شب قدرکی فضیلت

شب قدرکی فضیلت
سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا شب قدر میں آسمان کے دروازے کھلے رہتے ہیں جو بندہ شب قدر میں نماز پڑھتا ہے تو اللہ تعالٰی اس کو ایک ایک تکبیر کے بدلے (یعنی اللہ اکبر کے بدلے) میں جنت میں ایک ایسا سایہ دار درخت عطا فرمائے گا کہ اگر چلنے والا سو سال تک اس کے سائے میں چلے تو اس کا سایہ طے نہ کر سکے گا ۔ اور ہر رکعت کے بدلے میں جنت میں ایک مکان موتیوں یا قوت اور زبرجد کا عطا فرمائے گا ۔ اور ہر سلام پھیرنے کے بدلے جنتی چادروں میں سے ایک عطا فرمائے گا ۔ (درة الناصحین (

دعاﺅں کی قبولیت
شب قدر میں ایک گھڑی ایسی ہے کہ جو دعا مانگی جائے قبول ہوتی ہے ۔ ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہ فرماتی ہیں میں نے عرض کی یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اگر میں شب قدر کو پالوں تو کون سی دعا مانگوں تو پیارے آقا صلی اللہ علیہ و سلم نے مندرجہ ذیل دعا تعلیم فرمائی ۔
شب قدر کی دعا :
اَللّھُمَّ اِنَّکَ عَفُوّ تُحِبُّ الْعَفْوَ فَاعْفُ عَنِّی یَا غَفُوْرُ یَا غَفُوْرُ یَا غَفُوْرُ ۔ (ابن ماجہ ، ترمذی)
اے اللہ ! بیشک تو معاف کرنے والا کریم ہے اور معافی چاہنے والے کو پسند کرتا ہے پس مجھے معاف کر دے اے بخشنے والے اے بخشنے والے اے بخشنے والے ۔

محترم مسلمان بھائیو ! شب قد ر کی تلاش کے لیے خوش نصیب مسلمان رمضان کے آخری عشرہ میں اعتکاف کرتے ہیں یہ بہت عظیم عبادت ہے ۔ احادیث مبارکہ اعتکاف کے فضائل سے مالا مال ہیں رمضان کے آخری عشرہ کا اعتکاف سنت موکدہ علی الکفایہ ہے ۔ اس کے بے شمار فضایل ہیں چند فضائل پیش کئے جاتے ہیں ۔
۱:۔ سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا جس نے رمضان شریف میں دس دن کا اعتکاف کر لیا تو ایسا ہے جیسے دو حج اور دو عمرے کئے ۔(بہیقی)
۲:۔ اللہ عزوجل کے محبوب دانا کے غیوب صلی اللہ علیہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں ۔ جو شخص رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اخلاص کے ساتھ اعتکاف کر لے گا اللہ تعالی اس کے نامہ اعمال میں ہزار سال کی عبادت درج فرمائے گا ۔ اور قیامت کے دن اس کو اپنے عرش کے سایہ میں جگی دے گا ۔ (تذکرہ الواعظین )۔

شب قدر کے نوافل

بارہ رکعت نفل
بارہ رکعت نماز تين سلام سے اسطرح پڑھے کہ ہر رکعت ميں سورہ فاتحہ کے بعد انا انزلنا ايک ايک بار سورہ اخلاص پندرہ مرتبہ پڑھے۔اور سلام کے بعد ستر مرتبہ استغفار پڑھيں۔
فضيلت:اللہ تعالي اس نماز کے پڑھنے والوں کو نبيوں کي عبادت کا ثواب عطا فرمائے گا۔

چاررکعت نفل
چاررکعت نفل پڑھے ہر رکعت میں الحمد شریف کے بعد سورة التکاثر ایک مرتبہ اور سورة اخلاص تین دفعہ پڑھے تو موت کی سختیوں سے آسانی ہو گی اور عذاب قبر سے محفوظ رہے گا ۔ ( نزہتہ المجالس جلد نمبر ۱ صفحہ ۹۲۱)

دورکعت نفل
دورکعت نفل پڑھے کہ ہر رکعت میں الحمد شریف کے بعد سورة القدر ایک بار اور سورة اخلاص تین بار پڑھے تو اللہ تعالی اس کو شب قدر کا ثواب عطا فرمائے گا ۔اور ثواب حضرت ادریس علیہ السلام،حضرت شعیب علیہ السلام ، حضرت داؤد علیہ السلام، حضرت ایوب علیہ السلام ، حضرت نوح علیہ السلام جیسا عطا ہو گا ۔اور اس کو جنت میں مشرق سے مغرب تک ایک شہر عنایت فرمائے گا ۔ (فضائل الشہور)

