اگر ہے جذبہ تعمیر زندہ

پدھراڑ ویلفیئر سوسائٹی کی کاوشوں اور خدمات کو خراج تحسین

تحریر: پروفیسر حافظ وسیم آکاش
خالق کائنات نے حرف کن سے اس عالم رنگ و بو کو اپنی قدرت کاملہ کے ذریعے اشرف المخلوقات کا مسکن بنایا۔انسان کو شعور ذات دینے کے بعد خود مختار بنایا۔علم وحکمت اور فہم و فراست کو اس کی وراثت بنا کر اسے فیصلہ کرنے اور بہترین حکمت عملی اختیار کرنے کی صلاحیت عطا کی۔پھر اسی انسان نے اس کائنات کو مسخر کرنا شروع کیا،بستیاں بسائیں،شہر بنائے،ریاستیں اور ملک بنا ڈالےاور اپنےفہم و ادراک سے ترقی کی نئی راہیں یوں ہموار کرتا چلا گیا کہ زمین کے حصار سے ماورا ہوکر دیگر سیاروں کو بھی مسخر کرتا چلا گیا۔

یہ سب اشرف المخلوقات کی فہم و فراست،تدبر ،انتظامی بصیرت ہی کے باعث ممکن ہوا ، ورنہ اتنی بڑی کائنات کے ماحول کو سمجھنا اس گوشت پوست کے انسان کے بس میں نہ تھا۔اقوام عالم کی تعمیر و ترقی عوام کی مشترکہ کاوشوں اور انتظامی قابلیتوں کے ذریعے ہی ممکن ہوئی ۔عصر حاضر میں وہی قومیں قدر و منزلت اور تعمیر و ترقی کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں جو اپنی مدد آپ کے تحت اپنے معاشرے کی فلاح وبہبود کے لئےسرگرم عمل ہیں اور کامیابی سے ہمکنار ہو رہی ہیں۔تتعمیری اور انقلابی سوچ نے ہر سطح پر رنگ و نسل، فرقہ واریت،تعصب،سیاست اور باہمی منافرت سے ماورا ہوکر ملک و قوم کی خوشحالی کے لئے اہم کردار ادا کیا ہےاور اتحاد و یگانگت کی لازوال مثالیں قائم کی ہیں۔

پدھراڑویلفیئر سوسائٹی(ضلع خوشاب،پنجاب،پاکستان)محض ایک سوچ نہیں بلکہ تعمیر و ترقی اور علاقہ بھر کی فلاح وبہبود اورخوشحالی کے لئے ایک منظم اور باضابطہ کاوش ہے، جس نے قلیل مدت میں وہ کارہائے نمایاں سرانجام دیئے ہیں جن سے یہ علاقہ عرصہ دراز سے محروم تھا۔ترقی کیا ہے؟ ترقی دراصل محرومیوں سے نجات کا نام ہے،بنیادی سہولتوں سے مستفید ہونے کا نام ہے۔چند افراد نے پدھراڑ کے بہتر مستقبل کے لئے ایک پلیٹ فارم بنایا ،جس کا مقصد اہلیان پدھراڑ تک بنیادی ضروریات کی رسائی اورمعاشرتی امن و استھکام فراہم کرنا تھا۔اوائل میں ملک محمد آصف اعوان مدونہ ،ڈاکٹر حافظ ملک محمد ناصر اعوان،ہیڈماسسٹر ملک محمد منیر اعوان،سید محمد عثمان شا ہ ،غلام حسین،ملک آصف فیروز اعوان، ملک ذیشان اعوان اور دیگر صاحبان نے وٹس ایپ گروپ کی شکل میں سوسائٹی کا سفر شروع کیا۔اور اہل علاقہ کو سوسائٹی کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔

