انسان سے انسان کی بے توقیری نمبر 3

(انسان کی انسان کے ہاتھوں بے توقیری کی تصویر گوگل سے لی گئی ہے)

دوسرے انسانوں کو نیچا دکھانے کے انسانی روئیے مختلف نوعیت کے ہوتے ہیں ۔ ایک وہ جو اپنی ذات کے ساتھ ، دوسرے وہ جو دوسرے انسانوں کے ساتھ ، تیسرے دیگر مخلوق کے ساتھ ، چوتھے خالقِ کائنات کی تخلیق شدہ اشیاء یا عناصر کے ساتھ اور پانچویں وہ رویہ جو انسان اپنی تخلیق کی ہوئی اشیاء کے ساتھ برتتا ہے۔پہلا رویہ جو اپنے ساتھ ہوتا ہے وہ فیشن کا لباس اور میک اپ یا چہرے کی پلاسٹک سرجری کروا کر اپنے آپ کو برتر ثابت کرنے کی کوشش، جس کے بارے میں اس سے پہلے تحریر کیا جا چکا۔ آج دوسرے انسانوں کے ساتھ روئیے کے بارے میں بیان کریں گے کہ کیسے براہِ راست دیگر انسانوں کو نیچا دکھانے کی ناکام کوشش ہوتی ہے۔
رنگ، نسل یا مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک تو انسانیت کی توہین بعد میں ہے ، سب سے پہلے کسی انسان کو بدصورت ہونے کی بنیاد پر دھتکارنے سے زیادہ انسانیت کی توہین نہیں ہو سکتی۔اس کے علاوہ کسی کا تعارف مبہم انداز میں یا چند الفاظ بد تمیزی کے شامل کرکے کسی انسان کو نیچا دکھانے کے مترادف ہے۔توہین آمیز تبصرہ یا کسی ایسی چیز سے مشابہت بیان کرنا جو بے عزتی کے زُمرے میں آئے یعنی کسی کے ساتھ حقارت سے پیش آنا بھی انسانیت کی تذلیل ہے۔کسی انسان کو کسی جانور سے تشبیح دینا یا اس جانور جیسا برتاؤ کرنا جو بے شک ہمارا نہایت پسندیدہ جانور ہو، انسانیت کی توہین ہے۔ خود پسندی جب خود پرستی میں تبدیل ہوتی ہے تب انسان دوسروں کو غیر اہم گرداننے لگتا ہے۔ احساسِ کمتری یا احساسِ برتری جیسی اصطلاح تو بہانہ ہے اصل میں تو فطری طور پر انسان خود پسندی کے نشہ میں جاگنے کے علاوہ رات کو سوتے میں بھی ہوتا ہے اور خواب میں بھی اس کی خواہش ہوتی ہے کہ کوئی بھی کسی بھی کام میں اس سے سبقت نہ لے جائے اور جب ایسا نہیں ہوتا تو نیند سے اٹھنے کے بعد موڈ بہت خراب ہوتا ہے۔ خواب میں برتری والے جذبے کو ٹھیس پہنچنے سے سارا دن ہی خراب گذرتا ہے جب کہ اس کے برعکس ایسا نہیں ہوتا بلکہ خواب میں بھی خود پرستی کی خواہش پوری ہونے سے انسان کی خود پسندی مزید دوام پاتی ہے اور اس کے اثرات سارا دن دیگر انسانوں کو اس کے مقابلے میں نہایت چھوٹا دیکھنے کی جانب مائل رکھتے ہیں۔
اللہ ہمیں ہر طرح کے گھمنڈ سے محفوظ رکھے، آمین!
Syed Musarrat Ali
About the Author: Syed Musarrat Ali Read More Articles by Syed Musarrat Ali: 224 Articles with 164411 views Basically Aeronautical Engineer and retired after 41 years as Senior Instructor Management Training PIA. Presently Consulting Editor Pakistan Times Ma.. View More