عمرہ کے مقدس سفر میں ٹریول ایجنٹس کی جعل سازی اور ذمہ دار اداروں کی غفلت

*از قلم : محمد ارسلان شیخ*


عمرہ اور حج مسلمانوں کے لیے محض سفر نہیں بلکہ ایک عظیم روحانی عبادت ہے۔ یہ وہ مبارک سفر ہے جسے اللہ تعالیٰ اپنے گھر کی حاضری اور حضور اکرم ﷺ کی زیارت کے ساتھ شرف بخشتا ہے۔ لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ آج کے دور میں کچھ ٹریول ایجنٹس نے اس مقدس فریضے کو جھوٹ اور دھوکہ دہی کا ذریعہ بنا لیا ہے۔

اکثر شکایات سامنے آتی ہیں کہ یہ ایجنٹس آخری دن میں زائرین کو بتاتے ہیں کہ ان کے ویزا پر سفارتخانے سے اعتراض آیا ہے، اور اس بہانے وہ ہزاروں روپے اضافی بٹور لیتے ہیں۔ اسی طرح زیارت کے پروگرام کے وعدے کیے جاتے ہیں لیکن مکہ یا مدینہ پہنچ کر انکار کر دیا جاتا ہے۔ مزید برآں، ایجنٹس ایک مخصوص ہوٹل کا نام اور سہولتیں بتاتے ہیں، لیکن پہنچنے پر حاجیوں کو کسی اور کمتر معیار کے ہوٹل میں ٹھہرا دیا جاتا ہے۔ بعض اوقات تو تمام دستاویزات زائرین کو سفر سے محض ایک دن پہلے دیے جاتے ہیں تاکہ وہ دھوکہ دہی کو سمجھ بھی نہ سکیں اور احتجاج کا وقت نہ ملے۔

یہ تمام حربے نہ صرف اخلاقی پستی کی علامت ہیں بلکہ شریعت کی رو سے کھلی خیانت اور گناہ کبیرہ ہیں۔ اللہ کے مہمانوں کو پریشان کرنا اور ان کی عبادت میں رکاوٹ ڈالنا ایسی حرکت ہے جو دنیا اور آخرت دونوں میں نقصان کا باعث ہے۔

یہاں یہ سوال بھی اٹھتا ہے کہ اس تمام بدعنوانی کی روک تھام کس کی ذمہ داری ہے؟ یقیناً سب سے پہلی ذمہ داری وزارتِ حج و عمرہ اور حکومتِ وقت پر عائد ہوتی ہے۔ اگر سخت مانیٹرنگ کا نظام بنایا جائے، رجسٹرڈ ایجنٹس کے علاوہ کسی کو اجازت نہ دی جائے، اور عوامی شکایات پر فوری کارروائی ہو تو ایسے جرائم پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اکثر اوقات عوام کو بے سہارا چھوڑ دیا جاتا ہے اور جعل ساز مافیاز کھلے عام اپنا کاروبار جاری رکھتے ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت سخت قوانین بنائے اور ان پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ عوام کو بھی چاہیے کہ وہ اندھے اعتماد کے بجائے معتبر اور رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے ہی انتظامات کریں۔ یاد رہے کہ عمرہ اور حج عبادت ہیں، کاروبار نہیں۔ ان کی ادائیگی میں سچائی، دیانت اور اخلاص ہی اصل کامیابی ہے۔

 

Muhammad Arslan Shaikh
About the Author: Muhammad Arslan Shaikh Read More Articles by Muhammad Arslan Shaikh: 18 Articles with 5801 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.