تاجدار گولڑہ شریف

 سگ درگاہ میراں شو چو خواہی قرب ربانی
کہ بر شیراں شرف دارد سگ درگاہ جیلانی

مہر منیر

قارئین کرام !
روئے زمین پر کوئی ذی علم و ذی شعور ایسا نہیں جو دنیائے تصوف و طریقت کی روح، کائنات زہد و ورع کی نبض حیات، قلب خشیت و تقوٰی کی دھڑکن، مجسمہء پارسائی، قدوتہ السالکین، زبدتہ العارفین، حجتہ الکاملین، امام الواصلین، سند الاولیا، وارث علوم مولا علی، نائب غوث الورٰی، شہباز لامکانی، عارف ربانی حضور پر نور اعلٰی حضرت گولڑوی شیخ المشائخ حضرت پیر سید مہر علی شاہ گیلانی رزاقی قادری چشتی نظامی قدس سرہ السامی کے نام نامی اسم گرامی سے واقف و اژنا نہ ہو-

آپ خطہ ء پوٹھوہار کی سر زمین گولڑہ شریف میں یکم رمضان المبارک ١٢٧٥بمطابق ١٤ اپریل ١٨٥٩ کو حضرت پیر سید نذر دین شاہ رحمتہ اللہ علیہ المعروف اجی سرکار کے گھر متولد ہوئے- آپ نجیب الطرفین سادات میں سے ہیں اور مادر زاد ولی کامل ہیں بلکہ آپ کا پورا گھرانہ نسل در نسل اہل اللہ میں شمار ہوتا ہے یعنی آپ کی ذات والا صفات ولی ابن ولی ، ولی ابن ولی ہے - آپ کا سلسلہ ء نسب سر تاج الاولیا حضرت محبوب سبحانی شیخ عبد القادر جیلانی قدس سرہ کے واسطہ سے حضرت شیر خدا علی المرتضٰی تک پہنچتا ہے- روایات سے پتہ چلتا ہے کہ آپ کی ولادت عالیہ سے کچھ عرصہ قبل خانقاہ کے باہر ایک مجذوب درویش آ کر مقیم ہوا ، وہ اکثر کہا کرتا تھا کہ یہاں ایک ایسا آفتاب طلوع ہونے والا ہے جس کی روشنی ہمیشہ باقی رہنے والی ہے اور اس کے آگے سب چھوٹے چھوٹے چراغ بجھتے محسوس ہوں گے- جس روز آپ کی ولادت با سعادت ہوئی تو اس مجذوب درویش نے مستی میں زور دار نعرہ مارا کہ آج وہ آفتاب طلوع ہو گیا ہے بعد ازاں اس درویش نے نو مولود کو باہر منگوا کر اس کی زیارت کی اور کہیں چلا گیا- پھر اس کے بعد کسی نے اس درویش کوخانقاہ کے آس پاس دوبارہ کبھی نہیں دیکھا-

قارئین کرام !
واقعی حضرت پیر سید مہر علی شاہ رحمتہ اللہ علیہ شریعت و طریقت کے وہ آفتاب درخشاں ہیں جن کی روشنی تا حشر ماند ہو نے والی نہیں- آپ بیک وقت جید عالم دین، نکتہ دان و نکتہ رس مبلغ، حق منش صوفی و عظیم شارح ہو نے کے ساتھ ساتھ ناموس مصطفٰی یعنی تحریک ختم رسالت کے بانی اور پاسبان عظمت مصطفٰٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تھے- آپ روشن ضمیر شیخ اور با کشف و کرامت سالار طریقت تھے- اور صحیح معنوں میں ایک عاشق رسول تھے- آپ علیہ الرحمتہ کا بے شمار دینی و ملی خدمات میں جو کارنامہ سب سے زیادہ نمایاں حیثیت کا حامل ہے وہ ختم رسالت کے حوالے سے متنبی قادیان کا قلع قمع کرنا ہے-

آپ علیہ الرحمتہ نے انگریز حکومت کے پالتو مرزا غلام احمد قادیانی ( جس نے جھوٹی نبوت کا دعوٰی کر کے نہ صرف بر صغیر پاک و ہند کے سادہ لوح عوام کے عقائد خراب کئے اور انھیں گمراہ کیا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ انبیا و اولیا کا استہزا بھی کیا اور کھلے عام شعائر اسلامیہ کی دھجیاں اڑانے کی کوشش کی) کی ہرزہ سرائیوں کا منہ توڑ جواب دیا اور اس ملعون روزگار کا چلینج قبول کرتے ہوئے بلا خوف و خطر منظرہ کے لئے لاہور تشریف لے گئے- اس وقت کے تمام ملت اسلامیہ نے ( ہر مسلک اور ہر مکتب فکر کے لوگوں نے) آپ علیہ الرحمتہ کو اپنا متفقہ قائد تسلیم کیا اور آپ کے سپاہیوں کی حیثیت سے آپ کے کارواں میں شمولیت اختیار کی- خالق ارض و سمٰوٰت نے آپ کو فتح مبین عطا فرمائی اور یوں آپ علیہ الرحمتہ کے ہاتھوں فتنہ ء قادیان اپنے انجام کو پہنچا-

قارئین کرام !
آپ علیہ الرحمتہ نے اپنی حیات مبارکہ میں اللہ کی وحدانیت اور اسکے رسول مکرم صلی الہہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے درس کےساتھ ساتھ انسان دوستی ، بھائی چارے ، اخوت اور اتحاد بین المذاہب کا سبق بھی دیا - یہی وجہ ہے غیر مذاہب کے لوگ بھی آپ کی ذات والا صفات کا اتنا ہی احترام کرتے دکھائی دیتے ہیں جتنا کہ امت مسلمہ آپ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے- آپ نے ہمیشہ دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائے رکھا- آج تک آستانہ ء عالیہ سے کوئی سائل مایوس و نا مراد واپس نہیں لوٹا-
کیا مہر علی کا در ہے اللہ اللہ !
اس در پہ جو آ گیا ، وہ خالی نہ گیا

آپ علیہ الرحمتہ کی ہستی صحیح معنوں میں اپنے جد امجد حضرت شیخ عبد القادر جیلانی قدس سر اور حضرت خواجہ ء بزرگ خواجہ معین الدین حسن چشتی رحمتہ اللہ علیہ کی جانشین اورنائب تھی- آپ کا مزار پر انوار گولڑہ شریف (اسلام آباد پاکستان) میں مرجع خلائق ہے- آپ کے عرس مبارک کی تقریبات کل ( مورخہ ٢٤-٢٥جنوری ٢٠١٢) سے آستانہ ء عالیہ غوثیہ مہریہ گولڑہ شریف میں انعقاد پذیر ہو رہی ہیں- جس میں اندرون بیرون ملک سے ارباب فکر و نظر اور علماء ومشائخ کے ساتھ ساتھ عامتہ الناس کی کثیر تعداد شرکت کے لئے دور و نزدیک سے جوق در جوق کھنچی چلی آتی ہے-
Khalid ROOMI
About the Author: Khalid ROOMI Read More Articles by Khalid ROOMI: 10 Articles with 18104 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.