|
بیجنگ اولمپکس کی مشعل سولہ اپریل کو اسلام آباد پہنچ رہی ہے۔
پاکستان کی کھیلوں کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ اولمپک مشعل کے سفر میں
پاکستان کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹننٹ
جنرل ( ریٹائرڈ ) سید عارف حسن نے بی بی سی کو بتایا کہ بیجنگ اولمپکس کی مشعل کے
سفر میں بائیس شہروں کا انتخاب کیاگیا ہے اور پاکستان کے لیے یہ قابل فخر بات ہے کہ
دارالحکومت اسلام آباد ان شہروں میں شامل ہے۔
جنرل عارف حسن نے کہا کہ پندرہ اور سولہ اپریل
کی درمیانی شب اولمپک مشعل پاکستان پہنچے گی۔ اس سلسے میں مختلف نوعیت کے پروگرام
ترتیب دیے گئے ہیں، مختلف راستوں سے مشعل کے قافلے کو گزارا جائے گا اور اس کا
اختتام لیاقت جمنازیم میں ہونے والی پروقار تقریب میں ہوگا۔
|