سال 2023ء میں اس قافلے میں ایک ایسی شخصیت شامل ہوئی جس نے اپنی دانشمندی،بردباری،متانت اور انتظامی قابلیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے سوسائٹی کو نہ صرف منظم انداز میں رجسٹرڈ کروایا بلکہ ایک منشور اور ایک لائحہ عمل بھی عطاکیااور اہل علاقہ کو اپنی پروقار شخصیت اور حسن اخلاق سےسوسائٹی کے پلیٹ فارم پر جس انداز میں یکجا کیا ،وہ بےمثال ہے۔بلاشبہ وہ قابل تحسین شخصیت لیفٹیننٹ کرنل (ریٹائرڈ)ملک محمد اسلم اعوان ہیں کہ جن کی پکار پر اہل علاقہ نے طبقاتی،سیاسی،سماجی،لسانی و مذہبی تفریق سے بالا تر ہوکرلبیک کہا اور ایک آواز بن کر پدھراڑویلفیئر سوسائٹی کے ساتھ تعاون کے لئے قدم بڑھایا۔آپ چونکہ پہلے ہی انسان دوستی اور خوش اسلوبی کی بناپر خاص و عام میں مقبولیت رکھتے تھے،اور کسی ستائش یا صلے کی تمنا سے بےنیاز ہوکرعوامی خدمت کو اپنا اخلاقی فریضہ سمجھتے تھے۔سوسائٹی کے لئے آپ کی بے لوث قیادت کی بنا پراندرونی و بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈونرز نےدل کھول کر فندنگ کی ،جس کے نتیجے میں نہایت قلیل مدت میں متعدد منصوبہ جات پر کام کیا گیا،اور یکے بعد دیگرے ہر منصوبہ نہایت منظم انداز میں پایہءتکمیل تک پہنچا۔بلاشبہ آپ کی خدمات کو اگر علامہ اقبال رحمتہ اللہ علیہ کے اس شعر کا عکاس کہا جائے تو مبالغہ نہ ہوگا:
؎ نگاہ بلند ،سخن دل نواز ،جاں پرسوز یہی ہے رخت سفر،میر کارواں کے لئے

کرنل صاحب کی رہنمائی میں رجسٹریشن کے مراحل طے ہونے کے بعد سوسائٹی کی باضابطہ تشکیل ہوئی ،جس میں سرپرست اعلی ح حاجی ملک محمد یوسف اعوان،صدر ہیڈماسٹر محترم ملک محمد منیر اعوان،جنرل سیکرٹری محمد نعیم آصف،فنانس سیکرٹری ڈاکٹر حافظ محمد ناصر اعوان، جبکہ ممبران کمیٹی میں ملک محمد قاسم اعوان،ملک بلال ممتاز اعوان، ملک محمد عابد حسین فاضل کے اسماء شامل ہیں۔پدھراڑ ویلفیئر سوسائٹی کی کاوشوں سے پایہء تکمیل تک پہنچنے والے پراجیکٹس کی تفصیل کچھ یوں ہے:
1۔ واٹر سپلائی (آب کوثر)پراجیکٹ ،سولر سسٹم سے آراستہ جس سے 88 گھروں کو پانی کی سپلائی میسر آئی 2۔ واٹر سپلائی (تاجدارمدینہ )پرجیکٹ، سولر سسٹم سے آراستہ، جس سے 265گھروں تک پانی کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔3۔واٹر سپلائی (دربار کالونی)پراجیکٹ ،سولر سسٹم سے آراستہ ،جس سے 100 گھروں کو پانی کی فراہمی ممکن ہوئی ۔4۔واٹر کولر پراجیکٹ سےمختلف مقامات پر عوام تک ٹھنڈے پانی کی فراہمی ممکن بنائی گئی 5۔ انتظارگاہوں کی مرمت کی گئی 6۔مرکزی نالہ برائے نکاسیء آب تعمیر کیا گیا7۔قبرستانوں کی دیواروں کی تعمیر سے لے کر صفائی اور مرمت تک کا کام بطریق احسن کیا گیا8۔سڑکوں کی مرمت اور النور روڈ پراجیکٹ کی تکمیل کی گئی9۔چھوٹی بڑی گلیوں کی مرمت اور نالیوں کی صفائی ستھرائی کا انتظام کیا گیا10۔مرکزی اور ذیلی جنازہ گاہوں کی مرمت اور رنگ و روغن کا تسلی بخش کام کیا گیا۔11۔غرباء و مساکین اعانت پراجیکٹ کے ذریعے مستحقین کی امداد کا فریضہ سرانجام دیاگیا12۔شجر کاری پراجیکٹ کے ذریعے مختلف مقامات پر پودے لگائے گئے13۔سولرلائٹس پراجیکٹ کے ذریعے عوامی مقامات ، قبرستانوں اور جنازہ گاہوں میں سولر لائٹس لگوائی گئیں14۔عید الاضحی کے موقع پر آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لئے ایک منظم ٹیم تشکیل دی گئی ، جس نے علاقے میں تعفن کو روکنے کے لئے اقدامات کئے۔15۔ خوانچہ فروشوں (پھیری والوں)کے حوالے سے سکیورٹی اقدامات کئے گئے تاکہ علاقے میں راہزنی، چوری اور ڈکیتی جیسی وارداتوں سے تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔16۔نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے بچانے کے لئے منشیات فروشوں کے خلاف سخت اقدامات کرتے ہوئے قانون کا بھرپور ساتھ دیا گیا۔
یوں پدھراڑ کی غیور عوام نے باہمی اتحاد و یگانگت سے قلیل مدت میں ان سب کامیابیوں کی تاریخ رقم کی اور علاقے کی حالت کو بدل کر یہ ثابت کیا کہ:
؎ ہم خود تراشتے ہیں منازل کے سنگ و میل ہم وہ نہیں کہ جن کو زمانہ بنا گیا

