نوافل شب برات

بسم اللہ الرحمن الرحیم اللہ کے نام سے شروع جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے

فِیھَایُفرَقُ کُلُّ اَمرٍحَکِیم ترجمہ : بانٹ دیاجاتاہے اس رات میں ہرحکمت والاکام

حضرت علی المرتضیٰ شیرِخداؓروایت کرتے ہیں کہ حضورﷺنے فرمایا!"جب شعبان المعظم کی پندرہویں رات ہوتواس رات کوقیام کرواوردن کوروزہ رکھوکیونکہ اس رات میں اللہ تعالیٰ کی تجلی آفتاب کے غروب ہونے کے وقت سے ہی آسمان ودنیاپرظاہرہوتی ہے۔اوراللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ کوئی بخشش مانگنے والاہے کہ میں اُسے بخش دوں،کیاکوئی رزق مانگنے والاہے کہ میں اُسکوعطاکروں،کیاکوئی مصیبت زدہ ہے کہ میں اسے چھوڑوں،کیاکوئی فلاں فلاں حاجت والاہے کہ میں اسکی حاجت پوری کروں،حتیٰ کہ صبح ہوجاتی ہے۔﴾ابن ماجہ﴿

1۔صلوٰ ة الخیر : جو شخص اس رات میں سو (100) رکعت نماز نفل پڑھے ہر رکعت میں سورة الفاتحہ کے بعد سورة الاخلاص گیارہ بار پڑھے ۔ اس کے متعلق حضور ﷺ فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ فرشتوں کو حکم دیتا ہے کہ ایک سال تک اس کا کوئی گناہ نہ لکھو بلکہ نیکیاں ہی لکھتے رہو حضرت حسن بصری ؒ فرماتے ہیں کہ میں نے حضور ﷺ کے تیس صحابہ کرام علہیم الرضوان سے سنا کہ جو شخص اس نماز کو پڑھے گا اللہ تعالیٰ اس کی طرف رحمت کی ستر نظریں فرمائے گا ۔ اور ہر نظر کے ساتھ ستر حاجتیں پوری فرمائے گا ۔ سب سے چھوٹی حاجت گناہوں سے پاک فرمانا ہے

2۔چودہ رکعت نمازنفل : حضرت علی المرتضیٰ شیرخدا رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے شعبان کی پندرہویں رات کو حضور ﷺ کو دیکھا کہ آپﷺ نے چودہ رکعت نماز ادا فرمائی ۔ پھر آپﷺ نے بیٹھ کر سورة الفاتحہ ، سورة اخلاص ، سورةا لفلق اور سورة الناس چودہ چودہ بارپڑھیں ۔ پھر آپﷺ نے آیت الکرسی ایک بار پڑھ کر لقد جا ءکم رسول من انفسکم،الاخرپوری آیت کریمہ پڑھی اس سے فارغ ہو کر نبی کریم ﷺ نے فرمایا اے علی المرتضیٰؓجو ایسا عمل کرے جیسا کہ میں نے کیا ہے تو اس کو بیس مقبول حجوں کا اور بیس سال کے روزوں کا ثواب ملے گا ۔

3۔ چار رکعت نماز نفل : جو شخص اس رات چار رکعت نماز نفل پڑھے اور دن کو روزہ رکھے تو اللہ تعالیٰ اس کے پچاس سال کے گناہ معاف کر دے گا ۔

4۔آٹھ رکعت نماز نفل : جو شخص آٹھ رکعت نمازنفل پڑھے اور ہر رکعت میں سورة ا لفاتحہ کے بعد گیارہ گیارہ بار سورة اخلاص پڑھے پھر اس کا ثواب سیدہ کائنات حضرت فاطمة الزہرہ رضی اللہ تعالیٰ عنھا کی روحِ مبارکہ کو بخشے تو اس کے متعلق سیدہ کائنات حضرت فاطمة الزہرہ رضی اللہ تعالیٰ عنھا فرماتی ہیں کہ میں جنت میں اس وقت تک قدم نہ رکھوں گی جب تک اس کی شفاعت نہ کر الوں ۔

5۔بارہ رکعت نماز نفل : حضور ﷺ نے فرمایا کہ جس نے بارہ نفل پڑھے ہر رکعت میں سورة الفاتحہ کے بعد دس بار سورة اخلاص پڑھی تو اس کے تمام گناہ مٹا دیئے جاتے ہیں اور اس کی عمر میں برکت ہوتی ہے ۔

6۔ پندرہ شعبان کا روزہ : حضرت محمد ﷺ نے فرمایا کہ جس نے پندرہ شعبان کو روزہ رکھا اسے دو سال ایک گزشتہ اور ایک آئندہ کے روزوں کا ثواب ملے گا ۔ ایک اور روایت یہ ہے کہ پندرہ شعبان کو جن ، پرندے ، درندے اور سمندر کی مچھلیاں بھی روزہ رکھتی ہیں ۔

