دوستانہ کاروبار

دوستانہ کاروبار
تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ
چین کا شہر "ای وو" ایک طویل عرصے سے "دنیا کی سپر مارکیٹ" کے طور پر جانا جاتا ہے۔اب یہاں فعال غیر ملکی کاروباری افراد کو چین کی مستقبل کی ترقی کے اہم محرک کے طور پر باضابطہ طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔"ای وو" شہر، چین کے صوبہ زے چیانگ میں ایک مصروف مرکز ہے جس کے 230 سے زیادہ ممالک اور خطوں کے ساتھ تجارتی مراسم ہیں۔ تقریباً بارہ لاکھ افراد پر مشتمل یہ کاؤنٹی سطح کا شہر دنیا بھر میں روزمرہ اشیاء کی سب سے بڑی مارکیٹ کی موجودگی کی وجہ سے مشہور ہے۔ ایک ایسا شہر جہاں آپ دنیا کی تمام چھوٹی بڑی کارآمد چیزیں خرید سکتے ہیں ۔ لباس، جوتے اور ٹوپیاں، ہارڈ ویئر، گھڑیاں، کھلونے غرضیکہ آپ کی روزمرہ ضرورت کی تمام چیزیں یہاں مل سکتی ہیں۔

ابھی حال ہی میں "ای وو" نے غیر ملکی تجارت کے حوالے سے قابل افراد کی باقاعدہ توثیق کے لیے ملک کا پہلا معیاری نظام شروع کیا ہے۔جون میں شروع ہونے والا یہ تجرباتی پروگرام روایتی قابلیت کے معیار سے ایک تبدیلی کی علامت ہے جو صرف تعلیم یا تکنیکی سرٹیفیکیشن پر مرکوز تھا،یہ غیر ملکی قابل افراد کی حقیقی کاروباری شمولیت کے لئے انعامات دیتا ہے۔نئے رہنما اصولوں کے تحت، کوئی بھی غیر ملکی جس کے پاس درست ورک پرمٹ اور "ای وو" میں رجسٹرڈ کمپنی ہے، اگر وہ کلیدی کارکردگی کے معیارات جیسے درآمد و برآمد کی مقدار، ملازمت کی تخلیق، یا طویل مدتی مقامی سرگرمیوں کے معیار پر پورا اترتا ہے، تو اسے اے یا بی سطح کی قابلیت کے طور پر درجہ بند کیا جا سکتا ہے۔بی سطح کی قابلیت کے تحت اب دو سے چار سال کے ورک پرمٹ کا حصول ممکن ہے اور پہلے کی نسبت ہر سال تجدید کی ضرورت نہیں ہے۔ اسی طرح، اے سطح پانچ سالہ ورک پرمٹ کو یقینی بناتی ہے ، جو ترجیحی خدمات اور تیز منظوریوں کے ساتھ ہوتی ہے۔

چینی حکام کے نزدیک غیر ملکی کاروبار اور سرمایہ کار چین کی جدید کاری کے اہم شرکت دار ہیںا۔ یہ تجرباتی پروگرام ان کی کاروباری حیثیت کے لئے ادارہ جاتی حمایت فراہم کرتا ہے اور تجارت اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اعلیٰ معیار کی ترقی کا ایک ماڈل ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ جون کے آخر تک،"ای وو" میں 609 سے زائد غیر ملکی کاروباری افراد کی اس پروگرام کے تحت تصدیق کی جا چکی ہے ، جو 8,600 سے زائد غیر ملکی ورک پرمٹ ہولڈرز کمیونٹی کا حصہ ہے، جو "ای وو" کو غیر ملکی ملازمت کے لئے زے چیانگ کا اعلی ترین شہر بنا دیتی ہے۔

اس شہر میں واقع ای وو انٹرنیشنل ٹریڈ مارکیٹ میں تقریباً 75 ہزار تاجر کام کرتے ہیں۔اس مارکیٹ کی وسعت کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ اندازے کے مطابق اگر اس تجارتی سینٹر میں ہر روز 8 گھنٹے رکیں اور ہر دکان میں 3 منٹ ٹھہریں، تو تمام دکانوں کو دیکھنے میں ایک سال اور پانچ ماہ لگ سکتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ہزاروں بین الاقوامی کاروباری افراد اپنے چینی ہم منصبوں کے ساتھ تجارت کرنے کے لئے روزانہ یہاں آتے ہیں اور آج وہ چینی معاشرے کا ایک اہم حصہ بن چکے ہیں.اسی طرح ہر سال لاکھوں غیر ملکی تاجر بھی اس مارکیٹ سے خریداری اور کاروباری سمجھوتوں کی تلاش میں ای وو کا رخ کرتے ہیں۔

حالیہ برسوں میں یہاں کام کرنے والی کمپنیوں نے اپنی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سرمایہ کاری کو مضبوط کیا ہے ، ڈیجیٹل تبدیلی کی صلاحیت کو بلند کیا ہے، اور نئی مصنوعات کی لانچنگ اور معیار اور کارکردگی کو بہتر بنا کر اپنی مارکیٹ مسابقت کو بہتر بنایا ہے۔اسی طرح حالیہ عرصے میں ای وو انٹرنیشنل ٹریڈ مارکیٹ نے لائیو اسٹریمنگ اور ای کامرس، ڈیجیٹل معیشت کے مواقع سے بھی فائدہ اٹھا کر اپنی معاشی ترقی کو فروغ دیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ حالیہ تین سے پانچ سالوں میں یہاں کے کاروباری اداروں کی ترقی کی شرح میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔دوسری جانب ای وو مارکیٹ آپریشن سے وابستہ صنعتی چین کی مختلف معاون خدمات ، جیسے لاجسٹکس ، ایکسپریس ڈلیوری ، ای کامرس اور دیگر صنعتوں کو بھی ایک نئی توانائی ملی ہے جس سے نہ صرف چینی کاروباری افراد بلکہ اُن کے غیر ملکی شراکت داروں کے لیے بھی نت نئے منافع بخش ثمرات کا حصول ممکن ہوا ہے۔

 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1557 Articles with 835075 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More