شب قدر کا تحفہ
حضرت علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں جو شخص شب قدر میں سورة قدر سات مرتبہ پڑھے گا ۔ اللہ تعالی اسے ہر بلا سے محفوظ فرما دیتا ہے اور ستر ہزار فرشتے اس کے لیے جنت کی دعا کرتے ہیں ( نزہتہ المجالس)

پہلی شبِ قدر
حضور انور سرکار دو عالم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں کہ میری اُمت میں سے جو مرد یا عورت یہ خواہش کرے کہ میری قبر نور کی روشنی سے منور ہو تو اسے چاہئیے کہ ماہِ رمضان المبارک کی شب قدروں میں کثرت کے ساتھ عبادتِ الٰہی بجا لائے کہ ان مبارک اور متبرک راتوں کی عبادت سے اللہ پاک اس کے نامہء اعمال سے برائیاں مٹاکر نیکیوں کا ثواب عطا فرمائے۔

شبِ قدر کی عبادت ستر ہزار شب کی عبادتوں سے افضل ہے۔

اکیسویں (21) شب کو چار رکعت نماز دو سلام سے پڑھے۔ ہر رکعت میں بعد سورہء فاتحہ کے سورہء قدر ایک ایک بار۔ سورہء اخلاص ایک ایک مرتبہ پڑھے۔ بعدِ سلام کے ستر مرتبہ درود پاک پڑھے۔ انشاءاللہ تعالٰی اس نماز کے پڑھنے والے کے حق میں فرشتے دعائے مغفرت کریں گے۔

اکیسویں شب کو دو رکعت نماز پڑھے۔ ہر رکعت میں سورہء فاتحہ کے بعد سورہء قدر ایک ایک بار۔ سورہء اخلاص تین تین مرتبہ پڑھنی ہے بعد سلام کے نماز ختم کرکے ستر مرتبہ استغفار پڑھے۔ انشاءاللہ تعالٰی اس نماز اور شبِ قدر کی برکت سے اللہ پاک اس کی بخشش فرمائے گا۔

دوسری شبِ قدر

ماہِ مبارک کی تیئسویں (23) شب کو چار رکعت نماز دو سلام سے پڑھے۔ اور ہر رکعت میں بعد سورہء فاتحہ کے سورہء قدر ایک ایک بار۔ سورہء اخلاص تین تین بار پڑھے۔
انشاءاللہ تعالٰی واسطے مغفرت گناہ کے یہ نماز بہت افضل ہے۔

تیئسویں(23) شبِ قدر کو آٹھ رکعت نماز چار سلام سے پڑھنی ہے۔ ہر رکعت میں بعد سورہء فاتحہ کے سورہء قدر ایک ایک دفعہ سورہء اخلاص ایک ایک بار پڑھے۔ بعد سلام کے سر مرتبہ کلمہء تمجید پڑھے اور اللہ تعالٰی سے اپنے گناہوں کی بخشش طلب کرے۔ اللہ تعالٰی اس کے گناہ معاف فرما کر انشاءاللہ تعالٰی مغفرت فرمائے گا۔

تیسری شبِ قدر

ماہِ رمضان کی پچیس (25) تاریخ کی شب کو چار رکعت نماز دو سلام سے پڑھے۔ بعد سورہء فاتحہ کے سورہء قدر ایک ایک بار۔ سورہء اخلاص پانچ پانچ مرتبہ ہر رکعت میں پڑھنی ہے۔ بعد سلام کے کلمہء طیب ایک سو دفعہ پڑھنا ہے۔ درگاہِ رب العزت سے انشاءاللہ تعالٰی بیشمار عبادت کا ثواب عطا ہوگا۔

پچیسویں شب کو چار رکعت نماز دو سلام سے پڑھے۔ ہر رکعت میں بعد سورہء فاتحہ کے سورہء قدر تین تین مرتبہ ۔ سورہ اخلاص تین مرتبہ پڑھے۔ بعد سلام کے ستر دفعہ استغفار پڑھے۔ یہ نماز بخشش گناہ کے لئے بہت افضل ہے۔

