے بجائے دیگر کسی مخلوق کی بے توقیری کر کے کسی انسان کی بالواسطہ توہین کرنے کے بارے میں بات کریں گے۔اس کی زَد میں دوسرے انسان کے کتے سے لے کر اس کے ہاتھوں میں پھولوں کا گلدستہ بھی آسکتا ہے۔
دنیا میں انسان کے علاوہ دیگر مخلوقات اتنی ہیں کہ ان کا شمار بھی نہیں کیا جاسکتا، ان میں سے بہت ساری ہم انسانوں کو جاندار محسوس ہوتی ہیں اور بے شمار ایسی بھی مخلوقات ہیں جو ہمیں جاندار محسوس نہیں ہوتیں لیکن خالقِ کائنات نے انہیں جاندار بنایا جو رفتہ رفتہ ریسرچ اور آگہی کی بابت ہمارے علم میں آتی جارہی ہیں جیسے پہلے ہم پودوں کو بے جان سمجھتے تھے لیکن رفتہ رفتہ آگہی ہوتی گئی اور پتہ چلا کی پودے جاندار ہی نہیں ہوتے بلکہ ان کے جذبات بھی ہوتے ہیں، بس ہم انسانوں سے مکالمہ بازی نہیں کر سکتے۔ کسی انسان کی براہِ راست بے قدری کرنے کے بجائے ہم اس کے ہاتھ میں لئے خوبصورت گلدستے میں ڈھیروں نقص نکال کر اپنی دانست میں پھولوں کی بے توقیری کر رہے ہوتے ہیں لیکن اصل میں پھولوں کا دل دکھانے کے ساتھ اس انسان کی بھی تذلیل کر تے ہیں جو اس گلدستہ کو ہاتھ میں لئے ہوتا ہے۔ اسی طرح کسی انسان کی گود میں نہایت خوبصورت چھوٹا سا کتا دیکھ کر اس کتے کی خامیاں نکال کر اس کے مالک کی توہین کرتے ہیں جس کا شاید ہمیں احساس بھی نہ ہو۔اسی طرح کسی کے گھر، گاڑی یا گھر میں رکھی دیگر اشیاء کا مذاق اڑا کر بالواسطہ اس انسان کا تمسخر کرتے ہیں جو ان اشیاء کا مالک ہے۔ ایک اور انداز یہ ہے کہ ہم خود ایک نہایت خوبصورت اور مہنگی گھڑی اپنے ہاتھ کی کلائی پر پہن کر محفل میں بیٹھے لوگوں کو بار بار نمائش کرکے اصل میں ان سب کو نیچا دکھانے کی ناکام کوشش کرتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ براہِ راست یا بالواسطہ جاندار پودوں یا بے جان اشیاء کا تمسخر اڑانے کی بیماری سے محفوظ رکھے، آمین!

Syed Musarrat Ali
About the Author: Syed Musarrat Ali Read More Articles by Syed Musarrat Ali: 225 Articles with 164579 views Basically Aeronautical Engineer and retired after 41 years as Senior Instructor Management Training PIA. Presently Consulting Editor Pakistan Times Ma.. View More