پاکستان:’یو ٹیوب‘ پر عائد پابندی ختم

پاکستانی حکام نے توہین آمیز ویڈیو کلپ ہٹائے جانے کے بعد انٹر نیٹ کی مقبول ترین ویڈیو سائٹس میں سے ایک ’یو ٹیوب‘ پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی ترجمان نبیہہ محمود کا کہنا ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ یو ٹیوب تک پاکستانی صارفین کی رسائی بحال کر دیں۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ پابندی اس لیے اٹھائی گئی ہے کیونکہ یو ٹیوب نے اس توہین آمیز کلپ تک رسائی ناممکن بنا دی ہے۔

پاکستان نے ملک بھر میں یو ٹیوب تک رسائی پر بندش لگا دی تھی اور انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے ادارے سے کہا تھا کہ وہ اس سائٹ کو بلاک کر دے کیونکہ اس پر کچھ ایسا مواد موجود ہے جو اسلام کے منافی ہے۔ اس پابندی کی ممکنہ وجہ ویب سائٹ پر ہالینڈ کے فلم ساز کی فلم کا وہ’ٹریلر‘ تھا جس میں اسلام کو مبینہ طور پر منفی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

اس بندش کی کوشش کے دوران ’یو ٹیوب‘ اتوار کو ایک گھنٹے سے زیادہ دیر تک پوری دنیا میں بند رہی تھی اور بی بی سی نیوز کو معلوم ہوا تھا کہ یو ٹیوب کے پوری دنیا میں بند ہونے کا تعلق یقینی طور پر پاکستان ٹیلی کام اور ایشین انٹر نیٹ سروس پروائڈر یا انٹر نیٹ کی سہولت فراہم کرنے والے ایشائی ادارے ’پی سی سی ڈبلیو‘ سے تھا۔

یوٹیوب کی اس بندش کو اس وقت کھولا گیا جب پی سی سی ڈبلیو کو یو ٹیوب کے انجینیئروں نے اس صورت حال سے آگاہ کیا۔

آئی پی ہائی جیکنگ کا مطلب ہوتا ہے کہ سائٹ کا مخصوص ایڈرس یا پتہ حاصل کرکے اس میں روٹنگ یا راستے کے درج ٹیبلز میں ردوبدل کر دی جائے اور اسی سے پوری دنیا میں معلومات یا ڈیٹا کا بھاؤ ممکن ہوتا ہے۔

یوٹیوب اور پی سی سی ڈیبلو کی طرف سے فوری طور پر اس پر تبصرہ کرنے کے لیے کوئی نہیں مل سکا۔

YOU MAY ALSO LIKE: