اے چاند

اے چاند, تُو ہر رات میرے ساتھ ہوتا ہے، میری کھڑکی کے سامنے، میرے دل کے پاس، مجھے دیکھتا رہتا ہے، انتظار کرتا ہے کہ میں تجھ سے بات کروں، اپنا درد بیان کروں، تُو آج بھی میرے آنگن میں اُتر آیا ہے، جیسے تجھے علم ہے کہ میری رات ہمیشہ کی طرح آج پھر تنہا ہے، کہ میں پھر جاگا ہوں، کہ میری آنکھیں پھر نم ہیں، کہ میرے اندر کچھ ایسا ہے جو کسی کو نہیں بتایا جا سکتا، جو کسی لفظ میں بند نہیں ہو سکتا، جسے میں اپنے لبوں سے ادا نہیں کر سکتا، تجھے میرا کتنا خیال ہے، اور دیکھ میں کتنا بے بس ہوں کہ تجھ سے کچھ کہہ بھی نہیں پاتا، تجھے کچھ بتا بھی نہیں پاتا، جیسے میرے الفاظ میرے حلق میں ہی کہیں جم جاتے ہیں، جیسے میری آواز مجھ سے روٹھ گئی ہو۔ لیکن پھر بھی، آج کچھ کہنا چاہتا ہوں, نہیں، چیخنا چاہتا ہوں، مگر آواز اندر ہی اندر کہیں دم توڑ دیتی ہے۔ تجھ سے بہت کچھ کہنا چاہتا ہوں، مگر ڈرتا ہوں کہ کوءی اور نہ سن لے۔ نہیں، تجھ پر تو میں مکمل بھروسا کرتا ہوں۔ اسی لیے تو تجھ سے بات کر رہا ہوں۔ میں جانتا ہوں کہ تُو میرے راز کو راز ہی رکھے گا۔ کبھی فاش نہیں کرے گا، کبھی مجھے تانہ نہیں دے گا، مجھے میری سوچ پر ملامت نہیں کرے گا، مجھے غلط بھی نہیں سمجھے گا، اگر تُو مجھے اس پر کوءی حل نہ بھی دے سکا، تب بھی میرے ساتھ ہی رہے گا۔

اے چاند، تو نے اُسے دیکھا ہے نا؟ تُو تو جانتا ہے نا کہ وہ کون ہے؟ تُو تو اُس پر بھی اُسی طرح چمکتا ہے جیسے میرے لیے چمکتا ہے، کیا تجھے اُس کے چہرے کی چمک میرے دل کی حالت سے زیادہ خوبصورت لگتی ہے؟ کیا تُو میری خاموشی کو نہیں سنتا؟ کیا تجھے میری آنکھوں کی نمی نظر نہیں آتی؟ کیا تیری سفیدی میں میری راتوں کی سیاہی نہیں گھلی ہوئی؟

میں اُس سے کچھ نہیں کہہ سکا، کبھی ہمت نہ ہوئی، کبھی الفاظ نے ساتھ نہ دیا، کبھی وقت میرے حق میں نہ تھا، اور اب، جب کچھ کہنے کو دل چیخ رہا ہے، تو وقت خاموش کھڑا ہے، جیسے اُس کے ہاتھ میں میرے مقدر کی چابی ہو، اور وہ چابی اب کسی اور کے ہاتھ میں دینے جا رہا ہو۔

میں چاہتا تھا کہ اُسے بتاؤں، کہ وہ میری ہر سانس میں ہے، میری ہر دعا میں، میری ہر تحریر کے پیچھے، میری ہر خاموشی کے اندر، میں چاہتا تھا کہ وہ جانے، کہ اُس کی مسکراہٹ میری سانس تھی، اُس کی آواز میری سماعت تھی، مگر میں نہ کہہ سکا۔

