ریتک روشن‘سنجے دت اور پرینکا
چوپڑا کی نئی فلم ’اگنی پتھ‘ نے اندرون اور بیرون ملک کامیابی کی راہ پر
ایک اور سنگ میل عبور کرلیاہے۔ ریلیز کے دوسرے ہی ہفتے اس فلم نے ایک ارب
روپے کی کمائی کرکے شائقین کو ہی نہیں بلکہ کاروباری طبقہ کو حیران کردیا
جبکہ یہ فلم جنوری کے آخری ہفتے میں ریلیز ہوئی تھی اور 5فروری تک اس نے
محض ہندوستان بھر میں ایک ارب روپے کا بزنس کیا ہے۔
ریتک روشن اور پرینکا چوپڑا کے علاوہ فلم کے دیگر فنکاروں میں رشی کپوراور
سنجے دت شامل ہیں جبکہ فلم کے پروڈیوسر کرن جوہر اور ڈائریکٹرکرن ملہوترا
ہیں۔ایک ارب روپے سے زائد کا بزنس کرنے والی یہ ریتک روشن کی یہ پہلی فلم
ہے جبکہ اس سے قبل ان کی ایک اور فلم ’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘
محض 8 کروڑ روپے کے فرق سے ایک ارب کا ریکارڈ بزنس کرنے سے پیچھے رہ گئی
تھی۔
دوسری جانب پرینکا چوپڑا کی فلم ’ڈان ٹو‘ نے بھی ایک ارب روپے کا بزنس کیا
تھا یوں ’اگنی پتھ‘ ایک ارب روپے کا بزنس کرنے والی ان کی دوسری فلم بن گئی
ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ اپنی ساتھی فنکارہ آسین کے برابر آکھڑی ہوئی ہیں جن
کی دوفلمیں ’گجنی ‘ اور ’ریڈی‘ ایک سو کروڑ یعنی ایک ارب روپے کا بزنس کرکے
ریکارڈ قائم کر چکی ہیں۔
’اگنی پتھ‘ 1990میں اسی نام سے بننے والی فلم کا ری میک ہے جس کے ہیرو بگ
بی یعنی امیتابھ بچن تھے۔ اس حوالے سے کسی کو بھی یہ امید نہیں تھی کہ ری
میکنگ اس قدر کامیاب ثابت ہوگی کہ دیگرفلموں کو پیچھے چھوڑ جائے گی اور ’
باڈی گارڈ ‘جیسی اربوں کا بزنس کرنے والی فلمیں کے ہم پلہ آکھڑی ہوگی۔
’اگنی پتھ‘ نے ریلیز ہوتے ہی ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلے ہی دن 24.5
کروڑ روپے کمالئے تھے۔’اگنی پتھ‘ ہندوستان کے علاوہ بیرون ملک میں بھی
ریلیز ہوئی۔ آسٹریلیا میں یہ 14فلم سینماہالوں پر دکھائی گئی اور اس نے
75403آسٹریلیائی ڈالر کی آمدنی کی۔اس طرح پہلے دن کی کمائی کے معاملے میں’
اگنی پتھ‘اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ثابت ہوئی ہے۔ رواں سال
کے ابتدائی تین ہفتوں میں جو فلمیں ریلیز ہوئیں انہوں نے باکس آفس پر بہت
مایوس کیا تھا لیکن 26 جنوری کو ریلیز ہوئی اس فلم نے ساری مایوسی دور کر
دی۔جبکہ گزشتہ برس 31 اگست کو ریلیز ہوئی فلم باڈی گارڈ نے پہلے دن 21.6
کروڑ روپے کمائے تھے۔ فلم کاروبار سے وابستہ ماہرین کا ماننا ہے کہ اگنی
پتھ‘ جو’باڈی گارڈ‘ کے ریکارڈ کو توڑ چکی ہے‘ یوم جمہوریہ پر یہ شائقین کو
کرن جوہرکا یہ بہترین تحفہ ہے۔اب دیکھنا یہ ہے اگنی پتھ کم مدت میں 100کروڑ
روپے کمانے کا بھی نیا ریکارڈ بنائےگی یا نہیں۔ ابھی تک یہ ریکارڈ’ باڈی
گارڈ‘ کے قبضہ میں ہے جس نے محض 8روز میں 100کروڑ روپے کما لئے تھے۔بعض
ماہرین کے نزدیک ریتک کو جہاں ورثہ میں راکیش روشن سے اداکاری کی دولت نصیب
ہوئی ہے تو وہیں پرینکا چوپڑا کا فن میں ڈوب جانا کامیابی کا اہم ذریعہ
ہے۔دوسری جانب سنجے دت کے ذریعے شیٹی جیسی گنجے فلم ویلن روایت کے لوٹنے کو
بھی کامیابی کی وجہ قرار دیا جارہا ہے۔ |