بھارت کامکروہ چہرہ بے نقاب
(Haseeb Ejaz Aashir, Lahore)
تحریر: حسیب اعجاز عاشر 18 مئی 2025 کو سندھ کے ضلع بدین میں ایک نہتے سماجی کارکن عبد الرحمان کا بہیمانہ قتل محض ایک ٹارگٹ کلنگ نہیں تھا بلکہ اس کے پیچھے بھارت کی خفیہ ایجنسی "را" کے ناپاک عزائم چھپے ہوئے تھے۔ قتل کے بعد بھارتی میڈیا نے کھلم کھلا جشن منایا اور یہ پروپیگنڈا کیا کہ بھارت نے پاکستان کے اندر اپنے دشمن کو ختم کر دیا ہے۔ لیکن دشمن یہ بھول گیا کہ پاکستان کی انٹیلی جنس دنیا کی ان چند فورسز میں شمار ہوتی ہے جو نہ صرف دشمن کے منصوبوں کو وقت سے پہلے بھانپ لیتی ہیں بلکہ انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہیں۔ یہ کوئی پہلا موقع نہیں کہ بھارت نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی ہو۔ ماضی کے اوراق پلٹ کر دیکھیں تو ہمیں بھارت کی درجنوں گھناونی کارروائیوں کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ 1971 میں مشرقی پاکستان میں مکتی باہنی کو منظم کرنا، کراچی میں لسانی و فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دینا، بلوچستان میں علیحدگی پسندوں کو فنڈنگ دینا اور اسلحہ فراہم کرنا یہ سب بھارت کے دیرینہ ایجنڈے کا حصہ رہے ہیں۔بھارت کے ان مکروہ عزائم کے باوجود تاریخ یہ بتاتی ہے کہ اسے ہر بار ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ 1965 کی جنگ میں بھارتی خواب چکنا چور ہوئے، 1971 کے بعد بھی پاکستان نے خود کو دوبارہ منظم کر کے دنیا میں اپنی جگہ بنائی، اور 1999 کی کارگل جنگ نے بھارتی فوج کو شدید خفت سے دوچار کیا۔ بھارتی میڈیا آج بھی کارگل کی یاد آتے ہی خاموش ہو جاتا ہے۔ابھی پچھلے غم بھولے نہیں تھے کہ معرکہ حق میں پاک فوج کے شاہینوں کے ہاتھوں رسوائی نے مودی سرکار کو کہیں کا نہیں چھوڑا۔ مودی سرکار کھلے میدان میں ہزیمت اٹھانے کے بعد پاکستان کو اندرونی طور پر غیر مستحکم کرنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ بدین میں عبد الرحمان کا قتل اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی۔ لیکن جب معاملہ سی ٹی ڈی سندھ اور حساس اداروں کے سپرد ہوا تو تحقیقات نے وہ حقائق آشکار کیے جنہوں نے بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا۔ بھارتی ایجنٹ سنجے سنجیو کمار عرف "فوجی" کے حکم پر چلنے والا پورا نیٹ ورک پکڑا گیا، چھ دہشت گرد گرفتار ہوئے، اسلحہ، موبائل فون اور فنڈنگ کے ناقابلِ تردید شواہد سامنے آئے۔یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے ادارے ہر پل دشمن کے منصوبوں پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ بھارت لاکھ کوشش کر لے لیکن پاکستان کے شیردل جوان اور حساس ادارے اس کے ناپاک خوابوں کو کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔ مودی حکومت کی پریشانی اس وقت کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ ایک طرف عالمی سطح پر بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا جا رہا ہے,کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں، خالصتان تحریک کے رہنماؤں کے قتل میں بھارتی ایجنسیوں کا ملوث ہونا، اور کینیڈا، امریکہ، برطانیہ تک میں بھارتی خفیہ نیٹ ورکس کی سرگرمیاں۔ دوسری طرف پاکستان بھارت کی ہر اندرونی سازش کو وقت سے پہلے ناکام بنا رہا ہے۔یہ حقیقت اب ڈھکی چھپی نہیں رہی کہ بھارت عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہے۔ کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے کھل کر بھارت کو بے نقاب کیا، امریکی عدالتوں نے بھارتی ایجنٹوں پر فرد جرم عائد کی، اور برطانیہ سمیت کئی ممالک نے بھارتی خفیہ نیٹ ورکس کو توڑنے کے لیے تحقیقات شروع کیں۔ یہ سب بھارت کے لیے کسی ذلت سے کم نہیں۔ اس کے برعکس، پاکستان دنیا میں اپنا وقار بڑھا رہا ہے۔ امن کی بات ہو یا دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ، پاکستان ہمیشہ صفِ اول میں رہا ہے۔ آج پاکستان کے فوجی اور انٹیلی جنس ادارے دنیا کو یہ باور کرا رہے ہیں کہ یہ ملک نہ صرف اپنی سرزمین کو محفوظ رکھ سکتا ہے بلکہ خطے میں امن قائم کرنے میں بھی کردار ادا کر سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عالمی برادری پاکستان کے مثبت کردار کو تسلیم کر رہی ہے۔ بھارت کے پرانے اور حالیہ منصوبے ناکام ہو چکے ہیں۔ مستقبل میں بھی وہ جتنی سازشیں کرے گا، اتنی ہی بار اسے شرمندگی اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان کی سرزمین محفوظ ہے، پاکستانی عوام باشعور ہیں، اور ادارے ہر وقت چوکس ہیں۔مودی سرکار کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کا خواب محض ایک سراب ہے۔ پاکستان ایک حقیقت ہے، ایک طاقت ہے اور ایک روشن مستقبل کی علامت ہے۔ |