قدیم تہذیب، ثقافت اور جدید ترقی کا حسین امتزاج
(SHAHID AFRAZ KHAN, Beijing)
|
قدیم تہذیب، ثقافت اور جدید ترقی کا حسین امتزاج تحریر: شاہد افراز خان، بیجنگ
چین کا صوبہ زی جیانگ اپنی تاریخی اہمیت، قدرتی حسن اور جدید ترقی کے باعث دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے، مگر اسی صوبے میں واقع دے چنگ کاؤنٹی ایک ایسا خطہ ہے جہاں قدیم تہذیب، ثقافتی ورثہ، ماحول دوست طرزِ زندگی اور جدید ٹیکنالوجی ایک دوسرے کے ساتھ نہایت خوبصورتی سے ہم آہنگ نظر آتے ہیں۔ ہُو چو شہر کا یہ علاقہ نہ صرف چین میں ضلعی سطح پر اعلیٰ معیار کی ترقی کی کامیاب مثال سمجھا جاتا ہے بلکہ اسے جیانگ نان تہذیب کی ایک اہم جنم گاہ بھی قرار دیا جاتا ہے۔
دے چنگ نام اپنے اندر ایک خوبصورت فلسفہ رکھتا ہے، جس کا مطلب ہے “اعلیٰ کردار کے حامل لوگ اور سچائی کی مانند شفاف پانی”۔ یہی وجہ ہے کہ یہ علاقہ قدرتی خوبصورتی، ثقافتی ورثے اور متوازن ترقی کی علامت بن چکا ہے۔ تقریباً پانچ لاکھ اکسٹھ ہزار آبادی پر مشتمل یہ کاؤنٹی دریائے یانگسی ڈیلٹا کے مرکزی علاقے میں واقع ہے اور اسے “ہانگ چو کا شمالی دروازہ” بھی کہا جاتا ہے۔ تیز رفتار ریل کے ذریعے صرف سولہ منٹ میں ہانگ چو شہر تک رسائی ممکن ہے، جبکہ شنگھائی، نانجنگ اور ننگ بو جیسے بڑے شہر بھی چند گھنٹوں کی مسافت پر واقع ہیں۔
دے چنگ کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت ہے۔سرسبز جنگلات، خوش گوار موسم اور قدیم و جدید دونوں طرزِ تعمیر پر مبنی عمارتیں اس مقام کو غیر معمولی کشش فراہم کرتی ہیں۔ آج یہاں جدید دیہی رہائش گاہیں اور پُرتعیش ہوم اسٹے سیاحت کا اہم مرکز بن چکے ہیں۔
اسی طرح شیاژو جھیل چین کے محفوظ ترین قدرتی دلدلی علاقوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں آبی حیات اور قدرتی ماحول اپنی اصل حالت میں محفوظ ہے۔ شِن شی قدیم قصبہ روایتی جیانگ نان آبی تہذیب کی خوبصورت عکاسی کرتا ہے، جہاں پرانی نہریں، پتھریلے پل اور تاریخی عمارتیں ماضی کی یاد تازہ کرتی ہیں۔
دے چنگ کو عالمی سطح پر خاص شہرت اس کی موتی ثقافت کی وجہ سے بھی حاصل ہے۔ جنوبی سونگ دور میں یہاں میٹھے پانی کے موتیوں کی افزائش کی جو تکنیک متعارف ہوئی، وہ بعد میں عالمی زرعی ثقافتی ورثے کے طور پر تسلیم کی گئی۔ آج چین میں پیدا ہونے والے تقریباً دس فیصد میٹھے پانی کے موتی اسی علاقے سے حاصل ہوتے ہیں۔
دے چنگ صرف تاریخی ورثے کا مرکز ہی نہیں بلکہ جدید معیشت اور ٹیکنالوجی میں بھی اہم مقام رکھتا ہے۔ یہاں قومی ہائی ٹیک زون قائم ہے جبکہ اقوامِ متحدہ کا عالمی جغرافیائی معلوماتی علم و اختراعی مرکز بھی اسی کاؤنٹی میں موجود ہے۔ یہ چین میں براہِ راست قائم ہونے والا اقوامِ متحدہ کا پہلا خصوصی ادارہ ہے۔ جغرافیائی معلومات سے وابستہ چار سو سے زائد کمپنیاں یہاں سرگرمِ عمل ہیں، جو اس علاقے کو جدید سائنسی اور تکنیکی ترقی کا اہم مرکز بناتی ہیں۔
دے چنگ کی تہذیبی شناخت کو مزید اجاگر کرنے کے لیے “اوریجن آف پورسلین” میوزیم قائم کیا گیا ہے، جسے چین میں قبل از چِھن دور کے ابتدائی چینی مٹی کے برتنوں کے لیے مخصوص واحد عجائب گھر قرار دیا جاتا ہے۔ 2025 کے آخر میں کھولے جانے والے اس میوزیم نے اس تاریخی حقیقت کو مزید مضبوط کیا کہ دے چنگ دراصل چینی پورسلین کی اہم جنم گاہوں میں سے ایک ہے۔
ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے یہاں مختلف ادوار سے تعلق رکھنے والے ڈیڑھ سو سے زائد قدیم بھٹوں کے آثار دریافت کیے ہیں۔ اسی لیے اسے “چین کی سرامک تاریخ کی پہلی عظیم چوٹی” کہا جاتا ہے۔میوزیم کی عمارت معروف معمار لیو ای چون نے ڈیزائن کی ہے، جہاں قدیم طرزِ تعمیر کو جدید انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ یہاں محفوظ ایک ہزار ایک سو سے زائد نایاب نوادرات میں قدیم برتن اور نقش و نگاری والے ابتدائی پورسلین کے نمونے خصوصی توجہ حاصل کرتے ہیں۔
میوزیم کی سب سے اہم نمائش “چینی مٹی کا آغاز” ہے، جو پندرہ سو سال پر محیط پورسلین کی ترقی کی تاریخ بیان کرتی ہے۔ یہاں شانگ عہد کے ایک حقیقی بھٹے کی بنیاد بھی محفوظ کی گئی ہے تاکہ سیاح ہزاروں سال پرانی برتن سازی کی دنیا کو قریب سے محسوس کر سکیں۔
دے چنگ کی ثقافتی شناخت کا ایک اور اہم مرکز “جیانگ نان روٹس کلچرل ہیریٹیج پارک” ہے، جو تقریباً ڈھائی مربع کلومیٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ یہاں میوزیم، زرعی زمینیں، روایتی دیہات اور ثقافتی سرگرمیاں ایک ہی مقام پر موجود ہیں۔
یہ پارک “چار بنیادیں اور ایک گاؤں” کے تصور پر قائم ہے۔ “چینی مٹی کے برتنوں کی ابتدا”، “موتیوں کی ابتدا”، “زین چائے کی ابتدا” اور “زراعت کی ابتدا” اس کے بنیادی حصے ہیں، جبکہ “دونگ شان آرٹ ولیج” فنکاروں اور روایتی دستکاروں کی ایک شان دار اور متحرک بستی کے طور پر موجود ہے۔ پارک میں آنے والے افراد مٹی کے برتن تیار کرنے، موتیوں کی کٹائی اور زین چائے کی تقریب میں شرکت جیسے دلچسپ تجربات سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ اس پورے منصوبے کو “کم سے کم مداخلت” کے اصول کے تحت اس انداز میں تیار کیا گیا ہے کہ قدرتی اور تاریخی ماحول اپنی اصل شکل میں برقرار رہے۔
دے چنگ کی ایک اور نمایاں خصوصیت یہاں شہری اور دیہی ترقی کے درمیان توازن ہے۔ 2024 میں شہری اور دیہی آمدنی کا تناسب صرف 1.48 رہا، جو چین کی قومی اوسط سے کہیں بہتر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دے چنگ کو جدید چین میں متوازن، پائیدار اور عوام دوست ترقی کے کامیاب ماڈل کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔
آج دے چنگ نہ صرف چین کی ہزاروں سال پرانی تہذیب اور ثقافت کی علامت ہے بلکہ یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ جدید ترقی اور تاریخی ورثہ ایک ساتھ چل سکتے ہیں۔ یہاں قدیم بھٹوں کی راکھ میں پوشیدہ تاریخ، جھیلوں کی خاموش خوبصورتی، موتیوں کی چمک، زین چائے کی کشش اور جدید ٹیکنالوجی کی روشنی ایک ایسی ہم آہنگ تصویر پیش کرتی ہے جو ماضی اور مستقبل کو ایک ہی منظر میں سمو دیتی ہے۔
دے چنگ دراصل ایک ایسا خطہ ہے جہاں چین کی تہذیبی جڑیں آج بھی زندہ محسوس ہوتی ہیں، اور جہاں تاریخ صرف عجائب گھروں میں محفوظ نہیں بلکہ روزمرہ زندگی کا حصہ بن کر سانس لیتی دکھائی دیتی ہے۔ |
|