اب وہ کسی اور کی ہونے جا رہی ہے، اور مجھے صرف ایک خوف ہے، ایسا خوف جو میرے خون میں گھل چکا ہے، ایسا ڈر جو میرے ہونٹوں کو بند کر دیتا ہے، ایسا اندیشہ جو میرے دل کو روز تھوڑا تھوڑا مار دیتا ہے، میں ڈرتا ہوں کہ کہیں وہ چلی گئی تو؟ کہیں وہ دور ہو گئی تو؟ کہیں وہ ہمیشہ کے لیے کسی اور کی ہو گئی تو؟ کہیں وہ اُس کے دل میں وہ جگہ پا لے جو میں صرف اپنے لیے چاہتا تھا؟ کہیں وہ اُس کے لبوں پر وہ ہنسی لے آئے جو میرے دل کا خواب تھی؟ میں ڈرتا ہوں کہ کہیں وہ سب کہہ دے جو میں کہہ نہ سکا۔ اے چاند، یہ کیسا خوف ہے جو میں نہ کسی سے کہہ سکتا ہوں، نہ خود سے چھپا سکتا ہوں، میں مسکراتا ہوں، لوگوں کے سامنے ہنستا ہوں، پر اندر کہیں کوئی چیخ رہا ہے۔

میں نہیں جانتا، اے چاند، میں کس سے بات کروں، کس کے سامنے یہ دل رکھوں، سب سمجھتے ہیں کہ میں ٹھیک ہوں، مسکرا رہا ہوں، جیتا جاگتا ہوں، کوئی نہیں جانتا کہ میرے اندر کیا آگ لگی ہے، کوئی نہیں دیکھتا کہ ہر رات میں تیری چمک میں چھپ کر کتنی بار رو چکا ہوں۔

اور اُس سے؟ تُو چاہتا ہے کہ میں اُس سے کہوں؟ نہیں، اُس سے بھی نہیں کہہ سکتا، کیسے کہوں؟ کیا کہوں؟ اور اگر کہہ بھی دوں، تو کیا بدل جائے گا؟ اُس کی ہنسی، اُس کی مسکراہٹ، اُس کی نظروں میں جو چمک ہے، وہ میرے لیے نہیں ہے۔ میں جانتا ہوں، اور یہی سب سے بڑی سزا ہے۔ دل چاہتا ہے، اُسے بتا دوں، لیکن میں کیسے بتاؤں؟ کیسے اُس کی آنکھوں میں دیکھوں؟ کیسے اُس کے لبوں کے سکون کو اپنی بےقراری سے داغدار کروں؟ نہیں، میں نہیں کر سکتا، وہ خوش ہے، مطمئن ہے، اور میں؟ میں بس ایک خاموش پرچھائیں ہوں، جو اُس کی ہنسی کے پیچھے چھپ کر جی رہا ہوں۔

تو اے چاند، ایسا کر کہ تُو ہی میرا گواہ بن جا، تُو ہی میرا قاصد بن جا، تُو جا اُس کے پاس، اور اپنی چمک کے ساتھ میرا احساس بھی لے جا، خاموشی سے، اُس کے خوابوں میں، اُس کی آنکھوں میں، تاکہ جب وہ تجھے دیکھے، تو اُسے کچھ محسوس ہو، کچھ ایسا، جسے وہ سمجھ نہ سکے، مگر اُس کے دل میں ایک لہر سی دوڑ جائے، کہ کوئی ہے، کہیں، جو اُس کے لیے تڑپ رہا ہے، جو اُس کے لبوں پر اپنے جذبات کی خاک چڑھا کر، ہر رات اُس کی سلامتی کی دعا مانگتا ہے۔ جب وہ میرے احساس محسوس کرے تو اُسے کہہ دینا کہ کوئی ہے، جو روز تجھ سے اُس کی باتیں کرتا ہے، جو روز اُسے دعا دیتا ہے، جو روز اُس کے چہرے کی روشنی کے لیے اپنے دل کی جلتی بتی بجھاتا ہے۔ تُو تو سنتا ہے نا؟ تو سنا دے اُسے، کہ کوئی ہے جو اُس کے لیے ہر رات تیری روشنی میں لپٹا بیٹھا رہتا ہے، جو اُس کے بغیر کچھ بھی نہیں۔ اُسے بتا دے، کہ کوءی اُس سے محبت کرتا ہے، ایسی محبت جو خاموش ہے، بےرنگ ہے، بےنام ہے، پر ہے، گہری ہے، سچی ہے، جس میں کوئی شرط نہیں، کوئی دعویٰ نہیں، کوئی امید نہیں، بس ڈر ہے، اُسے کھو دینے کا۔

