جن نوجوانوں کی شادی کی تاریخ مقرر کی جا چکی ہے اور وہ
عنقریب دولہا بننے والے ہیں تو ہماری کچھ نصیحتیں اپنے پلے سے باندھ لیں ۔
سوائے اپنی جاب یا شاپ کے کہیں بھی اکیلے نہ جائیں کسی سے اکیلے میں نہ
ملیں ۔ کہیں کوئی آپ کو کچھ کھلانے پلانے کی کوشش کرے تو ہرگز نہیں کھائیں
یا پیئیں ۔ چاہے وہ آپ کا کتنا ہی قریبی عزیز دوست یا رشتہ دار ہو ، بُرا
مانتا ہے تو ہزار بار مانے اُس کی ناراضگی آپ کی زندگی سے زیادہ قیمتی نہیں
ہے اُسے مشکوک ثابت کرنے کے لئے اتنا ہی کافی ہے کہ وہ آپ کے انکار کے
باوجود زبردستی آپ کو کچھ کھلانے پلانے پر مُصر ہے ۔
اگر کہیں کچھ کھانے پینے کا موقع آ رہا ہے تو اُسی برتن میں سے لیں جس میں
سے باقی لوگ لے رہے ہیں کوئی چیز بطور خاص صرف آپ کو پیش کی جا رہی ہے تو
صاف انکار کر دیں ۔ زیادہ اصرار کیا جائے تو چائے کی پیالی یا کسی مشروب کا
گلاس ہاتھ بہکنے کے بہانے اسے گرا دینے سے دریغ نہ کریں ۔ شادی والے دن
کوئی حکیمی یا ڈاکٹری دوا کھانے کی کوشش نہ کریں آپ کوئی بیمار ہیں کیا؟
خود پر اعتماد اور یقین رکھیں کہ آپ بالکل صحتمند ہیں کوئی کمی نہیں ہے آپ
میں ۔ آپ کو کسی دوا کی ضرورت نہیں ہے بےجا خوف کو ذہن سے نکال دیں اور ان
نادان دوستوں سے بھی ہوشیار رہیں جو آپ کو الٹے سیدھے مشورے دے رہے ہیں کسی
کی باتوں میں نہ آئیں ۔ آپ کا سب سے بڑا دشمن وہی ہے جو آپ کے لئے کوئی
نسخہ تجویز کر رہا ہے محتاط رہیں ۔ نماز کی پابندی رکھیں اللہ سے خیر کی
دعا مانگیں آپ میں سے جن کا مذہب اسلام نہیں ہے تو جو آپ کا مذہب ہے اس کے
مطابق جو آپ کی عبادت ہے وہ آپ ادا کریں ۔ اور زیادہ سے زیادہ وقت خود اپنے
گھر والوں کے ساتھ رہیں گھر کا کھانا کھائیں کہیں بھی کچھ بھی غیر معمولی
یا خلاف معمول محسوس ہو تو فوراً اُن کے علم میں لائیں ۔
دولہے کے اہلخانہ کو بھی چاہیئے کہ شادی کے دنوں میں اپنے بچے پر خاص نظر
رکھیں اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ کسی سے اکیلے میں ملے جُلے نہیں کسی سے
لے کر کچھ کھائے پیے نہیں ۔ اگر وہ کچھ پریشان یا فکرمند نظر آ رہا ہے تو
اس کی کیفیت کو ہرگز نظر انداز نہ کریں بظاہر ہلکی پھلکی باتوں کو ہلکا نہ
لیں ورنہ یہی کچھ بہت بھاری بھی پڑ سکتا ہے ۔ جن رشتہ داروں سے آپ کی
ناچاقی رہ چکی ہے یا جس کسی کے بھی بارے میں آپ کو علم ہے کہ وہ آپ سے حسد
کرتا ہے تو ان کی طرف سے اپنی آنکھیں اور کان دونوں کو کھلا رکھنے کی ضرورت
ہے ۔ دلہن رخصت ہو کر گھر آ جائے تو رسومات و خرافات کے چکر میں اسے گھنٹوں
کمرے سے باہر نہ بٹھائے رکھیں اُدھر دولہا اپنے کزنوں کے نرغے میں گِھرا
بیٹھا ہوتا ہے یہ رات اُن دونوں کے ایک ساتھ گزارنے کی ہے اس پر صرف اُن کا
حق ہونا چاہیئے مگر ہر کوئی ان کے اتنے قیمتی وقت میں سے اپنا حصہ وصول
کرنے کے چکر میں ہوتا ہے ۔ پھر جو مہلت باقی بچتی ہے اُس میں وہ غریب سوئیں
یا جاگیں؟
صبح میں اگر پورا گھر پڑا سو رہا ہے تو انہیں بھی آرام کرنے دیں اُن کا
دروازہ نہ پیٹ ڈالیں ۔ اگر اُنہیں جگا کر کمرے سے باہر برآمد کرانا ہی ہے
تو فون کال بھی کی جا سکتی ہے ۔ آج کے دور میں اگر اس سہولت کو ایک مہذب
طریقے کے طور پر نہ استعمال کیا جائے تو پھر فائدہ کیا؟ کسی نے اپنے جگر کا
ٹکڑا آپ کے حوالے کیا ہے آپ بھی اپنے لخت جگر کو فراخدلی کے ساتھ اُس کے
نام لگا دیں ۔ انہیں ان کی زندگی کے بہترین دنوں کو ساری عمر کے لئے یادگار
اور خوشگوار بنانے میں بھرپور تعاون کریں انہیں پرائیویسی بھی دیں اور سپیس
بھی ۔ ان کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنائیں ۔ ہمارے ہاں بظاہر بہت سی
چھوٹی موٹی مگر اہم باتوں کو یا تو نظر انداز کر دیا جاتا ہے یا پھر دانستہ
طور پر چشم پوشی کی جاتی ہے جس کا اثر نوبیاہتا جوڑے کی آئندہ زندگی پر
پڑتا ہے ۔ تعلقات میں کشیدگی یا کسی سنگینی کے سرے کہیں نا کہیں جا کے
اُنہی رویوں سے مل جاتے ہیں جن کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ نیز کروڑوں کی آبادی
میں اگر دو چار ایک ہی نوعیت کے اندوہناک واقعات پیش آ جائیں تو اُن سے
پورے معاشرے کی عکاسی نہیں ہوتی مگر یہ اتفاق بھی نہیں ہو سکتا ۔ پس منظر
سے پُراسراریت بھی ظاہر ہوتی ہے اور شکوک و شبہات بھی ابھرتے ہیں سب سے بڑا
محرک حسد ہی ہو سکتا ہے اور اس میں مبتلا لوگ انسانیت کی ساری حدیں پار کر
جاتے ہیں تو ہوشیار رہنے میں ہی بچت ہے ۔ |