موضع پدھراڑ،جسے1970ءسے سیاست کے میدانوں میں کونسلر سے ضلع ناظم تک،ممبر صوبائی اسمبلی،ممبر قومی اسمبلی سے صوبائی وزیر اور سینیٹر کے عہدے تک کے افراد کی شرکت کا اعزاز حاصل ہے،تاہم سوسائٹی کی سب سے خاص بات یہ رہی کہ اس نے کسی سیاسی کارکن یا جماعت کی پشت پناہی نہیں لی اور نہ ہی کسی این-جی-او کا سہارا لیا بلکہ خود انحصاری اور اپنی مدد آپ کے تحت اس کار خیر میں حصہ لیااور اس قدر حیران کن فنڈنگ ہوئی جو تاریخ میں اس سے قبل کبھی نہ ہوسکی۔ماہانہ فنڈنگ کی رقم کم سے کم 500 روپے رکھی گئی جس سے متفرق اخراجات پورے کئے جاتے ہیں،جبکہ بڑے پراجیکٹس کے لئے الگ فنڈنگ ہوتی ہے جس میں مخیر حضرات اور خاص طور پر بیرون ملک مقیم احباب بھرپور تعاون کرتے ہیں۔اور سوسائٹی کی کامیابی کا سہرابھی انہی ڈونرز حضرات کے سر جاتا ہے کہ جنہوں نے سیاسی بنیادوں سے ہٹ کر فندنگ میں بھرپور حصہ لیا۔ اس کے علاوہ سوسائٹی کے ملازمین،ورکرز اور رضاکاران کو بہترین کارکردگی کی بنا پر داد تحسین اور انعامات سے بھی نوازا جاتا ہے۔

المختصر! تاریخ انسانی گواہ ہے کہ معاشرے کی فلاح و اصلاح کے لئے اٹھا ہوا ہر مثبت قدم ہمیشہ ترقی اورکامیابی کا ضامن رہا ہے۔اس ضمن میں رستے میں آنے والی ہر رکاوٹ سے باہمی مشاورت، اتحاد، خلوص اوربھائی چارے سے نجات ممکن ہے۔پدھراڑ ویلفیئر سوسائٹی ،علاقے کے ہر فرد کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کی ضامن ہے۔امید واثق ہے کہ پدھراڑ کا ہر فرد سوسائٹی کی ان بےلوث خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ہر مرحلے میں انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دے گا تاکہ آج کے اس پرآشوب دور میں پدھراڑ کے عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کےساتھ ساتھ خوشحالی اور امن کا گہوارہ بنایا جا سکے۔چونکہ قوم کی تقدیر ،قوم کی سوچ اور عمل کا نتیجہ ہوتی ہے، اس لئے وہ دن دور نہیں جب پدھراڑ کا ہر رہائشی ملک پاکستان کا ایک باوقاراور خود مختار شہری ہوگااور یہ ثابت کرے گا :
؎ اگر ہے جذبہء تعمیر زندہ تو پھر کس چیز کی ہم میں کمی ہے
اللہ رب العزت اہلیان پدھراڑ اور ملک پاکستان کو اپنی حفظ و امان میں رکھے! آمین
 

Waseem Akram
About the Author: Waseem Akram Read More Articles by Waseem Akram: 7 Articles with 4993 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.