ہندوستان کے فضائل ومناقب اور خصوصیات احادیث نبویہ کی روشنی میں

ہندوستان کی دھرتی کواللہ رب العزت نے متعدد خصوصیات سے مشرف فرمایاہے۔

یوں تو ہندوستان کی سرزمین بے پناہ فضائل و مناقب اور اہم خصوصیات کی حامل ہے ۔اسلامی تاریخ میں اس ملک کو اہم مقام حاصل ہے۔مصطفی کریمﷺ نے بھی اس ملک کا ذکر فرمایا ہے۔ چند باتیں پیش خدمت ہے۔
٭دنیا کے پہلے انسان ابولبشر حضرت آدم علیہ السلام نے سب سے پہلے اسی دھرتی پر قدم رنجہ فرمایا۔آپ کو ہندوستان میں”سراندیپ“کے”لوذ۔یا۔راہون“پہاڑ پر اتارا گیا۔
٭بلکہ پشت آدم کے حوالے سے ایک لاکھ کم وبیش چوبیس ہزارانبیاءومرسلین یہیں ہند میں اتارے گئے۔
٭صاحب علم وحکمت نے اپنے قدوم میمنت لزوم سے اسی دھرتی کوزینت بخشی۔
٭بابا آدم نے اسی سرزمین پہ اشک ندامت بہائے،تین سو سال تک روتے رہے اور آسمان کی طرف آپ نے حیا کی وجہ سے سر نہیں اٹھایا۔
٭آپ نے دعائیں اسی جگہ مانگیں۔
٭آپ کی توبہ یہیں قبول ہوئی۔
٭پیارے مصطفی ﷺ کا وسیلہ رب کی بارگاہ میں آپ نے اسی دھرتی پر پیش کیا۔
٭ محمد رسول اللہ ﷺ کے نام پاک کا نعرہ وغلغلہ زمین پہ سب سے پہلے یہیں بلند ہوا۔
٭بعض روایتوں میں ہے کہ حضرت شیث علیہ السلام کا مزار پاک بھی ہندوستان میں ہے،اجودھیا میں بتایا جاتا ہے۔
٭توالد وتناسل کا سلسلہ بھی غالباً یہیں سے شروع ہوا۔
٭گویا ہندوستان تمام مسلمانوں اور انسانوں کا آبائی وطن ہے۔
٭سید الملائکہ جناب جبرئیل علیہ السلام ایک نبی کی بارگاہ میںسب سے پہلے سر زمین ہند پہ آئے۔
٭سب سے پہلے اذان ہندوستان میں ہوئی۔
٭سب سے پہلی نماز بھی یہیں ہوئی،جو آپ نے قبول توبہ کے شکرانے میں ادا فرمائی۔
٭آپ نے چالیس حج اور ایک ہزار عمرے بھی اسی سرزمین ہند سے مکہ پیدل جا کر ادا فرمائے،کعبہ چوں کہ آپ کی تخلیق سے دوہزار سال پہلے فرشتوں کے ذریعے تعمیر ہوچکاتھا۔
٭جنتی اوزار:سنڈاسی،ایرن اور ہتھوڑا ہندوستان میں اتارے گئے۔
٭جنتی برگ وثمر اور خوشبوئیں یہیں اتاری گئیں۔
حضرت آدم علیہ السلام کے ساتھ انجیر کے پتّے،عجوہ کجھور،کیلا اور لیموں وغیرہ اتارے گئے تھے۔
٭فصل گل وشبنم،پیڑ پودے اور کھیتیاں سب سے پہلے اسی دھرتی پہ لہلہائیں۔
٭حضور ﷺلوگوں کو ہندوستانی جڑی بوٹی”عود ہندی“کے استعمال پر زور دیتے تھے کہ اس میں سات بیماریوں سے شفا ہے۔
٭آج بھی دواﺅں میں استعمال ہونے والی بیشتر جڑی بوٹیاں اور خوشبوئیں ہندوستان میں پیدا ہوتی ہیں۔
(فضائل ہند کی روایتیں مندرجہ ذیل کتب سے ماخوذہیں:بخاری شریف کتاب الطب ج۲ص849تا851،سنن ابی داﺅد،کتاب الطب ج۲ص541،تفسیر الدر المنثور سورئہ بقرہ ، ج۱ ، ص 110 ، 115،تفسیر مدارک شریف ج۳ص68،تفسیر روح البیان ج۱ص237۔498،تفسیر نعیمی ج۱ص290تا291،تفسیر خازن وتفسیر جمل، حاشیہ صاوی ج۱ص64، 110،حاشیہ شیخ زادہ ج۱، ص 266 ،267،420،حاشیہ جلالین ص۱۳۱،حاشیہ نمبر۲،مدارج النبوة ج۱ ص۵)

