پیر : جس کام کیلئے آپ نے سرکاری
شخصیت کو ایزی لوڈ کیا تھا وہ کام اس ہفتے ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا حالانکہ
آپ سے اس سے ایزی لوڈ میں بھی کمیشن لیا گیا تھا - لیٹرینوں کے ٹھیکے میں
آپ کو نقصان ہوتا ہوا نظر آرہا ہے کیونکہ صفائی کرنے والا بھاگ جائیگا اس
لئے اس کاروبار کو ختم کرلیں تو اچھا ہوگا آپ نے اپنے گائوں کے جس رشتہ دار
کو سرکاری ہسپتال میں داخل کیا ہے اگلے ہفتے تک اس کی بیماری کی تشخیص ہو
جائیگی نرس نے غلطی سے آپ کے گائوں کے مریض کی رپورٹ کسی اور کو دی ہیں اس
لئیاس ہفتے ٹسٹ ملنے کا امکان ہے تھوڑے سے خرچہ پانی سے آپ کا مسئلہ حل
ہوسکتا ہے ہاں اس دوران گائوں والا مریض ہسپتال میں پڑے پڑے نئے بیماری کا
شکار ہو جائیگا-سسرالی مریض کوآپ نے جس پرائیویٹ ہسپتال میں داخل کروایا ہے
اس کی بلوں کی ادائیگی بھی آپ کو کرنی ہے اور امکان ہے کہ اس ہفتے آپ کے
جیب پر اضافی اخراجات پڑیں گے اور آنیوالا ہفتہ آپ کیلئے نئے مسائل پیدا
کرنے کا باعث بنے گا-
منگل : آج کا دن آپ کیلئے مشکلات پیدا ہوسکتی ہے آپ بجلی اور گیس چوری سے
جس فیکٹری کو چلا رہے ہیں اس میں بھی دو نمبر ادویات بن رہی ہیں گذشتہ ہفتے
آپ نے ہفتے بھر کا خرچہ اور حصہ داری اپنے متعلقہ پولیس سٹیشن کو نہیں
پہنچائی اس لئے آپ کے گھر پربھی چھاپہ لگنے کا امکان ہے جس میں آپ کے بھاگ
جانے اور آپ کے مہمان پکڑے جانے کا خدشہ ہے اور ان کی چھترول کا امکان ہے
لیکن آپ جس کاروبار سے وابستہ ہے اس میں عزت آنی جانی چیز ہے سو دل چھوٹا
مت کریں اگر پھر بھی آزمائشوں سے ڈر لگتا ہے تو مال حرام میں خیرات کریں
اور یہ خیرات ان لوگوں کو کھلائیں جو کھائیں بھی اور کھانے کے بعد بدمعاشی
بھی کرے یعنی صحافیوں اور پولیس والوں کو امکان ہے اس کی وجہ سے آپ کا ہفتہ
اچھا گزرے گا-
بدھ:سڑک کے جس کنارے پر آپ بیٹھ کر بھیک مانگ رہے ہیں اس ہفتے اس پر نئے
ٹھیکیدار کی آمد متوقع ہے آپ کا ریٹ کم ہے جبکہ نئے آنیوالا بھیک منگوں کا
ٹھیکیدار زیادہ پیسے دے رہا ہے اس لئے آپ کیلئے بازار میں مسائل پیدا
کرسکتا ہے آپ اپنے اپنے جعلی بنائی لنگڑی پائوں کا خاص خیال کرنا ہے کیونکہ
لگ رہا ہے کہ نیا ٹھیکیدار لوگوں کے سامنے آپ کے پول کھول دے گا اور ستاروں
کی چال سے اندازہ ہورہا ہے کہ محلے اور بازار میں آپ کی دھنائی کر کے حقیقی
طور پر آپ کو لنگڑا کردینگے جس جگہ پر آپ بیٹھے ہیں وہاں سے بھی مال نکلنے
کا امکان ہے اس لئے کوشش کریں کہ جلدی سے یہاں سے کہیں اور جا کر ٹھکانہ
بنالیں کیونکہ لنگڑے پائوں اور لاکھوں رروپے کی حفاظت ایک ساتھ نہیں ہوسکتی
-
جمعرات :اس ہفتے رشتہ ہونا مشکل نظر آرہا ہے آپ جوے کے کاروبار سے وابستہ
