ماہِ رمضان کا آخری جمعہ خصوصی اہمیت کا حامل

اللہ تعالیٰ نے انسان کے لئے جہاںبہت سی نعمتیں پیدا فرمائیں وہاں اپنے نائب و خلیفہ کے لئے اعداد و شمار اور کام کاج کے لئے دن رات تخلیق فرمائے ۔بعض دنوں کو دنوں پر اور بعض راتوں کو راتوں پر فضیلت بخشی ۔ راتوں میں سے نزول قرآن و آمد صاحب قرآن کی راتوں کو فضیلت و بزرگی عطا فرمائی اور دنوں میں سے یوم تخلیق آدم علیہ السلام ”جمعہ “ کو سرداری و شرف عنایت فرمایا ۔جمعہ ہفتہ کے دنوں میں سے سید الایام ہے اور اس کی وجہ تسمیہ یہ ہے کہ اس دن ابو البشر سیدنا آدم علیہ السلام کے اجزائے تخلیق جمع کئے گئے جبکہ دوسرا قول یہ ہے کہ اس دن زمانہ جاہلیت میں قریش قصی بن کلاب کے ساتھ جمع ہوتے تھے ۔زمانہ جاہلیت میں جمعہ کو” یوم العروبہ“ کہا کرتے تھے ۔اسلام میں جمعہ کے دن کا بڑا مقام اور درجہ ہے ۔یہ ہفتے کے تمام دنوں کا سردار ہے جمعہ کے دن کا خصوصی امتیاز اور شرف صرف امت محمدیہ کو عطا کیا گیا کسی اور امت کو نہیں بخشا گیا ۔

امام مسلم رحمة اللہ علیہ نے روایت نقل فرمائی ہے :رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا :” سب سے بڑا اور افضل دن جس میں سورج طلوع ہوا وہ جمعہ کا دن ہے ۔اسی دن آدم علیہ السلام کی تخلیق ہوئی اور اسی دن وہ جنت میں داخل کئے گئے ۔“امام حاکم اور امام ابن حبان نے اپنی اپنی صحیح میں یہ حدیث ذکر کی ہے کہ حضرت اوس بن اوس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا :” سب سے افضل دن جمعہ ہے اسی دن آدم علیہ السلام تخلیق کئے گئے اور اسی دن فوت ہوئے ۔اسی دن صورپھونکا جائے گا۔ اسی دن قیامت قائم ہو گی ۔اسی دن مجھ پر درود بکثرت پڑھا کرو کیونکہ تمہارا درود شریف مجھ پرپیش کیا جاتا ہے ۔صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا :یا رسول اللہ ﷺ آپ پر درود شریف کیسے پیش کیا جائے گا۔ حالانکہ آپ فوت ہو چکے ہوں گے ۔آپ ﷺ نے فرمایا :” اللہ تعالیٰ نے زمین پر اجساد انبیاءکو کھانا حرام کر دیا ہے ۔“ (شرح مسلم للسعیدی ، جلد دوم صفحہ621)اس حدیث میں جمعہ کے دن کی فضیلت اور کثرت درود کا جس جگہ بیان ہوا اس کے ساتھ یہ مسئلہ بھی ثابت ہو ا کہ اللہ تعالیٰ کے تمام پیارے انبیاءعلیہم السلام زندہ ہیں۔خصوصاً سید الانبیاءحضرت احمد مجتبیٰ محمد مصطفےٰ ﷺ بھی زندہ و جاوید ہیں ۔

یہ تو عام جمعة المبارک کی فضیلتیں ہیں تو رمضان المبارک کے جمعة المبارک کی کیا شان ہو گی اورپھر رمضان المبارک کے جمعة الوداع تو سب پر فضیلت و برتری پا جاتا ہے ۔رمضان المبارک کا آخری جمعہ اس لحاظ سے بھی خصوصی اہمیت کا حامل ہے کہ اب ان ایام کے الوداع ہونے کا وقت آگیا جن میں مسلمانوں کے لئے عبادات کا ثواب کئی گنا بڑھا دیا گیا تھا۔اس اعتبار سے رمضان المبارک کے جمعہ کا اجر و ثواب بھی بہت زیادہ ہے ۔پھر اس جمعة الوداع کا معاملہ تو یہ ہے کہ مومن سو چتا ہے کہ اب آئندہ سال تک ایسا فضیلت او ربرکت والا جمعہ نہیں آئے گا ۔یہی وجہ ہے کہ عامة المسلمین جمعة الوداع کو بڑے اہتمام اور بڑے ذوق و شوق سے ادا کرتے ہیں ۔ملک و قوم کی بھلائی اور ترقی کے لئے خصوصی دعائیں مانگتے ہیں اور اجتماعی طور پر اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں عرض کرتے ہیں کہ وہ اپنے فضل خاص اور رحمت سے ماہ رمضان کی عبادات قبول فرمائے اور ان کو اجر و ثواب سے نوازے ۔
Ataurrahman Noori
About the Author: Ataurrahman Noori Read More Articles by Ataurrahman Noori: 535 Articles with 675154 views M.A.,B.Ed.,MH-SET,Journalist & Pharmacist .. View More