ٹائٹینک دوئم کی تیاری

آسٹریلیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک کلائیو پامر نے اعلان کیا ہے کہ وہ سو برس قبل سمندر برد ہوجانے والے شہرہ آفاق ٹائٹینک بحری جہاز کی طرز پر ٹائٹینک دوئم تیار کریں گے۔

پامر کے مطابق یہ بحری جہاز بالکل ٹائٹینک کی طرز پر بنایا جائے گا اور یہ اپنا پہلا سفر سن دو ہزار سولہ میں برطانیہ سے نیویارک کی طرف کرے گا۔ خیال رہے کہ پہلے ٹائٹینک نے بھی اپنا اولین سفر برطانیہ سے نیویارک ہی کی جانب کیا تھا، تاہم ایک برفانی تودے سے ٹکرا کر یہ جہاز اور اس کے بیشتر مسافر ڈوب گئے تھے۔ ہالی وڈ کے معروف ہدایت کار جیمز کیمرون نے اس موضوع پر ٹائٹینک نام کی ایک فلم بھی بنائی تھی جسے عالمگیر شہرت حاصل ہو ئی تھی۔
 

image


کلائیو پامر کے مطابق یہ بحری جہاز ایک چینی کمپنی کے تعاون سے تعمیر کیا جائے گا۔ وہ اس بارے میں کہتے ہیں، ’یہ اصل ٹائٹینک ہی کی طرح شاندار ہوگا تاہم اب اسے اکیسویں صدی کی ٹیکنالوجی اور جدید حفاظتی نظام سے لیس کیا جائے گا۔‘

پامر، جن کا تعلق کان کنی کے شعبے سے ہے، کہتے ہیں کہ انہوں نے چینی نیوی کو دعوت دی ہے کہ وہ ٹائٹینک دوئم کے ساتھ نیو یارک تک کا سفر کرے۔

پامر کی جانب سے یہ اعلان پیر کے روز سامنے آیا ہے۔ اس برس پندرہ اپریل کو ٹائٹینک کے سمندر برد ہونے کے سو سال مکمل ہونے کی یاد منائی گئی تھی۔ پامر کا کہنا ہے کہ ان کا یہ نیا جہاز بنانے کا مقصد ان خواتین و حضرات کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے جنہوں نے اصلی ٹائٹینک پر کام کیا تھا۔ ’’ان لوگوں نے ایک ایسا کام کیا تھا جس کو سو سال بعد بھی اسی دلچسپی کے ساتھ یاد کیا جاتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہی سوچ آئندہ سو سال بھی جاری رہے۔‘‘
 

image


ٹائٹینک کو وائٹ اسٹار لائن کمپنی نے تعمیر کیا تھا جو کہ سو برس پہلے دنیا کی سب سے بڑی بحری کمپنی تھی۔ پامر کی کمپنی کا نام بلیو اسٹار لائن ہے۔ ٹائٹینک دوئم اپنے پیش رو کی طرح دو سو ستر میٹر لمبا، ترپن میٹر اونچا اور چالیس ہزار ٹن وزنی ہوگا۔ اس جہاز میں آٹھ سو چالیس کمرے ہوں گے۔ پامر نے یہ نہیں بتایا کہ اس جہاز کی تعمیر میں کتنی لاگت آئے گی۔

YOU MAY ALSO LIKE:

One of Australia's richest men, Clive Palmer, on Monday unveiled plans to build a 21st century version of the doomed Titanic in China, with its first voyage from England to New York set for 2016. Palmer, a self-made mining billionaire, said he had commissioned state-owned Chinese company CSC Jinling Shipyard to construct Titanic II with the same dimensions as its predecessor.