ابھی حال ہی میں چین میں نجی معیشت کے فروغ کا قانون نافذ
العمل ہوا ، جو ملک کے نجی شعبے کی ترقی میں ایک سنگ میل اور سوشلسٹ مارکیٹ
کی معیشت کی تعمیر میں ایک نمایاں پیش رفت ہے۔ نو ابواب میں 78 مضامین پر
مشتمل یہ قانون منصفانہ مسابقت ، سرمایہ کاری اور مالی اعانت کے فروغ ،
سائنسی اور تکنیکی جدت ، ریگولیٹری واقفیت ، خدمات کی حمایت ، حقوق اور
مفادات کے تحفظ اور قانونی ذمہ داریوں جیسے شعبوں کا احاطہ کرتا ہے ۔
اس قانون کی ضرورت کیوں پیش آئی ؟ اگر اس سوال کا مختصراً جواب دیا جائے تو
نجی کمپنیاں ایک طویل عرصے سے چین کے معاشی عروج کے پیچھے ایک کلیدی محرک
قوت رہی ہیں ، جو جی ڈی پی میں 60 فیصد سے زیادہ اور شہری روزگار میں 80
فیصد سے زیادہ حصہ ڈالتی ہیں ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ مارچ 2025 کے آخر تک
، ملک میں رجسٹرڈ 57 ملین سے زیادہ نجی کمپنیاں فعال تھیں جو چین میں
مجموعی کاروباری اداروں کا 92 فیصد سے زیادہ ہیں ۔
اس ضمن میں چین کا اہم اقتصادی منصوبہ ساز ادارہ نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ
ریفارم کمیشن تین اہم اقدامات کے ذریعے قانون کے نفاذ کو فروغ دے گا۔ ان
میں قومی سطح پر تشہیری مہمات کا آغاز ، معاون پالیسیوں کے اطلاق کو تیز
کرنا اور متعلقہ محکموں اور مقامی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرنا شامل ہے
تاکہ نجی کمپنیوں کے خدشات کو دور کیا جا سکے ۔
معاون پالیسیوں کے لحاظ سے کمیشن اور متعلقہ محکموں نے سات کلیدی شعبوں میں
53 مخصوص اقدامات کا خاکہ پیش کیا ہے ۔ ان میں سے بہت سی پالیسیاں پہلے ہی
متعارف کرائی جا چکی ہیں ، جیسے کہ سماجی کریڈٹ نظام کو بہتر بنانے کے لیے
رہنما خطوط اور بازار تک رسائی میں حائل رکاوٹوں کو ختم کرنے کے لیے
اقدامات وغیرہ ۔ مستقبل میں ، ایک تفصیلی فالو اپ میکانزم قائم کیا جائے گا
تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ہر اقدام کو مؤثر طریقے سے نافذ کیا گیا ہے
۔
اسی طرح ،نجی کمپنیوں کے خدشات کو دور کرنے کے لیے ، مقامی حکومت کے نئے
خصوصی بانڈز کا استعمال کیا جائے گا ، غیر پیشہ ورانہ طرز عمل کے لیے
پابندیوں کو مضبوط کیا جائے گا ، تاخیر سے کی جانے والی ادائیگیوں کے خاتمے
میں تیزی لائی جائے گی ، تمام خطوں میں قانون کے ناجائز اور منافع بخش
اطلاق کو روکنے کے لیے خصوصی کارروائیاں کی جائیں گی ، اور شفافیت کو
بڑھانے کے لیے کمپنیوں سے متعلق الزامات کی طویل مدتی نگرانی کو بہتر بنایا
جائے گا ۔
ماہرین کے نزدیک نجی معیشت کے فروغ کا قانون بنیادی طور پر نجی کمپنیوں کو
درپیش مسائل کا بخوبی ادراک کرتا ہے اور اس شعبے میں ملک کی پختہ حمایت کی
عکاسی کرتا ہے ۔ اس سے عالمی صنعتی تنظیم نو اور بڑھتی ہوئے تحفظ پسندی کے
دور میں توقعات کو مستحکم کرنے اور مارکیٹ اعتماد کو مضبوط کرنے میں مدد
ملتی ہے ۔
یہ قانون پیداواری عوامل اور عوامی وسائل تک مساوی رسائی کی ضمانت دے کر
اور قانونی تحفظات کے ذریعے چھپی ہوئی رکاوٹوں کو دور کر کے نجی کمپنیوں کے
بنیادی خدشات کو براہ راست حل کرتا ہے ۔ مارکیٹ تک یکساں رسائی اس بات کی
واضح علامت ہے کہ نجی کمپنیاں منصفانہ انداز میں مقابلہ کر سکتی ہیں اور
قومی ترقی میں زیادہ گہرائی سے حصہ لے سکتی ہیں ۔ یہ نجی کاروباری اداروں
کو اپنے دائرہ کار کو وسعت دینے اور ان کی پیشہ ورانہ حکمت عملیوں کو بہتر
بنانے کے لیے انتہائی سازگار ہے ۔
چینی ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ یہ قانون نجی کمپنیوں کو اہم قومی حکمت
عملیوں میں حصہ لینے اور ابھرتی ہوئی صنعتوں میں سرمایہ کاری کرنے میں مدد
کرتا ہے ، ساتھ ساتھ ان کے لیے تکنیکی اختراع میں آگے بڑھنے اور رکاوٹوں کے
چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اعتماد کا ذریعہ بھی ہے ، جس سے اعلیٰ معیار کی
نئی پیداواری قوتوں کو فروغ دینے میں مدد ملتی ہے ۔
نجی شعبے کے فروغ کا قانون چین کی پالیسی پر مبنی اقتصادی حکمرانی سے قواعد
پر مبنی حکمرانی کی طرف منتقلی کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ محض عارضی رکاوٹوں
کو حل کرنے کے بجائے، مساوی رسائی کو یقینی بنانے، جدت کو فروغ دینے اور
نجی کاروباروں کے حقوق کا تحفظ کرنے کے لئے میکانزم قائم کرتا ہے۔ نظاماتی
حفاظتی قدروں اور شفافیت کو شامل کرکے، یہ قانون نہ صرف مقامی سرمایہ کاروں
کے اعتماد کو مستحکم کرتا ہے بلکہ عالمی اقتصادی حکمرانی کے لیے ایک منفرد
چینی نقطہ نظر بھی پیش کرتا ہے۔
|