اللہ تعالیٰ نے ا نسانوں کو گمراہی سے بچانے اور سیدھا
راستہ دکھانے کے لئے انبیاء کرام علیہم السلام کو مبعوث فرمایا اور انہیں
بے شمار کمالات وخصوصیات کے ساتھ معجزات بھی عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ نے
اپنے حبیب ﷺ کو بے شمار معجزات عطا فرمائے جس میں سے ایک عظیم معجزہ "سفر ِمعراج"
ہے۔
سفر معراج حضور خاتم النبیین ﷺ کا روحانی اور جسمانی سفر تھا ،جس میں آپ ﷺ
کو اللہ تعالیٰ نےمسجدحرام سے مسجد اقصٰی تک سفر کروایا،انبیاء کا امام
بنایا ،ساتوں آسمانوں کی سیرکروائی، امت کو نمازکا تحفہ عطا کیا،جنت و دوزخ
کا مشاہدہ کروایا اور اللہ تعالیٰ نے حضور خاتم النبیین ﷺ کو لا مکاں تک
بلا کر اپنا قربِ خاص بھی عطا فرمایا۔
• اس سفر میں اللہ تعالیٰ نے حضور خاتم النبیین ﷺ کو عجائباتِ قدرت کے
مشاہدات دکھائے ۔جس میں مسلمانوں کے لیے کئی روحانی، اخلاقی اور عملی
پیغامات موجود ہیں۔
• کفارِ مکہ کی جانب سے جب مسلمانوں پر ظلم وستم بڑھنے لگے ایسے موقع پر
اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب ﷺ کو سفرمعراج کروا کر یہ پیغام دیا کہ مشکلات
عارضی ہوتی ہیں، اللہ کی مدد ہمیشہ قریب ہوتی ہے، آزمائشوں کے بعد انعامات
ملتے ہیں۔
• مسجدِ اقصیٰ میں تمام انبیاء علیہم السلام کی امامت کروانا اس بات کی
علامت ہے کہ حضور خاتم النبیین ﷺ تمام انبیاء علیہم السلام کے امام و سردار
ہیں ۔مسجد اقصیٰ کا چناؤاس بات کی عکاسی کرتا ہےکہ مسلمانوں کے لئے مسجد
اقصیٰ ایک مقدس ترین مقام ہے، جو آج کفار کے قبضے میں ہے ۔مسلمانوں کو
انبیاء علیہم السلام کی سر زمین اور مقدس مقام مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لئے
اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
• اس رات اللہ تعالیٰ نے حضور خاتم النبیین ﷺ کو پانچ نمازوں کا تحفہ عطا
کیا ۔ نماز، اللہ تعالیٰ کی قربت کا بہترین ذریعہ ہے اور یہ ہر مشکل وقت
میں بندے کو صبر، سکون اور ہدایت عطا کرتی ہے ۔
• اللہ تعالیٰ نے جنت اور دوزخ کا مشاہدہ کروایا جس میں نیک عمل کرنے والوں
کو جزا اور برے کام کرنے والوں کو دوزخ کی ہولناکیوں کی نشاندہی کروائی۔یہ
بھی پتہ چلا کہ جن نیکیوں کو ہم کم سمجھتے ہیں وہ جنت میں داخلے کا سبب بن
جاتی ہیں اور جن گناہوں کو ہم کم سمجھتے ہیں وہ دوزخ میں جانے کا سبب بن
جاتے ہیں ۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کوشبِ معراج کی برکتیں پانے اور پیغامِ معراج النبی ﷺ سے
اپنی زندگیوں کو سنوارنے کی توفیق عطا فرمائے اور آپﷺ کی بتائی ہوئی باتوں
پر عمل کرنے ، نماز کی پابندی کرنے، اچھے کام کرنے اور برے کاموں سے بچنے
کی توفیق بھی عطا فرمائے۔حضور خاتم النبیین ﷺ کے صدقے اپنا قرب نصیب فرمائے
۔ آمین
|