ابن ابوحاتم حضرت علی مرتضیٰ کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم سے روایت کرتے ہیں،آپ نے فرمایا:مکہ مکرمہ اور ہندوستان سارے جہاں سے اچھاہے۔(تفسیر الدرالمنثور ، ج ۶ ، ص 13 ،مطبع بیروت)یقیناباستثنائے دیار حرم اور روضہ رسول کے (کیوں کہ روضہ رسول کاوہ حصہ جہاںسرکار ﷺ کا جسم اطہر ہے وہ عرش اعظم سے بھی بہتر ہے)ہمارا ہندوستان سارے جہاں سے اچھاہے۔جہاں سے ہمارے رسول ﷺ نے بوئے وفا محسوس کی،ہندوستان کی طرف دیکھ کر ہمارے نبی ﷺ مسکرائے ہیں،خود سرکار ﷺ نے اپنی زبان فیض ترجمان سے ہندوستان کی سرزمین پر جہاد کرنے والے مجاہدین کو جنت کا مژدہ جاں فزا سنایا،ان پر جہنم کی آنچ حرام قرار دی،یہی وجہ ہے کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ ہمیشہ ہندوستان آنے کے مشتاق رہتے تھے ،ان کی تمنا تھی کہ کاش میں ہندوستان کے کسی غزوے میں شریک ہوتا،تواپنی جان اور اپنا مال خرچ کرتا۔(سنن نسائی کتاب الجہاد باب غزوة الہند،ج۲ص52)شاید انہی تمام خوبیوں کو دیکھتے ہوئے اور ان کی منظر کشی کرتے ہوئے شاعر مشرق ڈاکٹر اقبال نے کہا تھاکہ
سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا
ہم بلبلیں ہیں اس کی یہ گلستاں ہمارا
چشتی نے جس زمیں پر پیغام حق سنایا
نانک نے جس چمن میں وحدت کا گیت گایا
میرا وطن وہی ہے میرا وطن وہی ہے
تاتاریوں نے جس کو اپنا وطن بنایا
جس نے حجازیوں سے دشت عرب چھڑایا
میرا وطن وہی ہے میرا وطن وہی ہے
وحدت کی لے سنی تھی دنیا نے جس مکاں سے
میر عرب کو آئی ٹھنڈی ہوا جہاں سے
میرا وطن وہی ہے میرا وطن وہی ہے

ہندوستان کی سرزمین جہاں ان تمام تر فضائل ومناقب اور خصوصیات کی حامل ہے وہیں اس دھرتی کو خدا وندقدوس نے صحابیت کے شرف سے بھی مشرف فرمایا۔ان فضائل کے علاوہ بھی ہند کی دھرتی متعدد فضائل کی حامل ہے۔تفصیل کے لیے کتب احادیث وتاریخ کا مطالعہ کریں۔(بحوالہ:ماہنامہ کنزا لایمان،مارچ2010ئ،سلطان الہند،از:ڈاکٹر عاصم اعظمی)
Ataurrahman Noori
About the Author: Ataurrahman Noori Read More Articles by Ataurrahman Noori: 535 Articles with 675988 views M.A.,B.Ed.,MH-SET,Journalist & Pharmacist .. View More