مومن ایک آنت سے کھاتا ہے اور کافر سات آنت سے

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک کافر مہمان ہوا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک بکری کے دوہنے کا حکم دیا، اسے دوہا گیا اور اس کا دودھ اسے پلا دیا گیا، پھر دوسری کا دوہا گیا اور پلایا گیا، یہاں تک کہ سات بکریوں کا دودھ پی گیا۔ پھر وہ شخص صبح کو اسلام لے آیا۔ (صبح کو) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا کہ بکری کودوہا جائے، چنانچہ اس کادودھ دوہا گیا اور پلایا گیا پھر دوسری بکری کادودھ دوہا گیا مگر اس کا دودھ نہ پی سکا (پیٹ بھر گیا) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا مومن ایک آنت سے کھاتا ہے اور کافر سات آنت سے۔ (ترغیب جلد 3، صفحہ 136، ترمذی جلد 2، صفحہ 45)

مومن کم کھاتا ہے
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا دوکا کھانا تین کو، اور تین کا کھانا چار کو کافی ہو جاتا ہے۔ (بخاری ، جلد 2، صفحہ 812)
حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ایک (مومن) کا کھانا دوکو اور دو کا چار کو اور چار کا آٹھ کو کافی ہو جاتاہے۔ (ابن ماجہ 2، صفحہ 231، مسلم)
ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ساتھ کھاﺅ، الگ الگ مت کھاﺅ کہ ایک کا کھانا دو کو کافی ہو جاتاہے۔ (عینی جلد 21،صفحہ 40)

آخر میں میٹھا کھانا
حضرت عکراش بن ذویب رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ثرید کھایا جس میں چربی کی بڑی چکناہٹ تھی، پھر اس کے بعد کھجور نوش فرمائی(ترمذی، ابن ماجہ، جلد 2، صفحہ 235)

کھانے پینے کی چیزوں میں مکھی گر جائے
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جب مکھی تمہارے پینے (کھانے ) میں گر جائے تو اسے ڈبو دو، اس کے ایک بازو میں بیماری ہے، دوسرے میں شفاءہے۔ (بخاری، ابوداﺅد، سیرة خیرالعباد، جلد 7، صفحہ 276)

ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جب مکھی تمہارے برتن میں گر جائے تو اسے ڈبودو، اس کے ایک بازو میں زہر ہے اور دوسرے بازو میں شفاءہے، وہ زہروالے بازو کو آگے بڑھاتی ہے اور شفاءوالے کو پیچھے رکھتی ہے۔ (نسائی)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ جب مکھی برتن میں گر جائے تو اسے غوطہ دے دو، اس کے ایک بازو میں مرض دوسرے میں شفاءہے، وہ اسی بازو کو ڈالتی ہے، جس میں مرض ہوتاہے، تو تم پورے کو غوطہ دے دو، پھر نکال دو۔ (ابوداﺅد)
Jaleel Ahmed
About the Author: Jaleel Ahmed Read More Articles by Jaleel Ahmed: 383 Articles with 1217555 views Mien aik baat clear karna chahta hoon k mery zeyata tar article Ubqari.org se hoty hain mera Ubqari se koi barayrast koi taluk nahi. Ubqari se baray r.. View More