حد ادب

ہجرتوں کے موسم اور بے دریغ شکار نے سفید کونج(Siberian Crane ) کی نسل کی بقاء کو شدید ترین خطرات سے دو چار کر دیا ہے۔دریاؤں اور آب گاہوں کے کنارے ہونے والے بے دریغ شکار کو نہ روکا گیا تو سفید کونج کی نسل ناپید ہو جائے گی۔تفصیلات کے مطابق سائبیر یا کے دریائے ’’ اوب‘‘ کے کنارے پھیلی ہوئی چھوٹی بڑی آبگاہوں کے پھیلے ہوئے طویل سلسلہ میں پیدا ہونے اور پروان چڑھنے والی سفید کونج موسمِ سرما کے آغاز میں اس وقت نسبتاً گرم علاقوں کا رخ کرتی ہے جب سردی اور برف جمنے کی وجہ سے دریاؤں اور جھیلوں کی مچھلیاں پانی کی تہہ میں چلی جاتی ہیں۔سفید کونج کا چہرہ چونچ سے لے کر آنکھوں سے کچھ اوپر تک سرخ رنگ کے نقاب سے ڈھکا ہوا ہوتا ہے۔جو اس سفید بُراق رنگ کے آبی پرندے کے حسن کو چار چاند لگا دیتا ہے۔سفید کونج کو انگریزی میں سائبیرین کرین (Siberian Crane )اور سائنسی اصطلاح میں اس کی نسل کو Leucogeranus Gurs کہتے ہیں۔اس کا قد ایک اعشاریہ چار میٹر تک بلند ہوتا ہے۔سفید کونج کے پروں کی لمبائی 2.1 سے 2.3 ،میٹر تک ہوتی ہے جبکہ وزن 4.9 سے 8.6 کلو گرام تک ہوتا ہے۔نر اور مادہ کونج تقریباً ایک جیسی ہی جسامت اور رنگ و روپ رکھتی ہیں۔تاہم نر کونج کا قد ذرا نکلتا ہوا ہوتا ہے۔سائبیریامیں اس کونج کی تین بڑی آبادیاں ہیں۔ کونجوں کی دوسری بڑی آبادی ’’ مرکزی‘‘جو کہ مغربی سائبیریا میں ہے سے ہر سال سفید کونجوں کی بڑی تعداد 3700 میل کا فاصلہ طے کرکے افغانستان اور پاکستان کے مختلف علاقوں سے پرواز کرتے ہوئے بھارت کے علاقے راجھستان میں واقع کیولا نیشنل پارک اور بھرت پور تک پہنچتی ہے۔مئی اور جولائی کا وسط سائبیرین کونج کے انڈے دینے کا موسم ہوتا ہے۔یہ صرف دو انڈے دیتی ہے جن میں سے صرف ایک بچہ نکلتا ہے۔ اس لئے اس کی افزائشِ نسل بہت ہی محدود ہے۔ماحول پر کام کرنے والے صحافی انوار حسین حقی نے رواں مہینے میں ماہرین کی نگرانی میں دریائے سندھ، جناح بیراج اور چشمہ بیراج کے علاقے میں سائبیرین کونج کے حوالے سے ایک تفصیلی سروے کے بعد رپورٹ تیار کی جس میں کہا گیا ہے کہ سائبیریا سے ہجرت، سرمائی ٹھکانوں کی ترقیاتی سرگرمیوں اور بے دریغ شکار نے سفید کونج کی نسل کی بقاء کو سنگین خطرات سے دوچار کر رکھا ہے۔اکتوبر 2008 ء کے اوائل میں سفید کونجوں کی خاصی تعداد کالاباغ سے لے کر چشمہ بیراج کے پانڈ ایریا اور جھیلوں (آب گاہوں ) میں موجود تھی۔ لیکن اس علاقے میں تین ماہ سے جاری مرغابیوں اور دیگر آبی پرندوں کے بے دریغ شکار نے سائبرین کرین کی نسل کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دو ماہ قبل اس علاقت میں سفید کونجوں کی تعداد سینکڑوں میں تھی جو اب انتہائی کم ہو چکی ہے۔ان دنوں صرف پانچ سے سات کونجیں ہی اس سرمائی ٹھکانے پر نظر آتی ہیں۔ سائبیرین کرین کی نسل کی بقاء کے لئے 1970 ء سے کوششیں کی جارہی ہیں۔لیکن اس کے باوجود اس کی اس کی نسل میں تیزی سے کمی واقع ہو رہی ہے۔ یہ خوبصورت پرندہ ماحول کی عالمی انجمن ’’ آئی یو سی این‘‘ کی بقاء کے خطرات سے دو چار جانوروں اور طیور( پرندوں) کی سرخ فہرست2002 (Red list ) میں شامل ہے۔اور اسے شدیدخطرات سے دوچار پرندے کا درجہ دیا گیا ہے۔سائبیرین کرین کو خطرات سے دوچار جانوروں اور پودوں کی عالمی تجارت سے متعلق معاہدے CITES اور ہجرت کرنے والے پرندوں سے متعلق عالمی معاہدے جسے ’’ بون کنونشن‘‘ بھی کہتے ہیں کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا ہے۔

ماحول پر کام کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ’’ ریو کانفرنس‘‘ میں حیاتیاتی تنوع کے معاہدے کو ستلیم کرنے اور اس عمل پیرا ہونے کا وعدہ بھی کیا تھا اور اس معاہدے پر دستخط بھی کئے تھے لیکن اس کے باوجود پاکستان میں ماحول اور حیاتیاتی تنوع خطرات سے دو چار ہے۔ تمام جاندار بومل انسان خالقِ کائنات کی زمین کے ماحولیاتی نظام مین ایک دوسرے میں پیوست کڑیاں ہیں لیکن اگر سفید کونج کی نسل بے درئغ شکار کی وجہ سے ختم ہو گئی تو زمین کے ماحولیاتی نظام کی اس کڑی کے نقصان کی انسان کیسے تلافی کرے گا۔
Anwar Hussain Haqqie
About the Author: Anwar Hussain Haqqie Read More Articles by Anwar Hussain Haqqie: 18 Articles with 20947 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.