7۔نوافل بعد از نماز مغرب:جو شخص مغرب کی نماز کے بعد چھ رکعتیں دو دو رکعت کرکے پڑھے کہ دو رکعت نماز نفل درازی عمر بالخیر ہونے کی نیت سے دو رکعت نمازنفل بلائیں دفع ہونے کی نیت سے اور دو رکعت نمازنفل مخلوق کا محتاج نہ ہونے کی نیت سے پڑھے اور ہر دو رکعت کے بعد سورہ یٰسین ایک بار( ےا اکیس بار سورہ اخلاص) اس کے بعد دعا نصف شعبان المعظم پڑھے۔

8۔دس رکعت نماز نفل:حضور ﷺ نے فرماےا جو میرا نیازمند امتی شب برات میں دس(10)رکعتنمازنفل اس طرح پڑھے کہ ہر رکعت میں الحمد شریف کے بعد قل ھو اللہ احد گیا رہ گیارہ مرتبہ پڑھے تو اس کے گناہ معاف ہوں گے اور اس کی عمر میں برکت ہوگی۔

9۔نوافل برائے نجات عذاب قبر:شعبان کی پندرہویں شب کوجوکوئی آٹھ رکعت نماز دو سلام سے پڑھے ۔ہر رکعت میں سورة الفاتحہ کے بعد سورہ اخلاص 10مرتبہ پڑھے۔اللہ عزوجل اس نماز کے پڑھنے والے کیلئے بے شمار فرشتے مقرر فرما دے گا جو اُسے عذاب قبر سے نجات کی اور داخل بہشت ہونے کی خبر دیں گے۔

10۔نوافل برائے توبہ:پندرہویں شب کو جوکو ئی آٹھ رکعت نمازنفل دو سلام سے پڑھے (ےعنی4،4رکعت)پہلی رکعت میں سورة االفاتحہ کے بعد آیت الکرسی 10مرتبہ دوسری میں سورہ فاتحہ کے بعد سورہ الم نشرح دس بار اور تیسری میں سورةالقدر اور چوتھی میں سورة اخلاص دس مرتبہ پڑھے ۔پھر دوسری چار رکعت بھی اسی ترتیب سے پڑھے۔بعد سلام کے ستر مرتبہ استغفار اور ستر مرتبہ آقاﷺکی ذات اقدس پر درود پاک پڑھ کر اپنے گناہوں سے توبہ کرے۔انشاءاللہ اللہ عزوجل صغیر وکبیرہ گناہ معاف فرمائے گا۔

11۔دو رکعت نماز نفل:جو کوئی پندرہویں شعبان کو دو رکعت نماز نفل پڑھے ہر رکعت میں سورةالفاتحہ کے بعدایک بار آیت الکرسی اور15بار اخلاص پڑھے ۔سلام پھیرنے کے بعدآقاﷺکی ذات اقدس پردرود شریف 100مرتبہ پڑھ کر ترقی رزق کی دعا کرے ۔انشاءاللہ نماز کے باعث رزق میں برکت ہوگی۔

شب برات جہنم کی آگ سے نجات پانے کی رات ہے مگرآج کل ہم مسلمانوں کوکیاہوگیا ہے آگ سے چھٹکارا حاصل کرنے کے بجائے پیسے خرچ کرکے خوداپنے لئے آگ یعنی آتشبازی کاسامان خریدتے ہیں حکیم الامت مفتی احمدیارخان نعیمی فرماتے ہیں کہ آتشبازی نمرودبادشاہ نے ایجادکی جبکہ اس نے حضرت ابراہیم خلیل اللہ ؑکو آگ میںڈالااورآگ گلزارہوگئی تو اس کے آدمیوں نے آگ کے اناربھرکران میں آگ لگاکرحضرت ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام کی طرف پھینکے یہ بڑی عظمت والی رات ہے اس رات اللہ پاک گناہ گاروں کودوزخ کی آگ سے نجات دیتاہے ہم اس رات آگ سے بچنے کی بجائے گھروں میں شیطانی کام (پٹاخے،شرکنیاں،ٹائر وغیرہ جلانا) کرتے ہیں حکیم الامت مفتی احمدیارخان نعیمیؒ فرماتے ہیں آتشبازی بنانا،بیچنا،خریدنااورخریدوانا، چَلانااورچلواناسب حرام ہے ۔ لہذاہم خود بھی ان کاموں سے بچیں، دوسروں کو بھی بچائیں اوراللہ پاک کی رحمت کے حقداربن جائیں۔ اللہ پاک عمل کی توفیق عطا فرمائے آمین۔
Hafiz kareem ullah Chishti
About the Author: Hafiz kareem ullah Chishti Read More Articles by Hafiz kareem ullah Chishti: 179 Articles with 295926 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.