برکتیں لوٹ لو

رمضان المبارک کا مہینہ بڑی برکتوں کا حامل مہینہ ہے،آئیے!اس ماہ مبارک کی چیدہ چیدہ برکتوں کایمان افروزتذکرہ اس دعاکے ساتھ کریں کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کویہ تمام برکتیں اپنی شان فیاضی کے مطابق نصیب فرمائے!آمین

٭…اس مبارک مہینے کی سب سے بڑی برکت یہ کہ اس مبارک مہینے میں اﷲتعالیٰ کا کلام قرآن عزیز اس کے بندوں کوعطافرمایا گیا۔اﷲ کا کلام انسانی ہدایت کا رہنماکلام ہے۔اس کے ذریعے سے لوگوں کو سر بلندی نصیب ہوتی ہے۔اس کے حافظ کے دنیا اور اخرت میں درجات بلند کیے جاتے ہیں۔اس کے ناظرہ پڑھنے اور تکمیل کرنے والوں کے والدین کے تمام پچھلے گناہ بخش دیئے جاتے ہیں۔اس کا دیکھنا، پڑھنا ،چھونا ،سنناسب کا ر ثواب ہے۔اس کے ایک ایک حرف کے پڑھنے پر عام دنوں میں دس دس نیکیاں ملتی ہیں اور رمضان المبارک کے دنوں میں پڑھنے سے اس کا اجر وثواب ستر گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔کتنے خوش نصیب ہیںوہ لوگ جنہیں اس ماہ مبارک میں تراویح میں قرآن مجیدکی مکمل تلاوت کرنے،سننے یاسنانے کاموقع ملتاہے اورزہے نصیب ان قسمت کے سکندروں کے جواس کے علاوہ بھی اس ماہ مبارک میں درجنوں قرآن مکمل کرنے کی سعادت سے بہرہ یاب ہوتے ہوتے ہیں ۔

٭…اس مہینے کی دوسری بڑی برکت یہ ہے کہ اس ماہ مبارک کے آخری عشرے میں ایک رات ایسی آتی ہے جس کو لیلةالقدر(شب قدر)کہا جاتاہے،اس رات کی عبادت قرآن شریف کے مطابق ہزار مہینوں (تقریباً تراسی برس چار ماہ)سے زیادہ بہترہے۔آج کل تو اتنی عمر بھی نصیب نہیں ہوتی،چہ جائیکہ اتنی طویل ترین عبادت!!حضوراکرم ۖ نے اس رات کورمضان المبارک کی اکیس ،تئیس،پچیس،ستائیس اورانتیس تاریخ میںتلاش کرنے کاحکم فرمایاہے،آخری عشرے کامسنون اعتکاف کرنے والوں کویہ عظیم رات ملنے کازیادہ امکان ہوتاہے۔

٭…اس ماہ مبارک کی تیسری بڑی برکت یہ ہے کہ اس میں نیک اعمال کی قیمت بڑھادی جاتی ہے،چناں چہ نوافل کا ثواب فرائض کے برابر اور ایک فرض کا ثواب ستر فرائض کے برابرکردیا جاتا ہے۔

٭…اس ماہ کی ایک برکت یہ ہے کہ یہ صبر کا مہینہ ہے اورحدیث کے مطابق صبر کا بدلہ جنت ہے۔

٭…اس ماہ کی ایک برکت یہ ہے کہ اس ماہ میں سرکش شیاطین قید کردیئے جاتے ہیں،انہیں طوق پہناکراورزنجیروںمیں باندھ کرسمندرمیں ڈال دیاجاتاہے،جس کی وجہ سے وہ انسان کواس طرح نہیں بہکاسکتے جس طرح سال کے بقیہ گیارہ مہینوں میں بہکایاکرتے تھے،اب مقابلہ اپنے نفس کوانسانوں کے بھیس میں پھرنے والے شیطان کے کارندوں سے رہتاہے،پھرنفس بھی بھوک پیاس کی وجہ سے مضمحل ہوجاتاہے،لہٰذاتھوڑے سے مجاہدے سے عبادت واطاعت کی انجام دہی کی راہیں کھل سکتی ہیں،دوسری طرف ایک فرشتہ بھی صبح شام یہ ندادیتاہے:ایک خیرکے طالب! آگے بڑھ اوراے شرکے دل دادہ!بس کر۔

٭…اس ماہ کی ایک برکت یہ ہے کہ جنت کو سارا سال اس ماہ کے لئے آراستہ کیا جاتا ہے اور اس ماہ میں اس کے تمام دروازے کھول دیے جاتے ہیں۔

٭…اس ماہ کی ایک برکت یہ ہے کہ جہنم کے تمام دروازوں کو اس مبارک مہینے میں بند کردیا جاتا ہے۔

٭…اس ماہ کی ایک برکت یہ ہے کہ اس کے روزوں کا بدلہ خود اﷲ جل شانہ دیتے ہیں یا بدلے میں خود اﷲجل شانہ مل جاتے ہیں۔

٭…اس ماہ کی ایک برکت یہ ہے کہ روزے دار کے منہ کی بدبو اﷲتعالیٰ کے نزدیک مشک وعنبر کے خوشبو سے زیادہ پسندیدہ ہوتی ہے۔

٭…اس ماہ کی ایک برکت یہ ہے کہ خشکی اور تری کے جانور اس کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہیں۔

٭…اس ماہ کی ایک برکت یہ ہے کہ رمضان المبارک میں سحری کھانے والوں پر اﷲ تعالی اوراس کے فرشتے رحمت بھیجتے ہیں۔

٭…اس ماہ کی ایک برکت یہ ہے کہ روزانہ دس لاکھ آمیوں کو جہنم سے خلاصی کا پروانہ ملتا ہے،مزیدیہ کہ یکم رمضان سے آخر رمضان تک جتنی تعداد جہنم سے خلاصی حاصل کرتی ہے، ان کی مجموعہ تعداد آخری دن خلاصی پاتی ہے۔

ڈھونڈنے والوں کو رمضان المبارک کی مزید برکتیں معلوم ہوسکتی ہیں۔حقیقت یہ ہے کہ اتنی برکتوں کے باوجود کسی شقی اور محروم پر پور امہینہ گذر جائے اور اسکی مغفرت کا سامان نہ ہو تو اس سے بڑا بدبخت کو ئی نہیں ہوسکتا۔ اس لیے امتِ مسلمہ کو ان برکتوں کے حصول میں کوشاں ہونا چاہیے اور رہنمائے انسانیت ۖکے ارشادمبارک کے مطابق چار چیزوں کی اس مہینے میں کثرت رکھنی چاہیے۔اول: کلمہ لاالہ الااﷲکی کثرت،دوم :استغفار کی کثرت،سوم :جنت کا حصول،چہارم :جہنم سے امن۔

اللہ تعالیٰ ہم سب کوعمل کرنے کی ہمت وتوفیق عطافرمائے۔ایں دعاازمن وازجملہ جہاں آمین باد
M Jehan Yaqoob
About the Author: M Jehan Yaqoob Read More Articles by M Jehan Yaqoob: 251 Articles with 314360 views Researrch scholar
Author Of Logic Books
Column Writer Of Daily,Weekly News Papers and Karachiupdates,Pakistanupdates Etc
.. View More