ہیں اور پھر بھی اپنے آپ کو محلے میں بہت شریف النفس بنایا ہوا ہے چونکہ آپ
کا اس ہفتے رشتہ ہورہا ہے ا س لئے ایزی لوڈ یعنی غیر نصابی سرگرمیوں سے دور
رہیں لڑکی والے اس ہفتے آپ کے کسی پرانے دوست کیساتھ ملیں گے جو آپ کے سارے
کرتوت انہیں بتا سکتے ہیں - آپ کی بدقسمتی کہ چوری کی مرغی جو آپ اور آپ کے
دوستوں نے پکائی تھی کا قصہ بھی آپ کے سسرال والوں کو پتہ لگنے کا امکان ہے
جس کے باعث امکان ہے کہ رشتہ بھی نہ ہو - ستاروں کی چال بتا رہی ہے کہ جو
قرضہ آپ نے محلے کی دکاندار سے لیا تھا اور اب اس پر بدمعاشی کرکے نہیں دے
رہے تھے وہی دکاندار محلے میں آپ کا منہ کالے کرکے گدھے پر چکربھی لگوائے
گا اگر ان تمام حالات سے بچنا ہے تو ہفتہ رفتہ بتانے والے بابا کو ایزی لوڈ
کردیں-
جمعہ : ستاروں کی چال بتا رہی ہے کہ گذشتہ دو جمعے آپ نے نماز نہیں پڑھی اس
لئے پہلے تو باقاعدہ نہا کر نماز پڑھیں اور عہد کریں کہ مسجدوں سے جوتے
چرانے کا کام بھی نہیں کرنا دو ہفتے قبل آپ کیلئے اسی کالم میں ہدایت کی
تھی کہ مسجد سے جوتے چراتے ہوئے پکڑے جانے کا خدشہ ہے لیکن آپ نہیں مانے
اور مسجد آنیوالے مسلمانوں نے جو حال آپ کا کیا ہے وہ تو سب کو پتہ ہے تاہم
اب صحیح معنوں میں جمعہ کی نماز کیلئے جایا کریں اور مسجدوں کے جوتے چرانے
کا سلسلہ بند کردیں آپ پر منحوسیت کا دائرہ ختم ہوتا دکھائی دے رہا ہے دودھ
کا جو کاروبار آپ نے شہر کے باہر کے نالے کیساتھ شروع کیا ہے اس میں پانی
ڈالتے ہوئے احتیاط کریں اس ہفتہ دودھ سے مینڈک نکلنے کا خدشہ ہے -
ہفتہ :جن لوگوں کی ڈیوٹی شہر کے مختلف چوراہوں پر عوام کی سیکورٹی کیلئے ہے
ان کیلئے خوشخبر ی ہے کہ اس ہفتے افغان مہاجرین زیادہ آپ کے ہاتھ لگنے کا
امکان ہے اور پیداگیری زیادہ ہوگی لیکن آپ نے سنبھل کر شوڑا ماری نہیں کی
تو آپ سے حصہ لینے والا افسر چھاپہ مار کر ٹی وی کے سکرینوں پر اپنے آپ کو
ہیرو بناسکتا ہے آپ کے ستارے بتا رہے ہیں کہ محلے میں پانچ سال بعد کسی
ممبر اسمبلی کی آمد متوقع ہے جس کیلئے آپ کو دیگر لوگوں کیساتھ گندے ٹماٹر
اور گندے انڈے جمع کرنا ہونگے دوسری صورت میں محلے کے لوگ ممبراسمبلی
کیساتھ ساتھ آپ کا بھی بھرکس نکال سکتے ہیں
اتوار : آج آرام کا دن ہے سرکار تو ویسے بھی سات دنوں میں کچھ نہیں کرتی اس
لئے آپ کے ستارے اس ہفتے یہ بتارہے ہیں کہ اگر آپ کام نہیں کرینگے توکوئی
قیامت نہیں آئیگی کام تو ویسے بھی لوگ گدھوں کی طرح کرتے ہیں ہے آپ بھی
اتوار کے روز کام نہ کریں اور کسی چیز میں اپنے آپ کو ہلکان نہ کریں کھانے
پینے نہانے دھونے سمیت گھر کا سودا سلف لانے سے چھٹی کریں - |