سال نو

ازل سے دنیا کی ریت رہی ہے جو آیا ہے اسے جانا ہے دنیا میں ہم سب جانے کے لئے ہی آتے ہیں آج یعنی یکم محرم الحرام سے نئے سال کا آ غاز ہو چکا ہے اور ایک دن بعد عیسوی نئے سال کا آغاز بھی ہوا چاہتا ہے ہر بار کی طرح پچھلے سال کا نیا سال پرانا ہو چکا ہے اور اس نئے سال کی شروعات ہے جو اگلے سال سال گذشتہ کہلائے گا ازل سے دنیا کا نظام ایسے ہی چل رہا ہے اور چلتا رہے گا جب تک خالق کائنات کا حکم ہے قدرت نے وقت کو لمحہ آغاز سے کائنات میں معلق رکھا ہے بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وقت ہمہ تن محو گردش ہے جو مسلسل چلتا رہتا ہے کبھی رکتا نہیں مگر حقیقت میں ایسا نہیں ہے گردش میں وقت نہیں انسان ہے وقت تو جہاں تھا وہیں ہے یہ دن ہفتے مہینے اور سالوں کا علم محض کاروبار حیات کا حساب کتاب خاص خطوط پر استوار رکھنے کے لئے تشکیل دیا گیا ہے ورنہ وقت تو اب بھی اسی مقام پر معلق ہے جہاں سے چلا تھا اسی نکتے پر مرتکز ہے جہاں قائم کیا گیا تھا گردش اور سفر میں تو ہم انسان رہتے ہیں آپ میں سے اکثر نے محسوس کیا ہوگا کہ ہم جس وقت جس مقام پر ہوتے ہیں لگتا ہے کہ ایک مدت سے اسی مقام کے اور اسی لمحے کے اسیر ہیں یہی وقت کے ازلی بہاؤ کا اور ابدی ٹھہراؤ کا ثبوت ہے انسان بذات خود پیہم سفر میں رہتے ہوئے سمجھتا ہے کہ وقت گردش میں ہے وقت خود بھی بھاگ رہا ہے اور انسان کو بھی اپنے پیچھے بھاگنے پر مجبور کر رہا ہے ایسا بالکل نہیں بلکہ یہ انسان کی فطری طلب و جستجو ہے جو اسے مائل بہ سفر رکھتی ہے انسان لاشعوری طور پر اپنی اصل کی طلب و جستجو میں پل پل محو سفر رہتا ہے لیکن خود اپنی اس طلب و جستجو سے عام طور پر لاعلم رہتا ہے وہ نہیں جانتا کہ وہ کیوں حالت سفر میں رہتا ہے کس چیز کی جستجو اسے ہر دم مضطرب رکھتی ہے اسے کیوں سکون نہیں لینے دیتی کیوں کسی ایک مقام پر قائم نہیں رہنے دیتی انسان کو ہر وقت آگے سے آگے بڑھتے رہنے پر اکسانی رہتی ہے یہ وقت نہیں بلکہ انسان کی ازلی فطرت ہے جو انسان کو اپنے اصل کے وصل کی طرف سفر پر گامزن رکھتی ہے

یہ تو ہوئی انسان سفر اور وقت کی داستان اب چونکہ نئے سال کی آمد آمد ہے رسم دنیا ہے اور انسان جب تک اس دنیا میں حیات ہے رسم دنیا داری بھی ساتھ ساتھ ہے سو میری طرف سے تمام قارئین کو اور تمام دیسی پردیسی ہم وطنوں کونیک تمناؤں اور دعاؤں کے ساتھ نئے سال کی بہت بہت مبارک باد ہپیش ہو اللہ تعالٰی نئے سال کا ہر لمحہ سب کے لئے خوشیوں مسرتوں اور کامیابیوں کا پیغام لیکر آئے دنیا میں امن و سلامتی لائے اور ہمیں توفیق عطا فرمائے کے سال گذشتہ میں ہم سے جانے انجانے جو کوتاہیاں سرزد ہو چکی ہیں سال نو میں ہم انہیں نہ دہرائیں اور سال نو میں ایسے کام سرانجام دیں جن سے انسانیت کی بھلائی بھی مقصود ہو اور اللہ کی رضا و خوشنودی بھی حاصل ہو آمین
uzma ahmad
About the Author: uzma ahmad Read More Articles by uzma ahmad: 265 Articles with 489175 views Pakistani Muslim
.. View More