'سب سے بہتر' چیٹ بوٹ گروک 3 جلد آنے کو تیار٬ ایلون مسک کا بڑا دعویٰ
|
|
ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک نے کہا ہے کہ ان کا
آرٹیفیشل انٹیلی جینس(اے آئی) چیٹ بوٹ 'گروک 3' تیاری کے حتمی مراحل میں ہے
اور اسے لگ بھگ ایک یا دو ہفتے میں ریلیز کر دیا جائے گا۔
دبئی میں منعقدہ ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں ویڈیو کال پر خطاب کرتے ہوئے ایلون
مسک نے بتایا کہ گروک 3 کی سمجھنے، سمجھانے کی صلاحیتیں بہت طاقت ور
ہیں۔لہٰذا جو ٹیسٹ اب تک ہم نے کیے ہیں ان میں گروک 3 ان تمام میں سب سے
بہتر ہیں جو اب تک ریلیز ہو چکے ہیں اور جن سے ہم واقف ہیں۔ان کے بقول یہ
ایک اچھا سائن ہے۔
گروک ایلون مسک کی آرٹیفیشل انٹیلی جینس کمپنی 'ایکس اے آئی' کاایک چیٹ بوٹ
ہے۔ ایلون مسک کی جانب سے 2023 میں ایکس اے آئی کی بنیاد مائیکروسافٹ کی
حمایت یافتہ کمپنی 'اوپن اے آئی' اور ایلفا بیٹ کی ملکیت گوگل کے چیلنجر کے
طور پر رکھی گئی تھی۔
اس سے قبل 2015 میں مسک نے سیم آلٹمین کے ساتھ مل کر ایک غیر منافع بخش
ادارے کے طور پر 'اوپن اے آئی' کی بنیاد رکھی تھی۔ لیکن کمپنی کے عروج سے
قبل ہی مسک اس سے الگ ہوگئے تھے۔
اوپن اے آئی مشہور چیٹ بوٹ 'چیٹ جی پی ٹی' بنانے والی کمپنی ہے اور اس کے
سی ای او سیم آلٹمین ہیں۔
دبئی میں کانفرنس سے خطاب کے دوران ایلون مسک نے اوپن اے آئی کے سی ای او
سیم آلٹمین کی مینیجمنٹ پر تنقید بھی کی۔
اس سے قبل پیر کو ایلون مسک کی زیرِ قیادت سرمایہ کاروں کے ایک گروپ نے
آرٹیفیشل انٹیلی جینس کمپنی 'اوپن اے آئی' خریدنے کے لیے 97 ارب ڈالرز سے
زائد کی پیشکش کی تھی۔
اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ وہ ایک غیر منافع بخش ادارے سے ایک منافع بخش
ادارے میں تبدیل ہونے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ بہترین اے
آئی ماڈلز کی تیاری کے لیے درکار سرمایہ حاصل کرنے کے لیے ایسا کرنا ضروری
ہے۔
ایلون مسک نے آلٹمین اور دیگر کے خلاف گزشتہ برس اگست میں مقدمہ دائر کیا
تھا جس میں دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے اے آئی کے فروغ میں عوامی مفاد کو
پیچھے چھوڑ کر منافع کو ترجیح دی جو معاہدے کی شرائط کی خلاف ورزی تھی۔
انہوں نے ایک امریکی عدالت سے درخواست کی تھی کہ وہ اوپن اے آئی کو منافع
بخش اسٹرکچر میں تبدیل ہونےسے روکنے کے لیے حکمِ امتناع جاری کرے۔
جمعرات کو کانفرنس کے دوران ایلون مسک نے 'دبئی لوپ' منصوبے میں شراکت داری
کا بھی اعلان کیا۔ تاہم ان کا انٹرویو کرنے والے متحدہ عرب امارات (یو اے
ای) کے وزیرِ اے آئی عمر العلما اور مسک دونوں نے اپنے منصوبے سے متعلق
مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
دبئی لوپ ایک زیرِ زمین تیز رفتار ٹرانسپورٹ کا منصوبہ ہے جسے ایلون مسک
ورم ہول سے تشبیہ دیتے ہیں۔
ایلون مسک نے کہا کہ یہ ایک ورم ہول کی طرح ہونے والا ہے یعنی آپ شہر کے
ایک حصے سے داخل ہوں اور فوراً ہی شہر کے دوسرے حصے میں پہنچ جائیں۔
ورم ہول ایک تصوراتی سرنگ ہے جس میں زمان و مکان کے ملاپ کو سلنڈر کی شکل
سےبیان کیا جاتا ہے۔ اس کے پیچھے یہ تصور کار فرما ہے کہ زمان و مکان میں
ایسے شارٹ کٹ پائے جاتے ہیں جن سے تیز ترین حرکت کی جاسکتی ہے۔ اس کا تعلق
آئن اسٹائن کے نظریات سے بھی جوڑا جاتا ہے۔ |
|
Partner Content:VOA Urdu |
|