چین میں سیاحت کے نئے رنگ ڈھنگ

ابھی حال ہی میں ، چین میں یکم سے پانچ مئی تک جاری رہنے والی یوم مئی کی تعطیلات کے دوران ملک بھر میں سیاحت کو نمایاں فروغ ملا ہے۔ ملک بھر کے خوبصورت علاقوں نے دلکش نظاروں اور رنگارنگ سرگرمیوں کے ساتھ سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ خوبصورت سیاحتی مقامات پر آؤٹ ڈور کیمپنگ، بون فائر پارٹیاں اور ہاٹ ایئر بیلون شوز ایسی دلچسپ سرگرمیاں رہیں جنہوں نے چھٹیاں منانے والوں کو خوب محظوظ کیا۔

مقامی قومیتی ثقافت پر مبنی تقریبات بھی منعقد کی گئیں جن میں سیاحوں کو شریک کیا گیا۔متنوع سیاحتی تقریبات میں گھوڑوں کی قومی دوڑ کا انعقاد بھی شامل رہا جس میں ہزاروں تماشائیوں نے شرکت کی۔اس تقریب میں کھیلوں کے درمیان گھڑ سواری کے اسٹنٹ پرفارمنس بھی پیش کیے گئے۔گھڑ دوڑ کی مقبولیت کا اندازہ یہاں سے لگایا جا سکتا ہے کہ محض تین روز کے اندر دو لاکھ سے زیادہ سیاحوں نے مقام کا رخ کیا ۔ اسی طرح انوکھے مناظر، چٹانوں کے کنارے گھروں اور تاریخی طور پر جڑی ثقافتی رسومات نے سیاحوں کے ہجوم کو اپنی جانب متوجہ کیا ہے۔

منفرد سیاحتی مقامات اور آسان خریداری کے تجربات کے امتزاج کے باعث یوم مئی کی تعطیلات کے دوران چین آنے والے بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔صرف ووہان شہر میں تعطیلات کے دوران اندرون ملک سفر کے آرڈرز میں سال بہ سال 70 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔شہر نے ایک نئی سیاحتی تقریب کا آغاز بھی کیا جس میں چین کے سب سے طویل دریائے یانگسی کے کنارے 11 سیاحتی جہاز اور حیرت انگیز لائٹ شو شامل رہے، جنہوں نے دنیا بھر کے سیاحوں کے لئے رات کے وقت ایک انوکھا تجربہ پیش کیا۔

سیاحت کے علاوہ،چین میں شاپنگ بھی بین الاقوامی سیاحوں کے لئے ایک اہم خصوصیت بن گئی ہے.چین۔یورپ فریٹ ٹرین سروس کے ذریعہ چلنے والے موثر لاجسٹک نیٹ ورک کی بدولت ، بہت سے بین الاقوامی سیاح اپنی خریدی گئی اشیا براہ راست اپنے گھروں کو بھیج سکتے ہیں۔چین نے حال ہی میں ایک نئی پالیسی بھی متعارف کروائی ہے جس کے تحت غیر ملکی سیاح 200 یوآن تک کی خریداری پر فوری ٹیکس ریفنڈ کی سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں ۔چین کی معروف آن لائن ٹریول ایجنسی ٹرپ ڈاٹ کام گروپ کے مطابق ٹیکس ریفنڈ پالیسی کی وجہ سے چین میں پانچ روزہ یوم مئی کی تعطیلات کے دوران ان باؤنڈ ٹورازم آرڈرز کی تعداد سال بہ سال 173 فیصد تک بڑھی ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ ترقی یافتہ ممالک اور عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقامات کے مقابلے میں چین کی ان باؤنڈ سیاحتی مارکیٹ اب بھی ترقی کے وسیع امکانات رکھتی ہے۔اٹلی اور فرانس کے جی ڈی پی کا تقریبا 2 فیصد اندرون ملک سیاحت سے ہونے والی آمدنی ہے ، اور یہ ترقی یافتہ ممالک اور عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقامات ہیں۔ جاپان میں یہ شرح تقریبا 1.3 فیصد ہے۔ تاہم، چین میں، ان باؤنڈ سیاحت کی آمدنی جی ڈی پی کا تقریبا 0.5 فیصد ہے. مورگن اسٹینلے سمیت بین الاقوامی تحقیقی اداروں کے مطابق، چین کی ان باؤنڈ ٹورازم مارکیٹ میں اگلی دہائی میں 4 سے 8 گنا اضافے کی توقع ہے۔

یوم مئی کی تعطیلات کے دوران عمر رسیدہ سیاحوں نے بھی ریلوے کی بدولت سیاحتی سرگرمیوں سے بھرپور لطف اٹھایا ہے۔چینی حکام سمیت تفریحی مقامات نے بزرگ سیاحوں کے سفری تجربے کو بہتر بنانے کے لئے بہترین ریلوے سروس ، قابل رسائی پیدل چلنے کے راستے اور روبوٹک ہائیکنگ اسسٹنٹ شامل کیے۔بزرگوں کے حوالے سے تشکیل کردہ ٹور پیکجز میں اب تندرستی ، ثقافتی ورثہ ، اور بزرگ سیاحوں کی ترجیحات سے مطابقت رکھنے کے لئے سست رفتار سفر کے آپشنز شامل ہیں۔

چین میں روبوٹک ٹیکنالوجیوں کی تیز رفتار ترقی نے ملک میں بہت سے خوبصورت مقامات کو سیاحوں کے تجربے کو تازہ کرنے اور مالامال کرنے کے لئے روبوٹس کا استعمال کرنے کے قابل بنایا ہے۔ یوم مئی کی تعطیلات کے دوران روبوٹ سے متعلق متعدد تجربات متعارف کرائے گئے۔سیاحتی مقامات پر یونیورسٹیوں اور ٹیک کمپنیوں کو روبوٹ ٹیموں کی ریس کے لئے مدعو کیا گیا. سیاحوں کے لئے ایک انٹرایکٹو زون بھی قائم کیا گیا تاکہ مختلف امور کو انجام دینے کے لئے روبوٹس کو عارضی طور پر کنٹرول کیا جاسکے۔

سیاحتی مقامات پر صفائی ستھرائی کو برقرار رکھنے کے لیے روبوٹ کتوں کا بھی استعمال کیا گیا۔ ان مکینک کتوں نے سامان اور کچرا لے جانے کے لیے پورٹرز کی جگہ لے لی ہے، جو سیاحتی مقام پر ایک اور "لینڈ اسکیپ" بن گیا ہے۔ پہاڑی پارکس میں سیاحت کو مزید دلکش بنانے کے لیے کرایہ پر مصنوعی ذہانت سے لیس ایکسوسکیلیٹن روبوٹ بھی پیش کیے گئے۔ایکسو سکیلٹن روبوٹ سیاحوں کو جسمانی آزمائش سے بچاتے ہوئے تیزی سے چڑھائی چڑھنے میں مدد کرتے ہیں ، جس سے پہاڑوں پر چڑھنا سیاحوں کے لئے زیادہ خوشگوار اور آرام دہ تجربہ بن جاتا ہے۔یوں ، سیاحت کو جدید ٹیکنالوجی اور نئی دلچسپ سرگرمیوں کے امتزاج سے ایک منافع بخش صنعت میں ڈھالا گیا ہے، جو اس وقت ملکی معیشت کا ایک نمایاں پہلو بن چکی ہے۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1483 Articles with 776746 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More