اے آئی اور صحت کی بہتر دیکھ بھال

اے آئی اور صحت کی بہتر دیکھ بھال
تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

اس میں کوئی شک نہیں کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) صنعتوں کو تیز رفتاری سے تبدیل کر رہی ہے، اور صحت کی دیکھ بھال کا شعبہ بھی انہی شعبہ جات میں شامل ہے جہاں مصنوعی ذہانت کے گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔آج ، طب میں اے آئی تیزی سے مرکزی دھارے کی کلینیکل پریکٹس میں منتقل ہو رہی ہے، جو ڈاکٹروں کو امراض کا پتہ لگانے، علاج کی رہنمائی کرنے اور مریضوں کے نتائج کو بہتر بنانے کے نئے ٹولز سے لیس کر رہی ہے۔

دنیا بھر کے ڈاکٹر اے آئی کو نئی چیز کے بجائے ایک مددگار کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ کینسر کے علاج اور دیکھ بھال کو ایک واضح مثال کے طور پر دیکھیں تو اے آئی سسٹمز اب میڈیکل اسکین پر تل کے بیج کے سائز کے چھوٹے سگنلز کی شناخت کر سکتے ہیں، ایسے متاثرہ ٹشوز کی شناخت ممکن ہے جو انسانی آنکھ اکثر نہیں دیکھ پاتی۔

تشخیص سے آگے بڑھ کر، یہ اے آئی ٹولز جینیٹک ڈیٹا، طرز زندگی کے عوامل اور میڈیکل ہسٹری کو مربوط کر کے پیچیدہ علاج کے آپشنز کا جائزہ لینے میں ڈاکٹروں کی مدد کرتے ہیں۔تاہم اس حقیقت کو مدنظر رکھا جائے کہ یہ اے آئی معاون ٹول ڈاکٹروں کی جگہ نہیں لے رہا، بلکہ ان کے کام کو مضبوط کر رہا ہے۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ اے آئی ایک "سپر اسسٹنٹ" میں ترقی کر رہا ہے، تشخیص میں تیزی لانا اور ڈاکٹروں کے اعتماد کو بڑھانا ، اس کا بنیادی مقصد ہے۔

تاہم، درستگی اور رفتار کبھی بھی اعتماد کی قیمت پر نہیں آنی چاہیے۔ قابل اعتماد اے آئی ٹولز تیار کرنا مریض کے ڈیٹا کے جمع کرنے، تحفظ اور اشتراک پر منحصر ہے کیونکہ میڈیکل ریکارڈز مختلف سسٹمز میں بکھرے ہوتے ہوئے ہیں، جس کے فارمیٹس اور معیار میں "عدم تسلسل" کا مسئلہ درپیش رہتاہے۔

اس کا موثر حل معیار سازی میں ہے۔ الیکٹرانک ہیلتھ ریکارڈز کے لیے یکساں پروٹوکول، باقاعدہ ڈیٹا آڈٹ اور ایسی ٹیکنالوجیز جو ہسپتالوں کو مریض کے ڈیٹا کو شیئر کیے بغیر مشترکہ طور پر اے آئی الگورتھمز کو تربیت دینے کے قابل بناتی ہیں۔

چین کی ہیلتھ کیئر انڈسٹری میں اے آئی ایپلی کیشن منظرنامے کے لیے ریفرنس گائیڈ اس سمت میں پیشرفت کی نشان دہی کرتی ہے، جو رازداری کے تحفظ اور احتساب کے لیے سخت قواعد قائم کرتی ہے۔ اس کے "ڈوئل رجسٹریشن" سسٹم کے تحت، اے آئی ڈویلپرز کو ریگولیٹری اتھارٹیز اور ہسپتالوں کے اخلاقی کمیٹیوں دونوں سے منظوری لینا ضروری ہے۔ قانونی ذمہ داریوں کو بھی واضح طور پر بیان کیا گیا ہے۔ مثلاً اگر کوئی اے آئی الگورتھم نقصان کا باعث بنتا ہے، تو ڈویلپرز ذمہ دار ہیں؛ اگر ڈاکٹر بلا سوال اے آئی کی سفارشات پر عمل کرتے ہیں، تو ذمہ داری ہسپتالوں پر منتقل ہو جاتی ہے۔

مستقبل کی جانب بڑھتے ہوئے، طبی ماہرین اے آئی کو یومیہ صحت کے انتظام کا ایک لازمی حصہ بنتے ہوئے دیکھتے ہیں۔کسی بھی مرض میں مبتلا ہونے یا بیماری کی علامات کے رونما ہونے کا انتظار کرنے کے بجائے، اے آئی انفرادی صحت پر مسلسل نظر رکھ سکتا ہے، علامات ظاہر ہونے سے پہلے خطرات کی نشاندہی کر سکتا ہے۔

اس ضمن میں اے آئی کی مدد سے ورچوئل ہسپتال جلد ہی ریموٹ مشاورتیں پیش کر سکتے ہیں جو ذاتی دوروں کی طرح درست ہیں، جب کہ اے آئی سے حمایت یافتہ بحالی کے پروگرام مریضوں کو گھر پر ہی صحت یاب ہونے میں رہنمائی کر سکتے ہیں۔ دائمی بیماریاں ، جو طویل عرصے سے صحت کے نظام پر بھاری مالی بوجھ رہی ہیں ، کو حقیقی وقت میں ٹریک کیا جا سکتا ہے، جن کے علاج کے منصوبوں کو کسی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے خود کار طریقے سے ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے۔

ایسی تبدیلی صحت کی دیکھ بھال کے بارے میں نئے سرے سے سوچ کی نمائندگی کرے گی۔ ایک باہم مربوط نظام جو گھروں، کمیونٹیز اور ہسپتالوں کو ایک مربوط نیٹ ورک میں جوڑتا ہے۔ دیہی علاقوں کے لیے، جہاں اکثر خصوصی طبی نگہداشت تک رسائی نہیں ہوتی، یہ انضمام خاص طور پر اثر انداز ہو سکتا ہے ، جو گاؤں کی سطح کی سہولیات میں عالمی معیار کی طبی مہارت لا سکتا ہے۔اسی طرح عالمی سطح پر مریضوں کے لیے، یہ صحت کی دیکھ بھال کو زیادہ پیش گوئی پر مبنی، ذاتی نوعیت کا اور سستا بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

 

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1627 Articles with 911477 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More