جنات پر یقین رکھنا

جنات پر یقین رکھنا ہمارے مذہب کا حصہ ہے کیوں کہ قرآن میں ان کا ذکر ہے۔ پوری دنیا میں عموماً ہمارے معاشرے میں خصوصاً اس بات کو تسلیم کیا جاتا ہے کہ جنات انسانی حواس پر حاوی ہو سکتے ہیں مگر قرآن مجید میں انسان کو اشرف المخلوقات کہا گیا ہے جنات کو نہیں۔ سوال یہ ہےکہ کیا اسلامی تاریخ میں ایسی مثال ہے جس سے یہ واضح ہو کہ ایسا ہوتا ہے یا اس بارے میں کوئی حدیث وغیرہ۔ یا پھر یہ ہمارے فرسودہ خیالات ہیں اور ہم کسی ذہنی بیماری کو جنات کا حاوی ہونا سمجھتے ہیں۔ میں نے کسی دینی عامل کو یہ کہتے سنآ ہے کہ شریعت اس معاملے پر خاموش ہے یعنی نہ اس بات کے حق میں کچھ کہا گیا ہے نہ اس کے منافی۔ اپنے معاشرتی خیالات کو ایک طرف رکھ کر صرف اور صرف دینی علم کے مطابق میرے سوال کا جواب دیجیے۔ ملک احمدخان مہروال سرگودھا
جواب:

1۔ جنات اللہ تعالی کی ایک مخلوق ہیں اور تمام انسانیت ان کی حقیقت کو مانتی ہے۔ جن کے معنی چھپا ہوا ہونا، غائب ہونا۔

ان میں سے بعض مسلمان ہوتے ہیں اور بعض کافر، جنات انسانوں کی طرح جنت میں بھی جائیں گے اور دوزخ میں بھی اور یہ انسانوں کی طرح مکلف ہوتے ہیں اور قیامت کے دن حساب وکتاب ہو گا۔ قرآن مجید میں پوری ایک سورۃ جس کا نام الجن ہے موجود ہے اس کا مطالعہ فرمائیں۔

2۔ جنات بھی انسانوں کی طرح ایک مخلوق ہے اور یہ بھی انسانوں کی طرح مکلف ہیں۔ اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا :

وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْإِنسَ إِلَّا لِيَعْبُدُونِ

(الذَّارِيَات ، 51 : 56)

اور میں نے جنّات اور انسانوں کو صرف اسی لئے پیدا کیا کہ وہ میری بندگی اختیار کریں۔

اسی طرح فرمایا :

وَالْجَآنَّ خَلَقْنَاهُ مِن قَبْلُ مِن نَّارِ السَّمُومِ

الحجر 27

اور جنات کو اس سے پہلے کہ وہ گرم ہوئے تھے پیدا کر چکے تھے۔ یعنی حضرت آدم علیہ السلام سے پہلے پیدا کیے گئے تھے۔

اسی طرح فرمایا

وَخَلَقَ الْجَانَّ مِن مَّارِجٍ مِّن نَّارٍ.

الرحمن : 15

اور جنات کو خالص آگ سے پیدا کیا۔

حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ مجھ کو جن وانس اور ہر سرخ وسیاہ کی طرف مبعوث کیا گیا ہے۔ تمام مسلمانوں کا اتفاق ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بعثت جن وانس کی طرف ہوئی ہے۔ بخاری ومسلم

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ مجھ کو رسول بنا کر بھیجا گیا ہے اسود اور احمر کی طرف۔

علماء کا اس میں اختلاف ہے بعض نے کہا کہ اسود و احمر سے مراد عرب وعجم ہیں۔ بعض نے کہا، سرخ اور سفید ہیں اور بعض نے کہا ان سے مراد جن وانس ہیں۔

جنات میں سے بعض مسلمان ہوتے ہیں اور بعض کافر و نافرمان ہوتے ہیں۔

وَأَنَّا مِنَّا الْمُسْلِمُونَ وَمِنَّا الْقَاسِطُونَ

الجن : 14

اور یہ کہ ہم میں سے بعض فرماں بردار بھی ہیں اور ہم میں سے بعض نافرمان بھی۔

بعض دفعہ انسان جنات پر غلبہ پا لیتے ہیں اور بعض اوقات جنات انسانوں پر۔ جنات حقیقت ہیں اور تمام مذاہب ان کی حقیقت کو مانتے ہیں۔ ہندو، عیسائی، یہود، مسلمان، سب کے سب ان کی حقیقت کو مانتے ہیں۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔
پیرآف اوگالی شریف
About the Author: پیرآف اوگالی شریف Read More Articles by پیرآف اوگالی شریف: 832 Articles with 1381238 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.