پچیسویں (25) شب کو دو رکعت نماز پڑھنی ہے ہر رکعت میں بعد سورہء فاتحہ کے سورہء قدر ایک ایک مرتبہ۔ سورہء اخلاص پندرہ پندرہ مرتبہ پڑھے۔ بعد سلام کے ستر دفعہ کلمہء شہادت پڑھنا ہے۔
یہ نماز واسطے نجات عذابِ قبر بہت افضل ہے۔

چوتھی شبِ قدر

ستائیسویں (27) شب قدر کو بارہ رکعت نماز تین سلام سے پڑھے۔ ہر رکعت میں بعد سورہء فاتحہ کے سورہء قدر ایک ایک مرتبہ، سورہ اخلاص پندرہ پندرہ مرتبہ پڑھنی ہے۔ بعد سلام کے ستر مرتبہ استغفار پڑھے۔ اللہ تعالٰی اس نماز کے پڑھنے والے کو نبیوں کی عبادت کا ثواب عطا فرمائے گا۔ انشاءاللہ العظیم

ستائیسویں شب کو دو رکعت نماز پڑھے۔ ہر رکعت میں سورہء فاتحہ کے بعد سورہء قدر تین تین دفعہ۔ سورہء اخلاص ستائیس مرتبہ پڑھ کر گناہوں کی مغفرت طلب کرے۔ انشاءاللہ تعالٰی اس کے تمام پچھلے گناہ اللہ پاک معاف فرمائے گا۔

ستائیسویں شب کو چار رکعت نماز دو سلام سے پڑھنی ہے۔ ہر رکعت میں بعد سورہء فاتحہ کے سورہء تکاثر ایک ایک بار۔ سورہء اخلاص تین تین بار پڑھے۔ اس نماز کے پڑھنے والے پر سے اللہ پاک موت کی سختی آسان کرے گا۔ انشاءاللہ تعالٰی اس پر سے عذابِ قبر بھی معاف ہو جائے گا۔

ستائیسویں شب کو دو رکعت نماز پڑھے۔ ہر رکعت میں بعد سورہء فاتحہ کے سورہء اخلاص سات سات مرتبہ پڑھے۔ بعد سلام کے ستر دفعہ یہ تسبیح معظّم پڑھنی ہے۔

اَستَغفِرُاللہَ العَظِیمَ الَّذِی لاَاِلٰہَ اِلاَّ ھُوَ الحَیُّ القَیُّومُ وَاَتُوبُ اِلَیہِ

انشاءاللہ تعالٰی اس نماز کو پڑھنے والے اپنے مصلّٰے سے نہ اٹھیں گے کہ اللہ پاک اس کو اور اس کے والدین کے گناہ معاف فرما کر مغفرت فرمائے گا اور اللہ تعالٰی فرشتوں کو حکم دے گا کہ اس کے لئے جنّت آراستہ کرو اور فرمایا کہ وہ جب تک تمام بہشتی نعمتیں اپنی آنکھ سے نہ دیکھ لے گا۔ اس وقت تک موت نہ آئے گی۔ واسطے مغفرت یہ نماز بہت ہی افضل ہے۔

ستائیس شب کو دو رکعت نماز پڑھے۔ ہر رکعت میں بعد سورہ فاتحہ کے سورہ ء الم نشرح ایک ایک بار۔ سورہء اخلاص تین تین مرتبہ پڑھے۔ بعدسلام ستائیس مرتبہ سورہء قدر پڑھے۔
انشاءاللہ العظیم واسطے ثواب بیشمار عبادت کے یہ نماز بہت افضل ہے۔

ستتائیسویں شب کو چار رکعت نماز پڑھے۔ ہر رکعت میں بعد سورہء فاتحہ کے سورہء قدر تین تین دفعہ ۔ سورہ اخلاص پچاس پچاس مرتبہ پڑھے۔ بعد سلام سجدہ میں سر رکھ کر ایک مرتبہ یہ کلمات پڑھے:۔

سُبحَان اللہِ وَالحَمدُِللہِ وَلاَ اِلٰہَ اِلاَّ اللہُ وَاللہُ اَکبَر ط

اس کے بعد جو حاجت دنیاوی یا دینوی طلب کرے۔ وہ انشاءاللہ تعالٰی درگاہِ باری تعالٰی میں قبول ہوگی۔
پیرآف اوگالی شریف
About the Author: پیرآف اوگالی شریف Read More Articles by پیرآف اوگالی شریف: 832 Articles with 1381332 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.