" />

ماں کی محبت

"نو ماہ کے سفر میں جو محبت جنم لیتی ہے، وہی ساری عمر ماں کے دل میں دھڑکتی رہتی ہے۔"
ماں کی محبت

محبت اپنی کئی صورتوں میں اس دنیا میں جلوہ گر ہوتی ہے، مگر سب محبتوں کی جان اور سب سے خالص رشتہ ماں کی محبت ہے۔ یہ وہ جذبہ ہے جو کسی غرض کا محتاج نہیں۔ ماں کی محبت ایک ایسا سایہ ہے جو زندگی کے ہر موڑ پر اولاد کو ڈھانپے رکھتا ہے۔

یہ سوال اکثر دل کو چھوتا ہے کہ آخر ماں کو اپنے بچے سے محبت کب ہوئی ہوگی؟ شاید اُس لمحے جب اس نے پہلی بار اپنے وجود میں ایک نئی دھڑکن کی جنبش محسوس کی۔ یا اُس وقت جب اس نے اپنی آغوش میں پہلی صدا، پہلا لمس اور پہلا مسکراہٹ دیکھی۔ ممکن ہے کہ اُس پل جب بچے نے زبان کھول کر "ماں" کہا اور وہ شکر کے آنسوؤں میں ڈوب گئی۔ یا جب اُس نے مشکل گھڑیوں میں اپنے دل کا بوجھ اپنی اولاد کو سناتے ہوئے یہ جانا کہ یہ اُس کی پوری کائنات ہے۔

یہ بھی تو ہو سکتا ہے کہ جب بچہ پہلی بار اسکول جانے سے انکاری ہوا اور ماں نے اسے دل پر پتھر رکھ کر جدا کیا، تو اس لمحے اسے احساس ہوا کہ یہ اس کی سب سے قیمتی متاع ہے۔ یا پھر جب جوانی کی دہلیز پر بچے کے بدلتے رویے دیکھ کر اس نے اپنے رب کے حضور سوال کیا ہو کہ کیا میری پرورش کا حق ادا ہوا؟ کیا میں نے اسے اس قابل بنا دیا کہ کل قیامت کے دن میرا سر جھکنے نہ پائے؟

ماں کی محبت اُس وقت بھی روشن رہتی ہے جب وہ اپنی تکلیفیں سہہ کر، دوائیاں کھا کر، انجیکشن اور آپریشن کے خوف جھیل کر اپنی اولاد کو اس دنیا میں لاتی ہے۔ یہ وہ محبت ہے جو ہر امتحان سے گزر کر بھی اپنی شدت اور خلوص میں کمی نہیں ہونے دیتی۔

درحقیقت محبت میں چاہے جانے کے لیے شکل و صورت دیکھنا ضروری نہیں۔ خدا نے نو ماہ کے سفر میں ایک ماں کے دل میں جو ممتا اتاری، وہی اصل محبت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اولاد جب ماں کی آغوش میں سر رکھتی ہے تو دنیا کے سارے دکھ بھلا بیٹھتی ہے۔

کاش کہ ہر بیٹا بیٹی اپنی ماں کی اس بےلوث محبت کو پہچان سکے اور اس کی خدمت کو اپنی زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ سمجھ سکے۔ کیونکہ اگر اس دنیا کی بھیڑ میں کوئی ایک رشتہ ہے جو سچائی، خلوص اور قربانی کا حسین امتزاج ہے تو وہ صرف اور صرف "ماں کی محبت" ہے۔

ثناء اسد

 

ثناء اسد
About the Author: ثناء اسد Read More Articles by ثناء اسد: 2 Articles with 325 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.