چین کا اسپرنگ فیسٹیول گالا 2026

چین کا اسپرنگ فیسٹیول گالا 2026
تحریر : شاہد افراز خان ،بیجنگ
چین میں سترہ فروری سے جشن بہار اور نئے قمری سال کا آغاز ہو چکا ہے اور اس وقت ملک بھر میں جشن بہار کی خوشیاں انتہائی جوش و خروش سے منائی جا رہی ہیں۔ چین میں ہر سال کو کسی خاص جاندار سے موسوم کیا جاتا ہے اور یہ نیا شروع ہونے والا سال "گھوڑے" سے منسوب سال ہے۔ چین کی ثقافت میں گھوڑا ثابت قدمی اور جدوجہد کے جذبے کی علامت ہے۔ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی جشن بہار کی خوشیوں کا آغاز شاندار سی ایم جی اسپرنگ فیسٹیول گالا سے کیا گیا۔چین میں اس جشن بہار گالا نشریات کا آغاز 1983 میں کیا گیا تھا، جو چینی ثقافت اور مختلف فنون سے مزین وسیع پیمانے پر منعقد کیا جانے والا میلہ ہے۔

جشن بہار گالا نئے قمری سال کی آمد کے موقع پر چینی قومی ٹیلی ویژن کے ذریعے لانچ کیا گیا تھا۔ گزشتہ 43 سالوں میں ا سپرنگ فیسٹیول گالا میں لاتعداد خاندان حصہ لے چکے ہیں، جبکہ اسے گنیز بک آف ریکارڈز کے مطابق سب سے زیادہ دیکھے جانیوالے ٹی وی پروگرام کی سند بھی حاصل ہے۔ نئے سال کے موقع پر کنبے کے تمام لوگوں کی ایک دوسرے سے ملاقات، ڈمپلنگ بنانا، اسپرنگ فیسٹیول گالا دیکھنا، نئے سال کی شام کے کھانے میں شریک ہونا اور سرخ لفافوں کا تبادلہ چینی روایت اور ثقافت کا حصہ بن چکا ہے۔

سولہ فروری کی شام کو اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے چائنا میڈیا گروپ کے اسپرنگ فیسٹیول گالا نے دنیا کے اربوں ناظرین کو گھوڑے سے منسوب سال میں خوش آمدید کہا ۔ اس شاندار ثقافتی شو میں خوبصورت گیت، روایتی رقص، مزاحیے خاکے، سنسنی خیز کرتب اور جدید ٹیکنالوجیز سے ناظرین کے لئے شاندار تفریح پیش کی گئی۔ اسپرنگ فیسٹیول کی مناسبت سے ٹی وی پر خصوصی سی ایم جی گالا دیکھنا تقریباً ہر چینی خاندان کی روایت ہے۔یہ گالاآج ، روایت اور جدیدیت کی عمدہ منظر کشی کرتا ہے۔

گزشتہ چار سے زائد دہائیوں کی ترقی کے بعد "اسپرنگ فیسٹیول گالا" سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی اور اطلاق کی نمائش کا ایک جامع پلیٹ فارم بن چکا ہے، جو ہر سال تمام ناظرین کے نئے جمالیاتی ذوق کی تسکین کرتا ہے۔ 1983میں چین کے پہلے ایوننگ گالا کے موقع پر نہ تو کوئی خوبصورت اسٹیج تھی اور نہ ہی چمکیلی روشنیاں تھیں۔ لہذا پہلا اسپرنگ فیسٹیول گالا "تکنیکی مواد" سے قدرے عاری تھا۔ لیکن اب اسپرنگ فیسٹیول گالا میں اختراعی ٹیکنالوجیز کے اطلاق سے ناظرین کے لیے ایک شاندار سمعی و بصری تجربہ پیش کیا جاتا ہے ۔

رواں سال گالا میں موسیقی، کامیڈی اور اوپیرا اور مارشل آرٹس جیسے روایتی فنون سے لے کر جادو اور ایکروبیٹک جیسے شاندار فن پاروں کا امتزاج پیش کیا گیا۔ یہ پروگرام سی جی ٹی این کے انگریزی، ہسپانوی، فرانسیسی، عربی، روسی سمیت 85 زبانوں کے ٹیلی وژن اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے دنیا کے 200 سے زائد ممالک اور خطوں میں 3300 سے زیادہ میڈیا اداروں کے اشتراک سے عالمی ناظرین کے لیے براہِ راست نشر اور رپورٹ کیا گیا۔

اسپرنگ فیسٹیول گالا میں نہ صرف جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے شاندار بصری مناظر پیش کیے گئے بلکہ موسیقی اور رقص جیسے دلکش پروگراموں کے ذریعے ایک ساتھ چینی نئے سال کا استقبال کرنے کی خوبصورت خواہشات پیش کرنے کے لیے مختلف ممالک کے فنکاروں کو بھی مدعو کیا گیا۔


دسمبر 2024 میں چین کے اسپرنگ فیسٹیول کو یونیسکو کی جانب سے انسانیت کے غیر مادی ثقافتی ورثے کی نمائندہ فہرست میں شامل کیا گیا، جس کے بعد یہ دنیا بھر میں قبول، تسلیم اور سراہا جانے والا چینی ثقافتی علامت بن گیا۔ اس وقت دنیا کے تقریباً 20 ممالک اور خطے جشن بہار کو سرکاری تعطیل کے طور پر مناتے ہیں،اور دنیا کی آبادی کا تقریباً پانچواں حصہ جشن بہار کو مختلف طریقوں سے مناتا ہے۔

نئے چینی سال کے موقع پر، یہ سرگرمی نہ صرف چینی عوام بلکہ دنیا بھر کے ناظرین و سامعین کے لیے ایک دلچسپ اور شاندار ثقافتی تقریب رہی۔پاکستان میں بھی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے جشن بہار گالا کی نشریات دیکھیں اور اسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا۔ مجموعی طور پر کہا جا سکتا ہے کہ یہ ٹیلی ویژن شو ٹیکنالوجی اور آرٹ کا گہرا انضمام رہا جس سے چین سمیت دنیا بھر میں بہار کی خوشیاں بکھیری گئی ہیں۔

 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1878 Articles with 1093471 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More