کام کے دوران نیپ لینا کتنا ضروری ہے؟
|
|
رات میں سات سے آٹھ گھنٹے نیند لینے کے بارے میں تو
تقریباً سب نے ہی سنا ہوگا۔ لیکن کیا دن میں کام کے اوقات کے درمیان تھوڑی
دیر سونا یا نیپ لینا بھی ضروری ہے؟
پاور نیپ کا تصور نیا نہیں ہے بلکہ معروف سائنس دان البرٹ آئنسٹائن اور
برطانیہ کے سابق وزیرِ اعظم ونسٹن چرچل بھی پاور نیپس لینے سے متعلق کافی
مشہور تھے۔
کام کے اوقات کار کے درمیان تھوڑی دیر آرام کے لیے وقفہ لینے سے متعلق
متعدد مطالعے کیے جا چکے ہیں جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایسا کرنے سے
حافظہ اور کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق اسپین اور اٹلی کے بعض حصوں
میں دوپہر میں آرام کے لیے مختصر وقفہ لینا معمول ہے۔ چین اور جاپان میں
بھی اس تصور کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔
آکسفورڈ کے جرنل سلیپ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بھی یہ بات سامنے
آئی تھی کہ کام کے دوران مختصر سونا کارکردگی کے لیے اچھا ہے۔
لیکن آج بھی اس تصور سے متعلق ملے جلے خیالات سامنے آتے ہیں۔ بہت سے افراد
کام کے دوران چھپ کر مختصر نیند کرلیتے ہیں۔
'اے پی' کے مطابق امریکہ میں بھی بعض افراد کام کے دوران سونے کے مختصر
وقفے کو سستی کے طور پر دیکھتے ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے غیر معمولی
حالات کے علاوہ کام کے دوران سونے پر پابندی ہے۔
امریکہ کی رش یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کے سلیپ میڈیسن فیلوشپ کے پروگرام
ڈائریکٹر جیمز رولی کا کہنا ہے کہ "کام کے اوقات کے درمیان سونے کے وقفے کو
مختصر رکھنا ضروری ہے۔ مختصر جھپکی 'ریسٹوریشن سیشن' یعنی کام کے دوران ذہن
کو دوبارہ تروتازہ کر دیتی ہے جو آپ کو مزید چوکنا رکھتی ہے۔"
ان کے بقول نیپ سیشن 15 سے 20 منٹ کا ہونا چاہیے۔ اس دورانیے سے زیادہ سونے
سے اٹھنے میں مسئلہ اور سستی جیسے دیگر مسائل ہو سکتے ہیں۔
جیمز رولی کا مزید کہناتھا کہ وہ افراد جو اپنی نیند پوری کرنے کے لیے
مستقل طور پر جھپکیوں پر انحصار کرتے ہیں انہیں شاید اپنے سونے کے وقت کی
عادت کا بھی جائزہ لینا چاہیے۔
ماہرین جھپکی کے لیے 20 سے 30 منٹ کا الارم لگا کر سونے کی تجویز دیتے ہیں۔
ہیوسٹن میتھڈسٹ اسپتال اور رائس یونیورسٹی کے محقق ویلنٹن ڈریگی کہتے ہیں
کہ چھ منٹ کی مختصر نیند بھی آپ کی سیکھنے کی صلاحیت کو بہتر بنانے میں
مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
مختصر نیند کے دورانیے کے بارے میں تو آپ نے جان لیا، اب بات کرتے ہیں
ٹائمنگز کی۔ مختصر جھپکی لینے کا صحیح وقت کا تعین کرنا بھی ضروری ہے۔
نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور کے سینٹر فار سلیپ اینڈ کوگنیشن کے ڈائریکٹر
مائیکل چی کا کہنا ہے کہ جھپکی کے لیے بہترین وقت درمیانی دوپہر ہے۔ یہ آپ
کی قدرتی سلیپ سائیکل کے ساتھ ملتا ہے۔
ان کے بقول دن کی روشنی میں کام کرنے والوں کے لیے شام چھ بجے کے بعد جھپکی
لینا ان کی رات کی نیند میں مداخلت کر سکتا ہے۔ |
|
Partner Content: VOA Urdu |
|
Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.