اُسے کہہ دینا کہ وہ بہت خاص ہے، اُسے یہ بھی کہنا کہ اُس کی موجودگی کسی کی زندگی تھی، اور اب اُس کی دوری کسی کی موت بن رہی ہے۔ کہنا، کوئی تھا جو کچھ نہیں کہہ سکا، مگر سب کچھ سہتا رہا، محض اُس کی خوشی کے لیے۔

اے چاند، تُو صرف ایک روشنی نہیں، تُو میرا راز ہے، میرا دوست ہے، میرا ہمراز ہے۔ تُو جو رات بھر جاگتا ہے، تُو جانتا ہے کہ جاگنے والے کتنے درد میں ہوتے ہیں۔ بس تُو اُس کے لیے دعا کر، اور میرے لیے سکون، کہ میں اب تھک گیا ہوں، تیرے سائے میں روتے روتے، جیتے جیتے، کہ شاید وہ کبھی جانے، یا شاید کبھی نہ جانے، بس میں جانتا ہوں، اور تُو جانتا ہے۔

میں نہیں جانتا وہ مجھے کبھی سمجھے گی یا نہیں، نہ مجھے اُس سے شکایت ہے، نہ میں کسی بدلے کی تمنا رکھتا ہوں، بس ایک خواہش ہے، اے چاند، کہ اگر کبھی اُس کے دل میں تنہائی اترے، تو تُو میری یہ کیفیت اُس کے دل تک پہنچا دینا۔ کہنا، کوئی تھا، جو صرف اُسے دیکھ کر جیتا تھا، جو اُس کے خیال سے اپنی سانسیں ترتیب دیتا تھا، جو اپنی زندگی کو فقط اُس کی یادوں سے جوڑ کر رکھتا تھا، جو کبھی کچھ کہہ نہ سکا۔

اے چاند، تُو بھی تو مجبور ہے، تُو بھی صرف چمک سکتا ہے، بول نہیں سکتا، بس اسی لیے شاید ہم اچھے دوست بن گئے ہیں، تُو میری خاموشی کو جانتا ہے، اور میں تیری۔ تُو ہر رات میرے سامنے آتا ہے، اور میں ہر رات تجھ سے وہ باتیں کرتا ہوں جو میں اُس سے نہیں کر سکتا، اور پھر تو چلا جاتا ہے، اور میں، اُسی خاموشی میں بیٹھا رہتا ہوں، جہاں صرف اُس کی آواز گونجتی ہے، جو کبھی میرے کانوں نے سنی ہی نہیں۔

ہاں، سن! اگر کبھی وہ تجھ سے میری طرح باتیں کرے، تو دیکھ تجھے ہماری دوستی کا واسطہ مجھ سے نہ چھُپانا، مجھے ضرور بتانا کہ وہ تجھے کیا کہتی ہے۔ ہاں اگر وہ تجھ سے کسی اور کی بات کرے، تو پھر مجھے نہ بتانا، اگر اُسے ذرا بھی تکلیف ہو، مجھے ضرور بتانا۔ اب جا اُس کے پاس، اُسے تیری روشنی اور ٹھنڈک کی ضرورت مجھ سے زیادہ ہے۔ بس، میری خبر لیتے رہنا، کہیں دیر نہ ہو جاے۔
 

Shayan Alam
About the Author: Shayan Alam Read More Articles by Shayan Alam: 13 Articles with 4593 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.