حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ
روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جس بندہ
نے اللہ تعالیٰ کیلئے کسی بندہ سے محبت کی اس نے اپنے رب ذوالجلال کی تعظیم
کی (مستند احمد)٭حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی
اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا: سب سے افضل عمل اللہ تعالیٰ کیلئے کسی سے
محبت کرنا اور اللہ تعالیٰ کیلئے کسی سے دشمنی کرنا ہے۔ (ابوداود)
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے
ارشاد فرمایا: جو بندہ اپنے (مسلمان) بھائی سے اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر
ملاقات کیلئے آتا ہے تو آسمان سے ایک فرشتہ اس کو پکار کر کہتا ہے تم خوش
حالی کی زندگی بسر کرو‘ تمہیں جنت مبارک ہو اور اللہ تعالیٰ عرش والے
فرشتوں سے فرماتے ہیں: میرے بندے نے میری خاطر ملاقات کی میرے ذمہ اس کی
مہمانی ہے‘ اور وہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اسے بدلے میں جنت سے کم نہیں
دیتے۔(بزار‘ابویعلی‘ ترغیب)
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ
وسلم نے ارشاد فرمایا: اللہ تعالیٰ اس بندہ سے بے حد خوش ہوتے ہیں جو لقمہ
کھائے اور اس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرے یا پانی کا گھونٹ پیے اور اس
پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرے۔ (مسلم)
حضرت ابوایوب انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ
وسلم معراج کی رات حضرت ابراہیم علیہ السلام کے پاس سے گزرے تو انہوں نے
پوچھا: جبرئیل! یہ تمہارے ساتھ کون ہیں؟ جبرئیل علیہ السلام نے عرض کیا:
محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں۔ ابراہیم علیہ السلام نے فرمایا: اپنی امت سے
کہیے کہ وہ جنت کے پودے زیادہ سے زیادہ لگائیں اس لیے کہ جنت کی مٹی عمدہ
ہے اور اس کی زمین کشادہ ہے۔ پوچھا: جنت کے پودے کیا ہیں؟ ارشاد فرمایا
لَاحَولَ وَلَا قُوَّةَ اِلَّا بِاللّٰہِ۔ (احمد‘ مجمع الزوائد) |