ایشور کا درشن

ایک گاؤں میں ایک گھمنڈی آدمی رہتاتھا۔ایک دن وہ ایک سادھوکے پاس گیا اور کہا کہ :’’ سادھو مہاراج ! میں ایشور کا درشن کرنا چاہتا ہوں ، مجھے ایشور کیسے ملے گا؟‘‘

سادھو بہت گیانی اور تجربے کار تھا، اُسے اُس آدمی کے بارے میں پہلے سے معلوم تھا کہ وہ کیسا ہے؟ اُس نے اُس کی بات سنی اور کہا کہ:’’ میں تمہاری یہ خواہش پوری کردوں گا لیکن تم کو میرا ایک کام کرنا پڑے گا۔‘‘

’’کیا؟‘‘گھمنڈی آدمی نے فوراً پوچھا۔ سادھو نے کہا:’’ میرے پاس بڑا ٹوکرا ہے اس کو اپنے سر پر رکھ کر تمہیں سامنے کی پہاڑی پر میرے ساتھ چڑھنا ہوگا وہاں پہنچ کر مَیں تمہیں ایشور کا درشن کرادوں گا۔ ‘‘

اُس گھمنڈی آدمی نے خوشی خوشی سادھو کی بات سُنی اور اپنے گھر چلا گیا۔ دوسرے دن صبح سویرے جب وہ سادھو کے پاس آیا تو سادھو اپنے سامنے ایک بڑا ساٹوکرا رکھے ہوئے اس کا انتظار کررہاتھا ۔ سادھو کے کہنے کے مطابق اس نے وہ ٹوکرا اٹھایا اور اپنے سر پر رکھ کر دونوں پہاڑی کی طرف بڑھنے لگے۔ پہاڑی کے دامن تک پہنچتے ہوئے اس آدمی کے دل میں امنگ تھی لیکن جیسے ہی پہاڑی کے اوپر چڑھنا شروع کیا تو اسے تھکن ہونا شروع ہوگئی ۔ اس آدمی نے سادھو سے کہا:’’ خوب وزن پڑرہا ہے مجھے ٹھیک طور پر چڑھنے میں تکلیف ہورہی ہے۔‘‘

سادھو نے کہا :’’ ٹھیک ہے! اس ٹوکرے میں پانچ پتھر ہیں ، اُس میں سے ایک پھینک دو۔‘‘

گھمنڈی آدمی نے ایک پتھر پھینک دیا ۔ ٹوکرا تھوڑا ہلکا ہوگیا ۔ اس کو سر پر رکھے ہوئے وہ پھر پہاڑی پر چڑھنے لگا۔ دوبارہ تھوڑی اوپر چڑھنے کے بعد پھر وہ ہانپنے لگا اور سادھو سے کہنے لگا:’’ خوب وزن پڑرہا ہے مجھے ٹھیک طور پر چڑھنے میں تکلیف ہورہی ہے۔‘‘سادھو نے ایک اور پتھر پھینکنے کے لیے کہا، اس کے بعد تیسرا … چوتھا اور آخر میں پانچواں پتھر بھی پھینک دیا۔اور ہلکا پھلکا ٹوکرا لے کر وہ گھمنڈی آدمی پہاڑی پر پہنچ گیا۔

جب دونوں اوپر پہنچ گئے تو اس نے سادھو سے کہا ’’ مہاراج! کہاں ہے ایشور ؟ اب جلدی سے مجھے ایشور کا درشن کراؤ ۔‘‘

سادھو اس کی طرف دیکھتے ہوئے بولا:’’ بے وقوف آدمی ! پانچ پتھروں کا ٹوکرا تو پہاڑی پرنہیں لاسکا۔ لیکن اپنے دل میں کینہ، بغض، حسد، غرور، تکبر ، جھوٹ اور گھمنڈ جیسے بڑے بڑے پتھررکھ کر ایشور کے درشن کی خواہش کرتا ہے۔ جس طرح پتھروں کو پھینکے بغیر تو پہاڑی پر نہیں چڑھ سکا۔اسی طرح اپنے دل سے برائیوں کے پتھروں کوپھینکے بغیر کبھی بھی ایشور کا درشن نہیں پاسکتا ۔
Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi
About the Author: Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi Read More Articles by Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi: 409 Articles with 646853 views

Dr.Muhammed Husain Mushahid Razvi

Date of Birth 01/06/1979
Diploma in Education M.A. UGC-NET + Ph.D. Topic of Ph.D
"Mufti e A
.. View More