حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کا ماننے والا کوئی انسان دہشت گرد نہیں ہوسکتا

مہاتما گاندھی،اندرگاندھی ا و راجیو گاندھی کو قتل کرنے والا کوئی مسلم نہیں تھا:آچاریہ پرمود شری مہاراج
رہبر انسانیت حضرت محمد مصطفی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کی یوم ولادت کی مناسبت سے حسن آرا ٹرسٹ دہلی اور آنڈیا ءاسلامک کلچر سینٹر کے اشتراک سے ورلڈ پیس کانفرنس کا اہتمام دیر رات لودھی روڈ‘نئی دہلی پر قائم انڈیا اسلامک سینٹر میں کیا گیا جسمیں بین الاقوامی دانشواران،مسلم اورغیر مسلم علماء کرام،شعرائ،سیاست داں حضرات اور کئی ممالک کے سفیروںنے ملکر تسلیم کیا کہ دنیا ئے انسانیت کا آپسی اتحاد تعلیمات رسول صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم پر ہی منحصر ہیں۔عالمی یوم امن کے عنوان سے منعقد اس کانفرس کی صدارت معروف مقررعلامہ عقیل الغروی نے انجام دی جبکہ مہمان خصوصی کے طور پر ڈاکٹر سید احمد ‘گورنر جھارکھند نے شرکت کی۔قاری حفظ الرحمان کی تلاوت کلام الہی سے آغاز کے بعد سڈنی سے تشریف لائے ہوئے محمد علی زیدی،ایران کے معروف علماءآغا مہدی مہدوی پور اور صحافی انجم عثمانی کو ردائے امن پیش کی گئی اور امسال کے’ ایمبیسڈر آف پیس‘ اعزاز سے بھی سرفراز کیاگیا۔ خیر مقدمی کلمات پدم شری ڈاکٹرمحسن ولی نے پیش کئے۔جشن میں افتتاحی تقریر میں آسام کے سابق گورنر اور وزیر داخلہ سید سبط رضی نے حضرت محمد مصطفی ﷺکے سلسلہ میں بتایا کہ آپکے حسن سلوک کووہ لوگ بھی مانتے تھے جو اس وقت کافر تھے لیکن بعد میں آپکی سیرت سے متاثر ہوکر مسلمان ہوگئے۔ایرانی مقررمہدی مہدوی پور نے اسلام کو دنیا میں پھیلنے میں حضرت محمد مصطفی کی قربانیوں کے سلسلہ میں بتاتے ہوئے کہا کہ اپنے ان لوگوں سے بھی شکوہ نہیں کیا جنھوں نے آپ پر سنگ باری کی۔انھوں نے بتایا کہ سرکار نے پہلے اپنے آپ کو صادق اور امین تسلیم کروایا بعد میں اپنی رسالت کا اعلان کیا،حالانکہ وہ تب بھی رسول تھے جب دنیامیں کچھ نہ تھا اور جب بھی رسول رہیں گے جب دنیا میں کچھ بھی نہیں ہوگا۔

کالکی دھام کے مذہبی پیشواآچاریہ پرمود شری مہاراج نے کہاحضرت محمد صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کا ماننے والا کوئی انسان دہشت گرد نہیں ہوسکتا اور اگر کوئی ہے تو وہ ان کی تعلیمات کو سمجھ ہی نہیں رہا ہے بلکہ زبانی طور پر اپنے آپ کو ان کاماننے والا کہہ رہا ہے۔انھوں نے بتایا کہ مہاتما گاندھی،اندرگاندھی ا و راجیو گاندھی اور دیگر عالمی شہرت یافتہ حضرات کو قتل کرنے والا کوئی مسلمان نہیں تھا۔سیرت کے اہم گوشو ں پر جامع تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو کمزور کرنے کیلئے دشمن کی سازش ہمارے اور آپکے اتحاد میں درار پیدا کرنا ہے لیکن سمجھدار وہی انسان ہے جو اس سازش میں اندھا نہ ہو ۔انھوں نے اپنی تقریر کو مزید طول دیتے ہوئے نعت پاک اور بارگاہ امام حسین ؑمیں سلام بھی پیش کیا اور اختتام میں کہا کہ بجرنگ بلی اور مولا علی کے چاہنے والے اگر ایک ساتھ ہوجائیں تو ملک میں کوئی ظالم نہیں بچے گا۔علامہ عقیل الغروی نے اپنی مختصراََ تقریر میں عالمی یوم امن کو حضرت محمد مصطفی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت پر منعقد کرنے پر خوشی ظاہر کی اورکہا کہ دنیائے انسانیت کیلئے یہ بات قابل قدر ہے کہ اسکے پاس حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم جیسی شخصیت نمونہ عمل ہیں۔علامہ نے بتایا کہ عالم انسانیت میں جو بھی قابل قدر شخصیات ہیں ان میں ہم حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کو سب سے زیادہ قابل قدر شخصیت تسلیم کرتے ہیں‘ اگر دنیا کے پاس اسکا کوئی جواب ہوتو لے آئے۔بین الاقوامی مہمان مولانا شہنشاہ حسین نے عالمی پیمانے پر اسلام کے خلاف جاری سازشو ں کا ذکر کیا اور ملت اسلامیہ کو اتحاد کا درس دیا جبکہ آسٹرلیا سے تشریف لائے سےد محمد علی نے دور حاضر میں دنیا جس طرح سیرت نبوی سے متاثر ہورہی ہے اس پر معلوماتی تقریر کی۔اس پہلے اجلاس میں خیر مقدمی کلمات دہلی اقلیتی کمیشن کے چیرمین صفدر ایچ خاں اور شکریہ حسن آرا ٹرسٹ کے صدر ظہیر زیدی نے کیا۔تقریری نشست کے بعد نعتیہ مشاعرے کا آغاز ہو جس کی صدارت کینیڈا سے تشریف لائے ہوئے سابق سفیر ڈاکٹر کرامت اللہ غوری نے کی جبکہ نظامت کے فرائض پروفیسر عباس رضا نیر جلال پوری نے ادا کئے جسمیں آچاریہ پرمود شری،استاد مظفر رزمی کیرانوی،پروفیسر عراق رضا زیدی،رینا حیدر،سردار نرمل سنگھ رائے پوری،نسیم عباسی،صادق لکھنو،سلیم امروہوی،اشجع رضا زیدی،رضا امروہوی،مہران عظیم بمبئی،علی عابدی،پیمبرنقوی،خصال مہدی،جتندر پرواز،ندیم عباس زیدی وغیرہ نے نعتیہ کلام پیش کیا۔ اس موقع پر بین الاقوامی میڈیا،مشہور سیاست داں ،دہلی و اطراف کی ادبی شخصیات،دانشواران،کئی ممالک کے سفرائ،سابق وزراءنیز ارکین پارلیمان موجود تھے ۔
S A Sagar
About the Author: S A Sagar Read More Articles by S A Sagar: 147 Articles with 129377 views Reading and Writing;
Relie on facts and researches deep in to what I am writing about.
Columnist, Free Launce Journalist
http://sagarurdutahzeeb.bl
.. View More