چینی طرزِ ملبوسات: روایت، جدت اور ابھرتی ہوئی منڈی

چینی طرزِ ملبوسات: روایت، جدت اور ابھرتی ہوئی منڈی
تحریر: شاہد افراز خان ، بیجنگ

حالیہ برسوں میں چین میں ملبوسات کے رجحانات میں ایک نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں روایتی چینی طرز کے لباس جدید فیشن کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔ یہ رجحان محض لباس کی حد تک محدود نہیں رہا بلکہ ایک وسیع اور متحرک معاشی منڈی کی صورت اختیار کر چکا ہے، جس کا حجم اب 100ارب یوان سے تجاوز کر چکا ہے۔ بدلتے ہوئے ذوق اور ثقافتی شعور نے نہ صرف فیشن انڈسٹری کو نئی سمت دی ہے بلکہ صارفین اور صنعت کاروں کے لیے بھی نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔

یہ امر دلچسپ ہے کہ 2024 میں نئے چینی طرز کے ملبوسات کی مارکیٹ کا حجم 220 ارب یوان سے تجاوز کر گیا، جبکہ آج اس کے 250 ارب یوان سے آگے بڑھنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ اس تیز رفتار ترقی نے ثابت کر دیا ہے کہ روایتی ثقافت اور جدید طرزِ زندگی کا امتزاج موجودہ دور کے صارفین میں خاص کشش رکھتا ہے۔

چینی روایتی لباس، خصوصاً ہانفو، کی مقبولیت اس رجحان کی واضح مثال ہے۔ معروف ہانفو برانڈ "چھی چاؤ سی" کی انتظامیہ کے مطابق سال کے آغاز ہی میں ان کے آرڈرز دوسری سہ ماہی تک بک ہو چکے ہیں۔ اس برانڈ نے 2020 میں یون بروکیڈ کی قدیم تکنیک کو ہارس فیسڈ اسکرٹس کے ڈیزائن میں شامل کیا، اور اب تک ان میں سے پانچ لاکھ سے زائد ملبوسات فروخت ہو چکے ہیں۔ پیچیدہ نقش و نگار اور کلاسیکی رنگوں نے ان ملبوسات کو نہ صرف مقامی بلکہ عالمی سطح پر بھی نمایاں مقام دلایا ہے۔

چینی طرز کے لباس اب بین الاقوامی فیشن شوز اور تہواروں کے خصوصی کلیکشنز کا حصہ بنتے جا رہے ہیں۔ دسمبر 2025 میں عالمی شہرت یافتہ برانڈ بربری نے "ایئر آف دی ہارس کلیکشن" متعارف کرائی، جس میں واٹر کلر، کراس اسٹیچ اور دیگر روایتی تکنیکوں کے ذریعے اپنے معروف نائٹ ایمبلم کو نئے انداز میں پیش کیا گیا۔ بربری کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف چینی مارکیٹ سے برانڈ کا تعلق مضبوط ہوا بلکہ عالمی صارفین کو بھی چینی جمالیات اور ثقافتی روایات سے روشناس ہونے کا موقع ملا۔

ملبوسات کے اس نئے رجحان نے صنعت کے اندر ڈیزائن اور پیداوار کے طریقوں میں بھی تبدیلی پیدا کی ہے۔صوبہ شان دونگ کی کاوشیان کاؤنٹی میں ٹیکسٹائل کمپنیاں جامعات کے ماہرین کے ساتھ مل کر پیونی ثقافت سے متاثر مصنوعات تیار کر رہی ہیں۔ اسی طرح صوبہ زے چیانگ کے شہر ہائی نِنگ میں چار مشہور بروکیڈز کی قدیم تکنیکوں کو جدید ڈیزائن کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں نفیس اور جدید طرز کے کپڑے تیار ہو رہے ہیں۔

کپڑے کی تیاری میں جدت نے پہناوے کے تجربے کو بھی بہتر بنایا ہے۔اسی طرح فروخت کے ذرائع میں بھی نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ آن لائن لائیو اسٹریمنگ فروخت کا اہم ذریعہ بن چکی ہے، جس کی بدولت دیہی علاقوں کے تیار کردہ ہانفو ملبوسات درجنوں ممالک اور خطوں تک پہنچ رہے ہیں۔ دوسری جانب، آف لائن اسٹورز محض خرید و فروخت کی جگہوں کے بجائے ثقافتی تجرباتی مراکز میں تبدیل ہو رہے ہیں، جہاں روایتی لباس کی سجاوٹ اور دستکاری کے مظاہرے پیش کیے جاتے ہیں۔

اس بات کا تذکرہ بھی لازم ہے کہ نومبر 2025 میں چین کی وزارتِ صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر محکموں نے صارفی اشیا کی طلب اور رسد میں ہم آہنگی کے لیے ایک عملی منصوبہ جاری کیا۔ اس منصوبے کے تحت 2027 تک سپلائی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور دس بڑے صارف مراکز قائم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جن میں ہر ایک کی فروخت 100 ارب یوان سے تجاوز کرے گی، اور نئے چینی طرز کے ملبوسات کی منڈی اس کا اہم حصہ ہو گی۔

سو ، کہا جا سکتا ہے کہ نئے چینی طرز کے ملبوسات کا عروج اس بات کا غماز ہے کہ روایت اور جدت کا امتزاج نہ صرف ثقافتی شناخت کو مضبوط کرتا ہے بلکہ معیشت میں بھی نئی روح پھونکتا ہے۔ بدلتے ہوئے صارف رویے، تکنیکی جدت اور حکومتی پالیسیوں کے امتزاج سے یہ شعبہ مستقبل میں بھی تیزی سے ترقی کرتا دکھائی دیتا ہے، جو چینی فیشن انڈسٹری کو عالمی سطح پر ایک منفرد مقام دلانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1878 Articles with 1093896 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More